اعمالعقائد

نبی اور رسول

نبی اور رسول

جس طرح اللّٰہ تعالیٰ کی ذات اور صفتوں کا جاننا ضروری ہے اسی طرح یہ بھی جاننا لازمی ہے کہ نبی میں کیا کیا باتیں ہونی چاہئیں اور کیا کیا نہ ہونا چاہیے تاکہ آدمی کفر سے بچارہے۔

رسول کے معنی

رسول کے معنی ہیں خدا کے یہاں سے بندوں کے پاس خدا کا پیغام لانے والا۔

نبی کون ہوتا ہے؟

نبی وہ آدمی ہے جس کے پاس وحی یعنی خدا کا پیغام آیا لوگوں کو خدا کا راستہ بتانے کے لیے ، خواہ یہ پیغام نبی کے پاس فرشتہ لے کر آیا ہو یا خود نبی کو اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کی طرف سے اس کا علم ہوا ہو، کئی نبی ا ور کئی فرشتے رسول ہیں ، نبی سب مرد تھے نہ کوئی جن نبی ہوا نہ کوئی عورت نبی ہوئی۔عبادت، ریاضت کے ذریعے سے آدمی نبی نہیں ہوتا محض اللّٰہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہوتا ہے اس میں آدمی کی کوشش نہیں چلتی البتہ نبی اللّٰہ تعالیٰ اُسی کو بناتا ہے جس کو اس لائق پیدا کرتا ہے جو نبی ہونے سے پہلے ہی تمام بُری باتوں سے دور رہتا ہے اور اچھی باتوں سے سنور چکتا ہے، نبی میں کوئی ایسی بات نہیں ہوتی جس سے لوگ نفرت کرتے ہوں ۔

نبی کا چال چلن، شکل و صورت حسب و نسب

نبی کا چال چلن، شکل و صورت، حسب و نسب، طور طریقہ، بات چیت سب اچھے اور بے عیب ہوتے ہیں ، نبی کی عقل کامل ہوتی ہے،نبی سب آدمیوں سے زیادہ عقل مند ہوتا ہے، بڑے سے بڑے حکیم فلسفی کی عقل نبی کی عقل کے لاکھویں حصے تک بھی نہیں پہنچتی۔ جو یہ مانے کہ کوئی شخص اپنی کوشش سے نبی ہوسکتا ہے وہ کافر ہے اور جو یہ سمجھے کہ نبی کی نبوت چھینی جاسکتی ہے وہ بھی کافر ہے۔

معصوم کون ہے؟

نبی اور فرشتہ معصوم ہوتا ہے یعنی کوئی گناہ اس سے نہیں ہوسکتا، نبی اور فرشتہ کے علاوہ کسی امام اور ولی کو معصوم ماننا گمراہی اور بد مذہبی ہے اگرچہ اماموں اور بڑے بڑے ولیوں سے بھی گناہ نہیں ہوتا لیکن کبھی کوئی گناہ ہوجائے تو شرعاً محال بھی نہیں ، اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کا پیغام پہنچانے میں نبی سے بھول چوک نہیں ہوسکتی محال ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!