واقعات

انصاف پسندچیف جَسْٹِس

حکایت نمبر277: انصاف پسندچیف جَسْٹِس

حضرتِ سیِّدُناحَبِیب زَارِع رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے مروی ہے کہ ہم عہد ِ شباب میں قاضی ابوحَازِم عبدالحمیدبن عبدالعزیز علیہ رحمۃ اللہ القدیر کے ساتھ رہا کرتے تھے۔ عہدۂ قضاء سے پہلے بھی ہم انہیں قاضی گمان کیا کرتے اس لئے لڑائی جھگڑوں کے فیصلے انہیں سے کرو اتے ۔ پھر کچھ ہی عرصہ بعد آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ مسندِقضاء پر متمکِّن ہوگئے۔عبدالواحد بن محمدخَصِیْبِی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں:قاضی ابو حَازِم علیہ رحمۃ اللہ الاکرم انصاف کے معاملہ میں بہت سخت تھے۔ آپ ہمیشہ حق بات کہتے اوردرست فیصلے

فرماتے۔ ایک مرتبہ خلیفۂ وقت”مُعْتَضِد باللہ” نے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی طرف پیغام بھیجا: ”فلاں تاجر نے ہم سے بیع کی اور نقد رقم نہ دی۔وہ میرے علاوہ دوسروں کا بھی مقروض ہے، مجھے خبر پہنچی ہے کہ دوسرے قرض خواہوں نے آپ کے پاس گواہ پیش کئے تو آپ نے اس تاجر کا مال ان میں تقسیم کر دیا ہے ۔ مجھے اس مال سے کچھ بھی نہیں ملا حالانکہ جس طر ح وہ دوسروں کا مقروض تھا اسی طرح میرا بھی تھا ، لہٰذامیرا حصہ بھی دیا جائے ۔”
پیغام پاکر قاضی ابو حَازِم علیہ رحمۃ اللہ الاکرم نے قاصد سے کہا:” خلیفہ سے کہنا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی عمر دراز فرمائے، وہ وقت یاد کرو جب آپ نے مجھ سے کہا تھا کہ میں نے فیصلوں کی ذمہ داری کا بوجھ اپنی گردن سے اُتار کر تمہارے گلے میں ڈال دیا ہے ۔ اے خلیفہ! اب میں فیصلہ کرنے کا مختار ہوں اور میرے لئے جائز نہیں کہ گواہوں کے بغیر کسی مُدَّعِی کے حق میں فیصلہ کروں۔” قاصد نے قاضی صاحب کاپیغام سنایا توخلیفہ نے کہا:” جاؤ ! قاضی صاحب سے کہوکہ میرے پاس بہت معتبر اور معزز گواہ موجود ہیں۔ جب قاضی صاحب کو یہ پیغام ملا تو فرمایا:” گواہ میرے سامنے آکر گواہی دیں ،میں ان سے پُوچھ گَچھ کرو ں گا شہادت کے تقاضوں پر پورے اُتر ے تو ان کی گواہی قبول کرلوں گا ورنہ وہی فیصلہ قابل عمل رہے گا جو میں کر چکا ہوں ۔”
جب گواہوں کو قاضی صاحب کا یہ پیغام پہنچا تو انہوں نے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے خوف کھاتے ہوئے عدالت آنے سے انکار کردیا۔ لہٰذا قاضی صاحب نے خلیفہ مُعْتَضِد باللہ کا دعویٰ رَد ّکرتے ہوئے اسے کچھ بھی نہ بھجوایا ۔”
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ وسلَّم)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!