اسلام
سرکار کے پسینے سے صحابیات کی محبت
خادِمِ رَسول حضرت سیِّدُنا اَنَس بن مالِک رَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: حُضُور خا تمُ المُرسَلین،جنابِ صادِق واَمین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہمارے یہاں تشریف لائے اور قَیْلُوْلَہ فرمایا(یعنی دوپہر میں کچھ دیر آرام کیا)۔ حَالَتِ خواب میں جناب رِسَالَت مآب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو پسینہ آگیا، میری والدہ مُحتَرَمہ (حضرت سَیِّدَتُنا اُمِّ سُلَیْم رَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہَا) نے ایک شیشی لی اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا پسینہ مُبارَک اس میں ڈالنا شُروع کر دیا۔ جب آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم بیدار ہوئے تو دَرْیَافْت فرمایا: اے اُمِّ سُلَیم! یہ کیا کر رہی ہو؟ انہوں نے عَرْض کی:یہ آپ کا پسینہ ہے ہم اس کو اپنی خوشبو میں ڈالتی ہیں اور یہ سب خوشبوؤں سے عُمْدَہ خوشبو ہے۔ ایک رِوایَت میں ہے کہ آپ رَضِیَ اللّٰہ تَعَالٰی عَنْہَا نے عَرْض کی: یارسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! ہم اپنے بچوں کے لیے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے
پسینہ مُبارَک سے بَرَکت کی اُمِّید رکھتے ہیں ۔تو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا: تم ٹھیک کرتی ہو۔