اسلام
فصل کی تقسیمات
فصل کی دو طرح سے تقسیم کی جاتی ہے۔
۱۔ قرب وبعد کے اعتبار سے ۲۔ نسبت کے اعتبار سے
۱۔ قرب وبعد کے اعتبار سے فصل کی تقسیم
اس اعتبار سے فصل کی دوقسمیں ہیں ۔
۱۔ فصل قریب ۲۔ فصل بعید
۱۔ فصل قریب:
”ھُوَ الْمُمَیِّزُ عَنِ الْمُشَارِکَاتِ فِی الْجِنْسِ الْقَرِیْبِ” وہ فصل ہے جوماہیت کو جنس قریب کے مشارکات سے جداکردے جیسے: ناطق انسان کیلئے ۔
وضاحت:
ناطق انسان کیلئے فصل قریب ہے کیونکہ حیوان جوکہ انسان کیلئے جنس قریب ہے ،اس میں جو چیزیں انسان کے ساتھ حیوان ہونے میں شریک ہیں(جیسے: فرس ، حمار وغیرہ) ناطق نے انسان کو ان سب سے جدا کردیا۔
۲۔ فصل بعید:
” ھُوَالْمُمَیِّزُ عَنِ الْمُشَارِکَاتِ فِی الْجِنْسِ الْبَعِیْدِ” وہ فصل ہے جو کسی ماہیت کو جنس بعید کے مشارکات سے جدا کرے۔جیسے: حَسَّاسْ انسان کیلئے ۔
وضاحت:
حساس انسان کیلئے فصل بعید ہے کیونکہ جسم نامی (جو کہ انسان کیلئے جنس بعید ہے ) میں جو چیزیں انسان کے ساتھ شریک تھیں (جیسے: درخت وغیرہ) حساس نے انسان کو ان سب سے جدا کردیا ۔
نسبت کے اعتبار سے فصل کی تقسیم
اس اعتبار سے بھی فصل کی دوقسمیں ہیں۔
۱۔ مُقَوِّمْ ۲۔ مُقَسِّمْ
۱۔ مُقَوِّمْ:
فصل کی نسبت نوع کی طرف ہوتواسے مقوم کہتے ہیں ۔
وضاحت:
فصل نوع کی حقیقت میں داخل ہوتی ہے اس لئے فصل کو نوع کے اعتبار سے مقوم کہتے ہیں کیونکہ مقوم کا معنی ہے کسی شی کی حقیقت میں داخل ہونے والا جیسے: ناطق یہ انسان کی حقیقت میں داخل ہے لھذا انسان کے لئے مقوم ہے ۔
۲۔مُقَسِّمْ:
فصل کی نسبت جنس کی طرف ہوتواسے مقسم کہتے ہیں۔
وضاحت:
فصل جنس کی تقسیم کرتی ہے اس لئے فصل کو جنس کے اعتبار سے مقسِّم کہتے ہیں کیونکہ مقسم کا معنی ہے تقسیم کرنے والا جیسے: ناطق حیوان کیلئے مقسِّم ہے کیونکہ یہ حیوان کی تقسیم کررہا ہے
حیوان ناطق اور حیوان غیر ناطق کی طرف۔
مقوم ومقسم کاحکم
مقوم کاحکم:
ہروہ فصل جونوع عالی کیلئے مقوم ہوگی وہ نوع سافل کیلئے ضرور مقوم ہوگی جیسے: قَابِلٌ للأَبْعَادِ الثَّلٰثَۃِ (طول ،عرض،عمق کو قبول کرنے والا) ہونا جسم مطلق کیلئے مقوم ہے اسی طرح یہ جسم نامی ،حیوان اورانسان کیلئے بھی مقوم ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ جو فصل نوع سافل کیلئے مقوم ہوگی وہ نوع عالی کیلئے بھی مقوم ہوگی جیسے: ناطق انسان کیلئے تو مقوم ہے لیکن یہ انسان سے اوپر والی کلیات (حیوان ،جسم نامی وغیرہ) کیلئے مقوم نہیں۔
مقسم کا حکم:
ہر وہ فصل جوجنس سافل کیلئے مقسم ہوگی وہ جنس عالی کیلئے بھی مقسم ہوگی جیسے: ناطق جس طرح یہ حیوان کیلئے مقسم ہے کہ اس نے حیوان کو دو حصوں میں تقسیم کردیاحیوان ناطق اورحیوان غیر ناطق۔ اسی طرح یہ جسم نامی اور جسم مطلق کیلئے بھی مقسم ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہے کہ جو فصل جنس عالی کیلئے مقسم ہو وہ جنس سافل کیلئے مقسم ہو جیسے: حساس یہ جسم نامی کیلئے تو مقسم ہے کہ اس نے جسم نامی کو حساس اور غیر حساس میں تقسیم کردیا لیکن یہ حیوان کیلئے مقسم نہیں۔ کیونکہ حیوان سارے حساس ہیں۔
فائدہ:
کلیات کی ترتیب نیچے سے اوپرکی طرف ہے یعنی سب سے نیچے انسان اس کے اوپر حیوان ،اس کے اوپرجسم نامی ،اس کے اوپر جسم مطلق اور سب سے اوپر جوہر۔
٭٭٭٭٭
مشق
سوال نمبر1:۔نو ع عالی، نوع سافل، نوع متوسط اورنوع مفرد کی تفصیلا وضاحت کریں۔
سوال نمبر2:۔فصل قریب اور فصل بعید کی تعریفات مع امثلہ لکھیں۔
سوال نمبر3:۔ نسبت کے اعتبار سے فصل کی اقسام بیان کریں۔
سوال نمبر4:۔مقوم اور مقسم کا حکم بیان کریں۔
سوال نمبر5:۔مندرجہ ذیل ہر دو کلی میں سے ایک کلی دوسری کے لئے جنس یا فصل کی کون سی قسم ہے؟وجہ بھی بتائیں۔
ناطق ، انسان۔ جسم نامی ، شیر۔ صاہل ، فرس ۔ ناھق ، حمار۔ جسم نامی ، درخت انار۔
حساس ،انسان۔ حیوان ، فرس۔ جسم ، پتھر۔
*….*….*….*