اسلام

(19) نگاہِ ولی کی تاثیر

(19) نگاہِ ولی کی تاثیر

    امام اہلِ سنت، مجددِ دین وملت،اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحمَۃُ ربِّ الْعِزَّت  ۱۳۲۹؁ھ میں ” مدرسۃ الحدیث ”میں حضرت علامہ مولانا شاہ محمد وَصی احمد سُورتی علیہ رحمۃاللہ القوی کے ہاں مُقِیم تھے۔ سیِّد فرزند علی صاحب آپ رحمۃاللہ تعالی علیہ سے ملنے آئے اور دست بَوس ہوئے ۔ سیِّد صاحب کی داڑھی کٹی ہوئی تھی۔ اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحمَۃُ ربِّ الْعِزَّت بہت دیر تک گہری نظروں سے سیِّد صاحب کے چہرے کو دیکھتے رہے۔ سیِّد صاحب فرماتے ہیں کہ” آپ رحمۃاللہ تعالی علیہ کی نگاہوں نے مجھے پسینہ پسینہ کردیا، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ایک سچے عاشقِ رسول مجھے داڑھی رکھنے کی خاموش ہدایت
فرمارہے ہیں۔ میں نے صبح کو حاضر ِ خدمت ہو کر اپنے اس فعل شَنِیعہ( برے فعل) سے توبہ کی۔اس حکایت کے راوی کہتے ہیں کہ” آج میں اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہوں کہ سید صاحب کے چہرہ پر نہایت خوش نما داڑھی موجو د ہے ۔ ”( حیات اعلی حضرت ،ج۳،ص۲۳۸)
نگاہِ ولی میں وہ تاثیر دیکھی 
بدلتی ہزاروں کی تقدیر دیکھی

مَدَنی پھول

     میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! داڑھی بڑھانا تمام انبیاء کرام علیہم السلام بلکہ خودہمارے میٹھے میٹھے آقا مدینے والے مصطفٰے صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم کی پیاری اور پاکیزہ سنت ہے۔ داڑھی بڑھانے کی ہمارے پیارے آقاصلی اللہ تعالیٰ علیہ آلہ وسلم نے بہت تاکید فرمائی ہے۔سچے عاشق کی یہ شان ہے کہ وہ اپنے محبوب کی ہر ہر اَدا کواپنانے کی کوشش کر تاہے ۔ کبھی بھی ا پنے محبوب کی ناپسندیدہ چیزوں کے قریب نہیں جاتا بس اسکی یہی خواہش ہوتی ہے کسی طرح میرامحبوب مجھ سے راضی رہے۔ لیکن یہ سب باتیں اُسی وقت دل ودماغ میں راسِخ ہوتی ہیں جب ایسا ماحول ملے جس میں رہ کرخوف ِخدا و عشقِ مصطفےٰ عَزَّوَجَلَّ وصلی اللہ تعا لیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی دولتِ عظمیٰ نصیب ہو۔ الحمد للہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قراٰن وسنت کی غیرسیاسی عالمگیرتحریک
”دعوت اسلامی” ہمیں ایسا ماحول فراہم کرتی ہے جس میں رہ کر سنتوں پرعمل کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے، بے عمل اَعمالِ صالحہ کی طرف راغب ہوجاتے ہیں۔ فیشن کے متوالے سنتوں کے دیوانے بن جاتے ہیں اور گناہوں کی دلدل سے نکل کر سنتوں کے پُربہا رگلشن میں آجاتے ہیں۔چہرے پرداڑھی شریف کا نورآجاتا ہے، سر پر عمامے شریف کاتاج اورجسم پر سفید نورانی لباس اپنی ضیائیں بکھیرنے لگتا ہے۔ پھر اس رنگ میں رنگا ہوااسلامی بھائی سنتوں کی چلتی پھرتی تصویر نظرآنے لگتا ہے۔
اُن کا دیوانہ عمامہ اور زُلف ورِیش میں
واہ! دیکھو تو ذرا لگتا ہے کیسا شاندار
اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے سچی وابستگی عطا فرمائے اور تادم آخر اسی ماحول میں رہنے کی توفیق عطافرمائے!
اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں 
اے دعوتِ اسلامی تیری دھوم مچی ہو
اللہ عَزّوَجَلَّ کی اعلٰی حضرت پَر رَحمت ہو اور ان کے صد قے ہماری مغفِرت ہو
اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلَّم 
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!