Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.

قیامت آنے کا حال اور اس کی نشانیاں

قیامت آنے کا حال اور اس کی نشانیاں

ایک دن تمام دنیا انسان حیوان جن فرشتے زمین آسمان اور جو کچھ ان میں ہے سب فنا ہو جائیں گے اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کے سوا کچھ باقی نہ رہے گا، اِسی کو قیامت آنا کہتے ہیں ۔قیامت آنے سے پہلے کچھ قیامت کی نشانیاں ظاہر ہوں گی،جن میں سے تھوڑی سی ہم یہاں لکھتے ہیں ۔
{۱} خسف یعنی تین جگہ آدمی زمین میں دھنس جائیں گے،پورب ( 1) میں پچھم (2 ) میں اور عرب میں ۔
{۲} علم دین اُٹھ جائے گا، یعنی علماء اُٹھالیے جائیں گے۔
{۳} جہالت کی کثرت ہوگی۔
{۴} شراب اور زنا کی زیادتی ہوگی اور اس بے حیائی کے ساتھ کہ جیسے گدھے جوڑا کھاتے ہیں ۔ ( 3)
{۵} مرد کم ہوں گے عورتیں زیادہ ہوں گی یہاں تک کہ ایک مرد کی سرپرستی میں پچاس عورتیں ہوں گی۔
{۶} مال کی زیادتی ہوگی۔
{۷} عرب میں کھیتی اور باغ اور نہریں ہوجائیں گی، نہر فرات (4 ) اپنے خزانے کھول دے گی اور وہ سونے کے پہاڑ ہوں گے ۔
{۸} مرد اپنی عورت کے کہنے میں ہوگا، ماں باپ کی نہ سنے گا، دوستوں سے میل جول رہے گا اور ماں باپ سے جدائی۔
{۹} گانے بجانے کی کثرت ہوگی۔
{۱۰} اگلوں پر لوگ لعنت کریں گے اُن کو برا کہیں گے۔
{۱۱} بدکار اور نااہل سردار بنائے جائیں گے۔
{۱۲} ذلیل لوگ جن کے تن کو کپڑا نہ ملتا تھا وہ بڑے بڑے محلوں پر اِتر ائیں گے۔
{۱۳} مسجد میں لوگ چلائیں گے۔
{۱۴} اسلام پر قائم رہنا اتنا کٹھن ہوگا جیسے مٹھی میں انگارا لینا یہاں تک کہ آدمی قبرستان میں جا کر تمنا کرے گا کہ کاش میں اس قبر میں ہوتا۔
{۱۵} وقت میں برکت نہ ہوگی یہاں تک کہ سال مثل مہینہ کے اور مہینہ مثل ہفتہ کے اور ہفتہ مثل دن کے اور دن ایسا ہوجائے گا جیسے کسی چیز کو آگ لگی اور جلد بھڑک کر ختم ہوگئی یعنی وقت بہت جلد جلد گزرے گا۔
{۱۶} درندے، جانور آدمی سے بات کریں گے کوڑے کی نوک جوتے کا تسمہ بولے گا، جو کچھ گھرمیں ہوا بتائے گا، بلکہ آدمی کی ران اُسے خبر دے گی۔
{۱۷} سورج پچھم (1 ) سے نکلے گااس نشانی کے ظاہر ہوتے ہی توبہ کا دروازہ بند ہوجائے گا، اُس وقت میں اسلام لانا قبول نہ ہوگا۔
{۱۸} علاوہ بڑے دَجال کے تیس دَجال اور ہوں گے جو سب نبی ہونے کا دعویٰ کریں گے حالانکہ نبوت ختم ہوچکی ، ہمارے نبی محمدرسول اللّٰہصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کے بعد کوئی نبی نہ ہوگا اِن دَجالوں میں بہت سے گزر چکے جیسے مسیلمہ کذاب، طلیحہ بن خویلد، اسود عنسی، سجاح، مرزا علی محمد باب، مرزا علی حسین بہاء اللہ، مرزا غلام احمد قادیانی وغیرہ اور جو باقی ہیں ضرور ہوں گے۔

________________________________
1 – مشرق
2 – مغرب
3 – جفتی کرتے ہیں۔
4 – عراق میں واقع ایک نہر

________________________________
1 – سورج کا پچھم سے نکلنا اس کی کیفیت یہ ہے کہ قیامت کے قریب حسب دستور سورج دربارِ الٰہی میں سجدہ کر کے پورب سے نکلنے کی اجازت مانگے گا اجازت نہ ملے گی اورحکم ہوگا کہ واپس جا تب سورج پچھم سے نکلے گا اور آدھے آسمان تک آکر لوٹ جائے گا اور پچھم میں ڈوبے گا اس کے بعد روزانہ پہلے کی طرح پورب سے نکلا کرے گایعنی صرف ایک بار پچھم سے نکلے گا۔۱۲ (منہ)

error: Content is protected !!