مسائل

عورت کتنے دن عدت گزارے گی ؟

 سوال نمبر ۳۵:-عورت کتنے دن عدت گزارے گی ؟

جواب:-اگر شوہر فوت ہوگیا تو عورت۴مہینے۱۰دن عدت گزارے گی (البقرۃ۲۳۴) اور اگر عورت حاملہ ہو تو عدتِ وفات بچہ جننا ہے ایک گھنٹے بعد جَن دے یا۹ مہینے بعد ( الطلاق ۴) اور اگر شوہر نے عورت کو طلاق دی ہو تواسمیں متعدد صورتیں ہیں(۱) عورت حاملہ ہو بچہ جننا عدت ہے۔(الطلاق ۲۸) (۲)عورت کو حیض آتا ہے تو مکمل تین حیضوں کا گزر جانا (البقرۃ ۲۲۸) اور اگر عورت کو حیض میں طلاق دی ہو تو اس حیض کا اعتبار نہیں ،بلکہ اس کے بعد نئے سرے سے مکمل تین حیضوں کا گزرنا ضروری ہے ،(۳)اگر عورت کو حیض آنا شروع ہی نہیں ہوا یا عورت اتنی عمر کی ہوچکی ہے کہ حیض آنا بند ہوگیا ہے ۔تو ان کی عدت تین مہینے ہے (الطلاق۲۸) البتہ اگر لڑکی کو حیض نہیں آیا تھا اور وہ مہینے کے حساب سے عدت گزار رہی تھی ۔ کہ حیض شروع ہوگیا تو اب تین حیض سے ہی عدت پوری کرے گی ۔

    وفات کی عدت تو عورت کو بہرصورت گزارنی ہوتی ہے عورت چھوٹی عمر کی ہو یا زیادہ عمر کی ،شوہر سے خلوت ہوئی یا نہیں ۔ البتہ طلاق کی عدت اسی صورت میں گزارنا پڑے گی ۔ جب عورت سے مرد کی خلوت ہوئی ہو اگرمرد و عورت کی خلوت صحیحہ نہیں ہوئی تو عدت بھی نہیں بلکہ عورت طلاق کے فورا بعد نکاح کرسکتی ہے ۔

    الحمد للہ ! طلاق کے موضوع پر چند مسائل جمع کرنے کی سعادت حاصل ہوئی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اسے اپنی بارگاہِ عزت میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، عام عوام کے لیے فائدہ مند اور حصول علم کا ذریعہ اور راقم کیلئے مغفرت کا سبب بنائے ۔

آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و صحبہ وسلم

            محمد قاسم العطاری عفی عنہ

            ۲۶ ربیع النور ۱۴۲۴ھ بمطابق ۲۹ مئی ۲۰۰۳

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!