اسلام

دردِ سرکے 8 علاج

(1) لَّا یُصَدَّعُوۡنَ عَنْہَا وَلَا یُنۡزِفُوۡنَ ﴿ۙ۱۹﴾
(ترجَمَۂ کنزالایمان:کہ اس سے نہ انہیں دردِسر ہو نہ ہوش میں فَرق آئے۔ پ 27 الواقِعہ 19)
یہ آیتِ کریمہ تین بار (اوّل آخِرایک بار دُرُود شریف)پڑھ کر دردِ سر والے پر دم کر دیجئے ۔ اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ فائِدہ ہو جائیگا۔(ترجَمہ پڑھنے کی ضَرورت نہیں)
(2)سورۃُ النّاس سات بار ( اوّل آخِرایک بار دُرُود شریف)پڑھ کر سر پر دم کیجئے ، اور پوچھئے، اگرابھی دَرْد باقی ہو تو دوسری بار بھی اِسی طرح دم کیجئے ۔ اگر اب بھی دَرْد ہو تو تیسری بار بھی اِسی طرح دم کیجئے۔پورے سر کا دَرْد ہو یا آدھے سرکا کیسا ہی شدید دَرْد ہو تین بار میں اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ جاتا رہے گا۔ 
(3)پورے سر کا دَرْد ہو یا شَقِیقہ(یعنی آدھے سر کا دَرد)بعد نمازِ عَصْرْسورۃُ التَّکاثُر ایک بار (اوّل آخِرایک بار دُرُود شریف)پڑھ کر دم کیجئے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ دَرْد میں اِفاقہ ہوگا۔
(4)زَبان پر ایک چٹکی نمک رکھ کر 12 مِنَٹ کے بعد ایک گلاس پانی پی لیجئے سر میں 
کیسا ہی دَرْد ہو اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ اِفاقہ ہو جائیگا۔(ہائی بلڈ پریشر کے مریض کیلئے نمک کا استِعمال نقصان دِہ ہو تا ہے)
(5)ایک کپ پانی میں ایک چَمَّچ ہَلدی ڈال کر جوش دیکر پینے یا بھاپ لینے سے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ سر کا دَرْد دُور ہو جائیگا۔(سالَن وغیرہ میں ہَلدی ضَرور استِعمال کیجئے، روزانہ ایک گرام(یعنی چٹکی بھر)ہَلدی کھانے والااِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ کینسر سے محفوظ رہے گا) 
(6)روزانہ رات کو سات دانے بادام اور 21 دانے کِشمِش یعنی سوکھے ہوئے انگور (چھوٹے بڑے کوئی سے بھی ہوں)پانی میں بھگو دیجئے اور یہ دونوں چیزیں صبح دودھ کے ساتھ کھا لیجئے۔بالخصوص بادام اچھّی طرح چبا کر یاپیس کر کھایئے۔ اِن شاءَ اللہ دردِ سر دُور ہو جائے گا۔ قوّتِ حافِظہ کیلئے بھی یہ نسخہ مفیدہے۔
(7)دیسی گھی میں تلی ہوئی ، گَرْما گرم تازہ جلیبیاں طُلوعِ آفتا ب سے قبل کھانے سے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ درد ِسر میں آرام آ جائے گا۔ 
(8)کبھی اِتِّفاقیہ دردِ سَر ہو جائے تو کھانا کھانے کے بعد ڈسپرین (DISPIRIN) کی دو ٹِکیہ پانی میں گھول کر پی لیجئے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ ٹھیک ہو جائے گا۔(ہر طرح کے دَرْد کی ٹکیہ کھانا کھانے کے بعد ہی استِعمال کی جائے ورنہ نقصان کا اندیشہ ہے)
مَدَنی مشورہ:اگر دواؤں سے دردِ سر ٹھیک نہ ہوتا ہو تو آنکھیں ٹیسٹ کروا لیجئے اگر نظر کمزور ہو تو عینک پہننے سے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ دردِ سر ٹھیک ہو جائے گا۔ پھر بھی ٹھیک نہ ہو تو دِماغ کے خُصوصی ڈاکٹر سے رُجوع کرنا ضَروری ہے۔ اس میں کوتاہی بعض اوقات سخت نقصان دہِ ثابِت ہوتی ہے۔

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!