مَا شَاءَ اللہُ کَانَ کہنے پر انعام
حکایت نمبر299: مَا شَاءَ اللہُ کَانَ کہنے پر انعام
حضرت سیِّدُنا ابو بَکْر بن زَیَّات رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے منقول ہے کہ”ایک شخص حضرت سیِّدُنا مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی کی خدمت میں حاضر ہوا اورکہا: ”حضور!آج صبح ہمارے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ، میں سب سے پہلے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے پاس یہ خبر لے کر آیا ہوں تاکہ آپ کی برکت سے ہمارے گھرمیں خیر نازل ہو ۔” حضرت سیِّدُنا مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی نے فرمایا: ”اللہ عَزَّوَجَلَّ تمہیں اپنے حفظ وامان میں رکھے ۔یہاں بیٹھ جاؤ اورسو مرتبہ یہ الفاظ کہو:”مَا شَاءَ اللہُ کَانَ یعنی اللہ عَزَّوَجَلَّ نے جو چاہا وہی ہوا۔ ”اس نے سو مرتبہ یہ الفاظ دہرائے ۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:” دوبارہ یہی الفاظ کہو ۔” اس نے سو مرتبہ پھر وہی الفاظ دہرائے ۔آپ نے فرمایا:”پھر وہی الفاظ دہراؤ۔” اس طرح پانچ مرتبہ اس کو حکم دیا ۔ چنانچہ، اس نے پانچ سو مرتبہ وہ الفاظ دہرائے۔ اتنے میں وزیر کی والدہ اُمِّ جَعْفَر کا خادم ایک خط اورتھیلی لے کر حاضر ہوا اورکہا: ”اے مَعْرُوف کَرْخِی علیہ رحمۃ اللہ القوی! اُمِّ جَعْفَر آپ کو سلام کہتی ہے ، اس نے یہ تھیلی آپ کی خدمت میں بھجوائی ہے اورکہا ہے کہ غرباء و مساکین میں یہ رقم تقسیم فرما دیں۔”
یہ سن کر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے قاصد سے فرمایا:” رقم کی تھیلی اس شخص کو دے دو، اس کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔ ‘ ‘ قاصد نے کہا :” یہ پانچ سو (500)درہم ہیں،کیا سب اسے دے دوں ؟” فرمایا:”ہاں !ساری رقم اسے دے دو۔اس نے پانچ سو مرتبہ ”مَا شَاءَ اللہُ کَانَ” کہا تھا۔”پھراس شخص کی طرف متوجہ ہوئے اورفرمایا”: یہ پانچ سو درہم تمہیں مُبَارَک ہوں، اگر اس سے زیادہ مرتبہ کہتے تو ہم بھی اتنی ہی مقدار مزید بڑھا دیتے ۔جاؤ !یہ رقم اپنے اہل وعیال پر خرچ کرو۔”
( میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اولیائے کرام کے بتائے ہوئے اوراد ووظائف اوراللہ عَزَّوَجَلَّ کے صفاتی اسماء کی بھی بہت زیادہ برکات ہیں۔ان کا ورد کرنے سے جہاں نیکیوں کا بیش بَہا خزانہ ملتا ہے وہیں دنیوی مسائل بھی حل ہوتے ہیں۔ بانئدعوت اسلامی،امیرِاہلسنت ابو بلال حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطارؔ قادری دامت بر کاتہم العالیہ نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خوشنودی کے لئے مسلمانوں کی خیر خواہی کے عظیم جذبے کے تحت اللہ عَزَّوَجَلَّ کے بعض صفاتی ناموں کی برکتوں پرمشتمل ”چالیس (40)روحانی علاج” نامی رسالہ مرَتَّب فرمایا ہے۔ جسے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃالمدینہ نے شائع کیا ہے۔ اس رسالے میں ہمارے مسائل کا روحانی علاج بتایا گیا ہے۔ چند روحانی علاج درج ذیل ہیں: ”(1)۔۔۔۔۔۔یَا حَکِیْمُ: جو کو ئی روزانہ پانچوں نمازوں کے بعد اسّی (80) بار پڑھے کسی کا محتاج نہ ہو۔(2)۔۔۔۔۔۔یَا قَابِضُ:جو کوئی ہر روز تیس(30) بار پڑھے وہ دشمن پر فتح پائے۔ (3)۔۔۔۔۔۔یَا مُحْیِی: سات بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیجئے، گیس ہو یا پیٹ یا کسی بھی جگہ درد ہو یا کسی عُضو کے ضائع ہو
جانے کا خوف ہو اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ فائدہ ہو گا اور (4)۔۔۔۔۔۔ یَا مُمِیْتُ: سات با رپڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کیجئے اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ جادو اثر نہیں کریگا۔)