ننگے سر نماز پڑھنے کے اَحکام
مسئلہ۳۴: سُستی سے ننگے سر نماز پڑھنا یعنی ٹوپی سے بوجھ معلوم ہوتا ہے یا گرمی معلوم ہوتی ہے، ا س وجہ سے ننگے سر پڑھتا ہے تو یہ مکروہ ِ تنزیہی ہے اور اگر نماز کو حقیر خیال کرکے ننگے سر پڑھے مثلاً نماز کوئی مہتم بالشان (4 ) چیز نہیں جس کے لیے ٹوپی، عمامہ پہنا جائے تو یہ
کفر ہے اور اگر خشوع وخضوع (1 ) کے لیے ننگے سر پڑھے تو مستحب ہے۔ (درمختار و ردالمحتار و بہار)
مسئلہ۳۵: نماز میں ٹوپی گر پڑی ٹوپی اُٹھالینا افضل ہے جب کہ عمل کثیر (2 ) سے نہ ہو ورنہ نماز فاسد ہوجائے گی اور بار بار اُٹھانی پڑے تو چھوڑ دے اور نہ اُٹھالینے سے خضوع مقصود ہو تو نہ اُٹھانا افضل ہے۔ (درمختار و ردالمحتار )
مسئلہ۳۶: ماتھے سے خاک یا گھاس چھڑانا مکروہ ہے جب کہ نماز میں تشویش ( 3) نہ ہو اور تکبر کی وجہ سے چھڑا رہا ہو تو مکروہ تحریمی ہے اور اگر تکلیف دہ ہوں یا خیال بٹتا ہو تو حر َج نہیں اور نماز کے بعد چھڑانے میں تو مطلقاً مضائقہ نہیں ( 4) بلکہ چھڑا دینا چاہیے تاکہ ریا ء (5 ) نہ آنے پائے۔ (عالمگیری)
مسئلہ۳۷: یوہیں حاجت کے وقت پیشانی (6 ) سے پسینہ پونچھنا بلکہ ہر وہ عمل قلیل ( 7) کہ نمازی کے لیے مفید ہوجائز ہے اور جو مفید نہ ہو وہ مکروہ ہے۔ (عالمگیری)
مسئلہ۳۸: نماز میں ناک سے پانی بہا تو اس کو پونچھ لینا زمین پر گرنے سے اچھا ہے اور اگر مسجد میں ہو تو پونچھنا ضروری ہے مسجد میں نہ گرنے دے۔ (عالمگیری)
مسئلہ۳۹: نماز میں بغیر عذر چار زانو بیٹھنا مکروہ ہے اور عذر ہو تو حر َج نہیں اور علاوہ نماز کے اس طرح بیٹھنے میں کوئی حر َج نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۴۰: سجدہ کو جاتے وقت گھٹنے سے پہلے ہاتھ رکھنااور اُٹھتے وقت ہاتھ سے پہلے گھٹنے اُٹھانا بلا عذر مکروہ ہے۔ (غنیۃ)
مسئلہ۴۱: رکوع میں سر کو پیٹھ سے اُونچا یا نیچا رکھنا مکروہ ہے۔ (منیہ)
مسئلہ۴۲: اُ ٹھتے وقت آگے پیچھے پاؤں اُٹھانا مکروہ ہے۔
مسئلہ۴۳: جوں یا مچھر جب ایذا پہنچاتے ہوں تو پکڑ کر مار ڈالنے میں حر َج نہیں ، جب کہ عمل کثیر سے نہ ہو۔ (غنیۃ و بہار)
________________________________
1 – خشو ع و خضوع: عاجزی و انکساری۔ (۱۲منہ)
2 – عمل کثیر: زیادہ کام۔ (۱۲منہ)
3 – تشویش : بے اطمینانی، پریشانی۔ (۱۲منہ)
4 – مطلقاً مضائقہ نہیں: کچھ حرج نہیں۔ (۱۲منہ)
5 – ریا: معنی نمائش، دکھاوا،جو کام دوسروں کو دکھاوے کے لیے کیا جائے اس کو ریا کہتے ہیں، ریا حرام و گناہ ہے۔ حدیث شریف میں ریا کو شرکِ اصغر فرمایا گیا جو عمل ریا سے کیا جائے اس پر ثواب کے بدلے عذاب ہوگا۔ (۱۲) منہ
6 – پیشانی : ماتھا ۔ (۱۲منہ)
7 – عمل قلیل: تھوڑا کام۔ (۱۲منہ)