اسلام
ابوابِ ثلاثی مزید فیہ کی علامات اور ان کے بنانے کے طریقے
(۱)۔۔۔۔۔۔ اِفْتِعَالٌ:
باب اِفْتِعَالٌ میں فاء کلمہ کے بعد تاء زائدہ ہوتی ہے۔جیسےاِجْتَنَبَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ اور فاء کلمہ کے بعدتاء کا اضافہ کرکے اسے اِفْتَعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے جَنَبَ (دور کرنا)سے اِجْتَنَبَ (دورہونا)
(۲)۔۔۔۔۔۔اِنْفِعَالٌ:
باب اِنْفِعَالٌ میں فاء کلمہ سے پہلے نون زائدہ ہوتا ہے۔جیسےاِنْفَطَرَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ اورنون ساکن کااضافہ کرکے اسے اِنْفَعَلَ کے ہم وزن کردیں۔جیسے فَطَرَ(پھاڑنا)سے اِنْفَطَرَ(پھٹنا)
(۳)۔۔۔۔۔۔ اِسْتِفْعَالٌ:
باب اِسْتِفْعَالٌ میں فاء کلمہ سے پہلے سین اور تا ء زائدہوتے ہیں ۔جیسے اِسْتَنْصَرَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ،سین اورتاء کا اضافہ کرکے اسے اِسْتَفْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے نَصَرَ(مدد کرنا) سے اِسْتَنْصَرَ(مدد چاہنا)
(۴)۔۔۔۔۔۔ اِفْعِلاَلٌ:
باب اِفْعِلالٌ کا لام کلمہ مشدد ہوتاہے۔جیسےاِحْمَرَّ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ لائیں اورلام کلمہ کومشددکرکے اسے اِفْعَلَّ کا ہم وزن بنا دیں۔جیسے حَمِرَ(سرخ ہونا)سے اِحْمَرَّ(خوب سرخ ہونا)
(۵)۔۔۔۔۔۔ اِفْعِیْلاَلٌ:
باب اِفْعِیْلالٌ کا لام کلمہ مشدداور اس سے پہلے الف زائدہ ہوتاہے۔ جیسے:اِدْہَامَّ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ ،عین کلمہ کے بعدالف لے آ ئیں اور لام کلمہ کو مشددکرکے اسے اِفْعَالَّ کے ہم وزن کر دیں۔جیسے دَہِمَ(اچانک آگرنا)سے اِدْہَامَّ (خوب سیاہ ہونا)
(۶)۔۔۔۔۔۔ اِفْعِیْعَالٌ:
باب اِفْعِیْعَالٌ میں عین کلمہ کاتکرار اور ان کے درمیان واؤ زائدہ ہوتی ہے۔جیسے
اِخْشَوْشَنَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ لائیں،عین کلمہ کومکررکرکے دونوں کے درمیان واؤ (۱)کااضافہ کردیں اور اسے اِفْعَوْعَلَ کے وزن پر لے آئیں جیسے خَشُنَ (کھردرا ہونا)سے اِخْشَوْشَنَ(سخت کھردرا ہونا)
(۷)۔۔۔۔۔۔ اِفْعِوَّالٌ:
باب اِفْعِوَّالٌ میں عین کلمہ کے بعد واؤ مشدد زائد ہوتا ہے ۔جیسے اِجْلَوَّذَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجردکے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ اورعین کلمہ کے بعدواؤ مشددلاکراسے اِفْعَوَّلَ کے وزن پر کردیں۔جیسے اِجْلَوَّذَ(زیادہ تیز چلنا)(اس کا مجردمادہ ج،ل،ذ ہے)
(۸)۔۔۔۔۔۔ اِفَّعُّلٌ:
باب اِفَّعُّلٌ میں فاء اور عین کلمہ مشدد ہوتا ہے ۔جیسے اِطَّہَّرَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ لائیں، فاء اور عین کلمہ کومشدد کر کے اسے اِفَّعَّلَ کے ہم وزن کر دیں۔جیسے طَہَرَ(پاک ہونا)سے اِطَّہَّرَ(خوب پاک ہونا)
(۹)۔۔۔۔۔۔ اِفّاعُلٌ:
باب اِفَّاعُلٌ میں فاء کلمہ مشدد اور اس کے بعد الف زائد ہوتاہے۔جیسےاِثَّاقَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ اورفاء کلمہ کے بعدالف لے آئیں، فاء کلمہ کومشدد کر کے اسے اِفَّاعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے ثَقُلَ(بھاری ہونا)سے اِثَّاقَلَ(بتکلف ثقل ظاہر کرنا)
