اسلام

(15) پہلی صف میں نماز اداکرنے کے متعلق انفرادی کوشش

(15) پہلی صف میں نماز اداکرنے کے متعلق انفرادی کوشش

     ایک مرتبہ جب نماز مغرب کی جماعت قائم ہوئی توحاجی محمد شاہ خان صاحب قادری رضوی نے صفِ اوّل میں شامل ہونے کی غرض سے شمالی فصیل پر کھڑے ہو کر نماز ادا کی ۔ اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحمَۃُ ربِّ الْعِزَّت نے ان کو دیکھ لیا تھا نماز کے بعد اپنے پاس بلا کر ارشاد فرمایا:”خان صاحب ! اس طرح صفِ اول کا ثواب نہیں ملتا کیونکہ یہ جگہ مسجد سے خارِج ہے، آئندہ خیال کیجئے گا۔ اگر لوگوں کو صف اوَّل کے ثواب کا علم ہوجائے توقُرعہ اَندازی کرنا پڑے۔”
(حیات اعلیٰ حضرت، ج۳، ص۸۶)

مَدَنی پھول

     سبحٰن اللہ عَزَّوَجَلَّ کتنا پیار ااندازِ تبلیغ تھا امام اہلسنّت، مجددِ دین وملت شاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃالرحمن کا کہ شرعی مسئلہ بھی بتا دیا اور پہلی صف میں نماز اَدا کرنےکی فضیلت بھی بتا دی۔ میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! ہمیں بھی چاہے کہ پانچوں نمازیں مسجد کی پہلی صف میں تکبیرِ ُاولیٰ کے ساتھ باجماعت ادا کریں۔ اگریہ عادت بن گئی تو اِنْ شَاءَ اللہ عزَّوجَلَّ نماز کی برکت سے سب بگڑے کام سنور جائیں گے ۔ الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے عطا کردہ 72 مَدَنی انعامات میں سے ایک مَدَنی انعام یہ بھی ہے :”کیا آج آپ نے پانچوں نمازیں مسجد کی پہلی صف میں تکبیرِ اُولیٰ کے ساتھ باجماعت ادا فرمائیں ؟ نیز ہر بار کسی کو اپنے ساتھ مسجد میں لے جانے کی کوشش فرمائی ؟”
     اللہ تبارَکَ وتعالیٰ ہمیں تمام نمازیں مسجد کی پہلی صف میں باجماعت ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلَّم
اللہ عَزّوَجَلَّ کی اعلٰی حضرت پَر رَحمت ہو اور ان کے صد قے ہماری مغفِرت ہو
اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلَّم 
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!