اسلاماعمالمسائل

نماز کے مکروہات کیا کیا ہیں

نماز کے مکروہات کا بیان

مسئلہ۱: کپڑے یا بدن یا داڑھی کے ساتھ کھیلنا مکروہ تحریمی ( 1) ہے۔ کپڑا سمیٹنا جیسے سجدہ میں جاتے وقت آگے یا پیچھے سے اُٹھا لینا اگرچہ گرد سے بچانے کے لیے ہو مکروہ تحریمی ہے اور بلا وجہ ہو تو اور زیادہ مکروہ ہے۔ کپڑا لٹکاناجیسے سر یا مونڈھے پر اِس طرح ڈالنا کہ دونوں کنارے لٹکتے ہوں مکروہ تحریمی ہے۔
مسئلہ۲: اگر کُرتے وغیرہ کی آستین میں ہاتھ نہ ڈالے بلکہ پیٹھ کی طرف پھینک دے تو یہ بھی مکروہ تحریمی ہے۔ (درمختار)

نماز میں کپڑا لٹکانے کا حکم

مسئلہ۳: کاندھے پر اس طرح رومال ڈالنا کہ ایک کنارہ پیٹ پر لٹکتا ہو اور دوسرا پیٹھ پر یہ مکروہ تحریمی ہے۔
مسئلہ۴: رضائی یا چادر یا شال (2 ) کے کنارے دونوں مونڈھوں سے لٹکتے ہوں یہ ممنوع و مکروہ تحریمی ہے، ہاں اگر ایک کنارہ دوسرے مونڈھے پر ہو اور دوسرا لٹک رہا ہے تو حرج نہیں ۔ (درمختار وردالمحتار )
مسئلہ۵: کوئی آستین آدھی کلائی سے زیادہ چڑھی ہوئی یا دامن سمیٹے نماز پڑھنا مکروہ ِتحریمی ہے چاہے پہلے سے چڑھی ہو یا نماز میں چڑھائی۔ (درمختار)
مسئلہ۶: مرد کو جوڑاباندھے ہوئے نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے اور اگر نماز میں جوڑا
باندھے تو نماز فاسد ہوجائے گی۔
مسئلہ۷: کنکریاں ہٹانا مکروہ تحریمی ہے لیکن اگر سنت کے طور پر سجدہ نہ ادا ہوتا ہو تو ایک بار ہٹا سکتاہے اور اگر بغیر ہٹائے واجب نہ ادا ہوتا ہو تو ہٹانا واجب ہے، چاہے کئی بار ہٹانا پڑے۔
(درمختار وردالمحتار )

نماز میں اُنگلی چٹکانے کا حکم

مسئلہ۸: اُنگلیاں چٹکانا (1 ) ، انگلیوں کی قینچی باندھنا یعنی ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالنا مکروہ تحریمی ہے۔ (درمختار وغیرہ)
مسئلہ۹: نماز کے لیے جاتے وقت اور نماز کے انتظار میں بھی یہ دونوں چیزیں مکروہ ہیں ۔

کمر پر ہاتھ رکھنے کا حکم

کمر پر ہاتھ رکھنا مکروہِ تحریمی ہے نماز کے علاوہ بھی کمر پر ہاتھ رکھنا نہ چاہیے۔ (درمختار)
مسئلہ۱۰: اِدھر اُدھر منہ پھیرکر دیکھنا مکروہِ تحریمی ہے، چاہے تھوڑا ہی منہ پھیرا ہو۔ اگر منہ نہ پھیرے صرف کنکھیوں سے ( 2) اِدھراُدھر بلا حاجت دیکھے تو کراہت تنزیہی ہے اور نادراً کسی غرض صحیح سے ہو تو اصلاًحرج نہیں ، آسمان کی طرف نگاہ اُٹھانا بھی مکروہِ تحریمی ہے۔
مسئلہ۱۱: تشہد یا سجدوں کے درمیا ن کتے کی طرح بیٹھنا (یعنی دونوں گھٹنوں کو سینے سے ملا کر ہاتھ کو زمین پر رکھ کر چوتڑ کے بل بیٹھنا) ، مرد کا سجدے میں کلائیوں کو بچھانا، کسی شخص کے منہ کے سامنے نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔
مسئلہ۱۲: کپڑے میں اس طرح لپٹ جانا کہ ہاتھ بھی باہر نہ ہو مکروہ ِتحریمی ہے یوں بھی بے ضرورت اس طرح لپٹنا نہ چاہیے اورخطرہ کی جگہ تو سخت ممنوع ہے، یوں ہی ناک، منہ چھپانا بھی مکروہِ تحریمی ہے۔

________________________________
1 – مکروہِ تحریمی: وہ ہے جس کے کرنے سے عبادت ناقص ہوجاتی ہے اور کرنے والا گنہگار ہوتا ہے لیکن حرام سے کم ۔ (۱۲منہ)
2 – اُون کی چادر

________________________________
1 – انگلیاں چٹخانا ،انگلیوں کی آواز پے در پے نکالنا.
2 – آنکھوں کے کناروں سے۔

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!