(۱۰)۔۔۔۔۔۔ اِفْعَالٌ:
باب اِفْعَالٌ کے شروع میں ہمزہ قطعیہ زائد ہوتا ہے۔جیسے اَکْرَمَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ لاکر اسے اَفْعَلَ کاہم وزن کردیں۔ جیسے کَرُمَ(بزرگ ہونا)سے اَکْرَمَ(عزت کرنا)
(۱۱)۔۔۔۔۔۔ تَفْعِیْلٌ:
باب تَفْعِیْلٌ میں عین کلمہ مشددہوتا ہے جیسےصَرَّفَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے عین کلمہ کومشددکر کے اسے فَعَّلَ کے وزن پر کر دیں۔جیسے صَرَفَ(واپس کرنا، پھیرنا)سے صَرَّفَ(خوب واپس کرنا، خوب پھیرنا)
(۱۲)۔۔۔۔۔۔ مُفَاعَلَۃٌ:
باب مُفَاعَلَۃٌ میں فاء کلمہ کے بعدالف زائد ہ ہوتاہے۔قَابَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ کے بعدالف لائیں اوراسے فَاعَلَ کا ہم وزن کر دیں۔جیسے قَبِلَ(قبول کرنا)سے قَابَلَ(بالمقابل ہونا)
(۱۳)۔۔۔۔۔۔ تَفَعُّلٌ:
باب تَفَعُّلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء زائدہ اور عین کلمہ مشدد ہوتا ہے۔تَقَبَّلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے تاء لائیں اورعین کلمہ کومشدد کر کے اسے تَفَعَّلَ کے ہم وزن کر دیں۔جیسے قَبِلَ(قبول کرنا)سے تَقَبَّلَ(قبول کرنا)
(۱۴)۔۔۔۔۔۔ تَفَاعُلٌ:
باب تَفَاعُلمیں فاء کلمہ سے پہلے تاء زائدہ اور فاء کلمہ کے بعدالف زائدہ ہوتاہے۔ جیسےتَقَابَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے فاء کلمہ سے پہلے تاء اور فاء کلمہ کے بعدالف کا اضافہ کریں اوراسے تَفَاعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسےقَبِلَ (قبول کرنا)سے تَقَابَلَ(ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہونا)
تنبیہ:
(۱)۔۔۔۔۔۔جوفعل جس باب سے ہوگا اس فعل کا مصدر اسی باب کے وزن پر آئے گا۔ جیسے اِجْتَنَبَ کا مصدر اِجْتِنَابٌ بر وزن اِفْتِعَالٌ۔ وَعَلٰی ھٰذَا الْقِیَاسُ۔
(۲)۔۔۔۔۔۔مذکورہ بالا طریقوں کے مطابق ان میں سے ہر ایک باب سے فعل ماضی مثبت معروف واحد مذکر غائب کا صیغہ بنے گا ۔
(۳)۔۔۔۔۔۔پھراس میں تثنیہ و جمع، مذکرومؤنث اور حاضرو غائب ومتکلم کی علامتیں داخل کرکے پورے چودہ صیغوں کی گردان مکمل کی جائے گی۔
(۴)۔۔۔۔۔۔ثلاثی مجرد کے جن ابواب کی ماضی میں ہمزہ وصلیہ ہوتا ہے انھیں”با ہمزہ وصل ”کہتے ہیں جیسے اول الذکر نو ابواب،اور جن کی ماضی میں ہمزہ وصلیہ نہیں ہوتاانھیں ”بے ہمزہ وصل ”کہتے ہیں۔
(۵)۔۔۔۔۔۔ثلاثی مزید فیہ سے دیگر افعال بنانے کے طریقے عنقریب احاطہ بیان میں لائے جائیں گے۔ اِنْ شَاءَ اللہُ عَزَّ وَجَلَّ
سوالات
سوال نمبر۱:۔ثلاثی مزید فیہ کے کتنے اور کو ن کونسے ابواب ہیں ؟
سوال نمبر۲:۔ان میں سے ہر ایک باب کی علامت اور بنانے کا طریقہ بیان فرمائیں۔
سوال نمبر۳:۔بتائیں اِفَّعُّلٌ اور اِفَّاعُلٌ اصل میں کیا تھے ؟
تنبیہ:
ثلاثی مزید فیہ کے مذکورہ تمام ابواب سے فعل ماضی معروف کی مکمل گردانیں مع ترجمہ وصیغہ اپنی کاپی پر خوش خط تحریر فرمائیں۔
(۱)……یہ واو مصدر میں یاء سے بدل جاتی ہے۔