اجتماعی حوالے سے نفع پہنچانے کی صورتیں
اجتماعی حوالے سے نفع پہنچانے کی صورتیں
اجتماعی حوالے سے نفع پہنچانا فردِ واحد کو نفع پہنچانے سے زیادہ اہم ہے مثلاً پانی کا کنواں کھدوانا، پانی کی سبیل لگانا، مسافروں کے لئے سرایا (مسافر خانہ) بنوانا، پُل بنوانا، رات کے وقت گلی میں بلب روشن رکھنا تاکہ راہ گیروں کو سہولت رہے ، غریبوں کے لئے لنگر کا انتظام کرنا ، راستہ سے تکلیف دہ چیز (مثلاً کیل ، پتھر ، ہڈی ، لوہا)
ہٹادینا، یہ وہ کام ہیں جن کوکرنے سے کئی مسلمانوں کو فائدہ پہنچتا ہے ۔جہاں یہ تمام کام دیگرلوگوں کے لئے نفع بخش ہیں وہیں نفع پہنچانے والا بھی اچھی اچھی نیتیں کرکے ثواب کما سکتاہے ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانے کی فضیلت
حضرتِ سیدنا ابوذر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلّم نے اِرشاد فرمایا : مجھ پر میری اُمت کے اعمال پیش کئے گئے تو میں نے اچھے اعمال میں راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹانا پایا۔(مسلم، کتاب المساجد، باب النھی عن البصاق فی المسجد، ص۲۷۹حدیث:۵۵۳)
(حکایت: 51)
کانٹے دارشاخ مغفرت کا سبب بن گئی
خاتَمُ الْمُرْسَلین، رَحمَۃٌ لِّلْعٰلمین صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : ایک شخص جس نے کبھی کوئی نیک عمل نہیں کیا تھا راستے سے کانٹے دار شاخ کو ہٹادیااللّٰہ عَزَّوَجَلَّکو اس کا یہ عمل پسند آیا اور اس کی مغفرت فرمادی۔(ابوداؤد، کتاب الادب، باب فی اماطۃ الاذی عن الطریق، ۴/ ۴۶۲)
اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں اپنی ذات سے دوسرے مسلمانوں کو نفع پہنچانے کی زیادہ سے زیادہ توفیق عطا فرمائے ۔ٰ امین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد