اسلام

ملت اسلامیہ کی عظیم ترین شخصیت ۔ حضور شیخ الاسلام الشاہ سید محمد مدنی اشرفی الجیلانی دامت برکاتہم العالیہ

   ملت اسلامیہ کی عظیم ترین شخصیت  ۔ 

حضور شیخ الاسلام الشاہ سید محمد مدنی اشرفی الجیلانی  دامت برکاتہم العالیہ  

سید جمال اللہ قادری

 صدرتعلیمی کمیٹی دارالعلم جدہ ،عرب ۔  
حضور شیخ الاسلام الشاہ سید محمد مدنی میاں قبلہ دامت برکاتہم العالیہ کی شان میں کچھ لکھنے والا خود کو ان کے لاکھوں کروڑوں مداحوں کی فہرست میں خود کو شامل کرکے فخر و انبساط محسوس کرتا ہے۔ جدہ میں سب سے پہلے آپ سے ملاقات کا شرف آپ کے ارادتمند اور خلیفہ حضرت مولانا فرحت علی صدیقی علیہ الرحمہ والرضوان کے عشرت کدے پر حاصل ہوا ، پھر اس کے کچھ عرصے  بعد دو مرتبہ اور  زانوئے ادب طئے کرنے کا شرف نصیب ہوا ۔  
مجھے اپنی کم علمی و کم مائیگی کا بخوبی احساس ہے ، اس کے باوجود اس عظیم المرتبت شخصیت کے بارے میں چند الفاط قلمبند کرنے کا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ حضور شیخ السلام کے مداحوں اور عقیدتمندوںمیں اپنی بھی   شمولیت ہوجائے ۔ حضور شیخ الاسلام سے ملنے کے بعد اور آپ کے بارے میں سننے اور کچھ پڑھنے کے بعد یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوئی کہ آپ ملت اسلامیہ کے لئے نا صرف با برکت ہیں  بلکہ فیوض  ربانی کا سر چشمہ بھی ہیں جن سے چند لمحوں کی ہی ملاقات میں حقانیت اور معرفت کے پردے اٹھ جاتے ہیں ۔ بلا شبہ حضور شیخ الاسلام اُن نفوس قدسیہ میں سے ہیں جن کے قلوب زہد و تقوی سے معمور اور جن کے صدور عشق مصطفی ﷺ  سےمنور ہیں ۔آپ کی شخصیت ایک ہشت پہل ہیرے کی مانند ہے جن کے ایک ایک پہلو پر ہزاروں صفحات قلمبند کئےگئے اور کئے جارہے ہیں۔ حضور شیخ الاسلام  مفتی اعظم ، ایک عالم دین ، ادیب ٗ مقالہ نگار ٗ متعدد کتابوں کے مصنف ٗ شعلہ بیاں مقرر منفرد انداز بیان کے  عدیم المثال نعت گو شاعر اور زبان ِ اردو ادب کے محسن و مربی ہیں۔حضور شیخ الاسلام کی فکر انگیز تحریریں اور ایمان افروز  تقریریںٗ قرآن و حدیث کی روشنی میں  تاریخ اور واقعات کی صداقت ہمارے اعتراف و تحسین کے ہر گز محتاج نہیں لیکن ہمارے قلب کی شرافت ٗ علم کی دیانت اور سچائی کے ذوق کا تقاضہ یہی ہے کہ ہم ان صداقتوں کا  بہ صمیم قلب اعتراف کریں اور حیات ملّی کی تلاش و قیام میں حضور شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں۔ 
اس ارض مقدسہ میں موجود آپ کے سینکڑوں ارادتمند ، محبان اور عقیدت مندوں کے ساتھ   اللہ تعالی  کے حضور دست بدعا ہوں کہ حضور شیخ الاسلام کی عمر و اقبال میں صحت و عافیت کے ساتھ درازی عطا فرمائے اور ان کے قلم اور زبان و بیان میں خوب اضافہ فرمائے تاکہ لاکھوں کروڑوں فرزندان اسلام آپ کے فیوض و برکات سے باریاب ہوں ۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!