سب سے افضل نماز
سب سے افضل نماز
حضرتِ سیدناابوہریرہ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ حسنِ اخلاق کے پیکر، نبیوں کے تاجورصلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : رمضان کے بعد افضل روزے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّکے مہینے محرم کے ہیں اور فرض کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے ۔(مسلم، کتا ب الصیام، با ب فضل صوم المحرم، ص۵۹۱، حدیث:۱۱۶۳)
مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اِس حدیث پا ک کے تحت فرماتے ہیں : فرض سے مراد نماز پنجگانہ ہے مع سنن مؤکدہ اور وتر کے ، اور رات کی نماز سے مرادتہجد ہے یعنی فرائض وتر اورسنن مؤکدہ کے بعد درجہ نمازِ تہجد کاہے کیوں نہ ہو کہ اس نماز میں مشقت بھی زیادہ ہے اور خصوصی حضور بھی غالب، یہ نماز حضورِ انور صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر فرض تھی، رب تعالیٰ فرماتاہے :
وَ مِنَ الَّیْلِ فَتَهَجَّدْ بِهٖ نَافِلَةً لَّكَ (پ۱۵، بنی اسرائیل:۷۹)
(ترجمۂ کنزالایمان : اور رات کے کچھ حصہ میں تہجد کرو یہ خاص تمہارے لئے زیادہ ہے )
رب تعالیٰ نے تہجد پڑھنے والوں کے بڑے فضائل بیان فرمائے :
تَتَجَافٰى جُنُوْبُهُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ (پ۲۱، السجدۃ:۱۶)
(ترجمۂ کنزالایمان : ان کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں خوابگاہوں سے )
اور فرماتا ہے :
وَ الَّذِیْنَ یَبِیْتُوْنَ لِرَبِّهِمْ سُجَّدًا وَّ قِیَامًا(۶۴) (پ۱۹، الفرقان:۶۴)
(ترجمۂ کنزالایمان : اور وہ جو رات کاٹتے ہیں اپنے رب کے لئے سجدے اور قیام میں)
وغیرہ۔فقیر کی وصیت ہے کہ ہر مسلمان ہمیشہ تہجد پڑھے اور اس نماز کا ثواب حضور انورصلَّی اللّٰہ علیہ وسلَّم کی بارگاہ میں ہدیہ کردیا کرے بلکہ انہی کی طرف سے ادا کیا کرے ، اِنْ شَآءَاللہ (عَزَّوَجَلَّ )وہاں سے بہت کچھ ملے گا۔(مراٰۃ المناجیح، ۳/ ۱۸۰)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد