اسلام

وسیلہ کی قسمیں اوران کی پہچان

 الف: جہاں وسیلہ کاانکار ہے وہاں بتو ں کا وسیلہ یا کفار کے لئے وسیلہ مراد ہے ۔ یا وہ وسیلہ مراد ہے جس کی پوجا پاٹ کی جاوے ۔
    ب:جہاں وسیلہ کا ثبوت ہے ، وہاں رب کے پیاروں کا وسیلہ یا مومنوں کے لیے وسیلہ مراد ہے تا کہ آیتوں میں تعارض واقع نہ ہو۔
” الف” کی مثال یہ ہے:
مَا نَعْبُدُہُمْ اِلَّا لِیُقَرِّبُوۡنَاۤ اِلَی اللہِ زُلْفٰی
نہیں پوجتے ہیں ہم ان بتوں کو مگر اس لئے تا کہ وہ ہمیں خدا سے قریب کردیں۔(پ23،الزمر:3)
    اس سے معلوم ہو اکہ مشرکین عرب اپنے بتو ں کو جو اللہ کے دشمن ہیں خدا رسی کا وسیلہ سمجھ کر پوجتے تھے یعنی ان کے شرک کی وجہ دو ہوئیں ۔ ایک دشمنان خدا کو اس تک پہنچنے کا وسیلہ سمجھنا ، دوسرے انہیں پوجنا ، صرف وسیلہ اختیار کرنے کی وجہ سے مشرک نہ ہوئے ۔”ب” کی مثال یہ ہے :
(1) وَابْتَغُوۡۤا اِلَیۡہِ الْوَسِیۡلَۃَ
اس رب کی طرف وسیلہ ڈھونڈو ۔(پ6،المآئدۃ:35)
(2) وَلَوْ اَنَّہُمْ اِذۡ ظَّلَمُوۡۤا اَنۡفُسَہُمْ جَآءُوۡکَ فَاسْتَغْفَرُوا اللہَ وَاسْتَغْفَرَ لَہُمُ الرَّسُوۡلُ لَوَجَدُوا اللہَ تَوَّابًا رَّحِیۡمًا ﴿۶۴﴾
اور اگر یہ لوگ اپنی جانوں پر ظلم کر کے آپکے حضور آجاویں پھر خدا سے معافی مانگیں اور ر سول بھی ان کے لئے دعا مغفرت کریں تو اللہ کو توبہ قبول کرنے والا مہربان پاویں ۔(پ5،النسآء:64)
(3) وَیُزَکِّیۡہِمْ وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَ
او روہ رسول انہیں پاک کرتے ہیں اورانہیں کتاب اور حکمت سکھاتے ہیں۔(پ4،اٰل عمرٰن:164)
(4) قُلْ یَتَوَفّٰىکُمۡ مَّلَکُ الْمَوْتِ الَّذِیۡ وُکِّلَ بِکُمْ
فرماؤ کہ تمہیں موت دے گا وہ موت کا فرشتہ جو تم پر مقرر کیا گیا ہے ۔(پ21،السجدۃ:11)
    ان جیسی تما م آیتو ں میں وسیلہ کا ثبوت ہے مگر وہی وسیلہ مراد ہے جو اللہ کے اذن اور اجازت سے اس کا پیارا بندہ رب تک پہنچا ئے ۔
    نوٹ ضروری: وسیلہ اسلام میں بڑی اہم چیز ہے کیونکہ سارے اعمال موت پر ختم ہوجاتے ہیں مگر وسیلہ پکڑنا موت ، قبر ، حشر ہرجگہ ضروری ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے نام پر موت ہو ، قبر میں ان کے نام پر کامیابی ہو، حشر میں ان کے طفیل نجات ہو ، نیز اور اعمال کی ضرورت صرف انسانوں کو ہے مگر وسیلہ کی ضرورت ہر مخلوق کو دیکھو کعبہ معظمہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے وسیلہ کے بغیر قبلہ نہ بنا اور حضور کے ہاتھوں کے بغیر بتوں کی گندگی سے پاک نہ ہوسکا۔وسیلہ کا انکار اسلام کے بڑے اہم مسئلہ کا انکار ہے ۔

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!