اِستبراء کا حکم
مسئلہ۸: پیشاب کے بعد جس کو یہ خیال ہو کہ کوئی قطرہ باقی رہ گیا یا پھر آئے گا اس پر اِستبراء واجب ہے یعنی پیشاب کے بعد ایسا کام کرنا کہ اگر قطرہ رُکا ہو تو گر جائے۔
اِستبراء کی تعریف
اِستبراء ٹہلنے سے ہوتا ہے یا زمین پر زور سے پاؤں مارنے سے ہوتا ہے یا اُونچی جگہ
سے نیچے اُترنے یا نیچی جگہ سے اُوپر چڑھنے سے ہوتا ہے یا داہنے پاؤں کو بائیں اوربائیں کو داہنے پر رکھ کر زور دینے سے ہوتا ہے یا کھکھارنے یا بائیں کروٹ پر لیٹنے سے ہوتا ہے۔ اِستبراء اتنی دیر تک کرنا چاہیے کہ اطمینان ہوجائے کہ اب قطرہ نہ آئے گا۔ اِستبراء کا حکم مردوں کے لیے ہے عورت بعد فارغ ہونے کے تھوڑی دیر رُکی رہے پھر طہارت کرلے۔
مسئلہ۹: کنکر،پتھر،پھٹا ہوا کپڑا یہ سب ڈھیلے کے حکم میں ہیں ،ا ن سے بھی صاف کرلینا بلا کراہت جائز ہے۔
مسئلہ۱۰: کاغذ سے استنجاء منع ہے چاہے اس پر کچھ لکھا ہو یاسادہ ہو۔
مسئلہ۱۱: مرد کا ہاتھ بے کار ہو تو اس کی بی بی اِستنجا کرائے اور اگر عورت کا ہاتھ بیکار ہو تو شوہر کرائے کوئی اور رشتہ دار بیٹا، بیٹی، بھائی،بہن اِستنجا نہیں کراسکتے بلکہ ایسی صورت میں معاف ہے۔