اسلامعقائدفضائل

قرآن شریف کا بیان

قرآن پاک اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اس نے اپنے بندوں کی رہنمائی کے لئے اتارا۔ اس میں سارے علم ہیں اور وہ بے مثل کتاب ہے ویسی کوئی دوسرا نہیں بنا سکتا ہے چاہے تمام دنیا کے لوگ مل جائیں مگر ایسی کتاب نہیں بناسکتے۔
اللہ تعالیٰ نے یہ کتاب اپنے پیارے نبی حضور محمد مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم پر اتاری جیسے اس سے پہلے توریت حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ، زبور حضرت داؤ د علیہ السلام پر، انجیل حضرت عیسٰی علیہ السلام پر اور دوسری کتابیں اور نبیوں علیہم السلام پر اتاری تھیں وہ سب کتابیں بر حق ہیں۔ہمارا ان سب پر ایمان ہے مگر پہلے زمانہ کے شریر لوگوں نے اگلی کتابوں کو بدل ڈالا وہ اصلی نہیں ملتیں۔ قرآن شریف کا اللہ تعالیٰ خود نگہبان ہے اس لئے وہ جیسا اُترا ویسا ہی ہے اور ہمیشہ ویسا ہی رہے گا سارا زمانہ چاہے تو بھی اس میں ایک حرف کا فرق نہیں آسکتا۔

سوالات

سوال: دنیا میں کوئی آسمانی کتاب بھی ہے؟
جواب: جی ہاں۔
سوال: آسمانی کتاب سے کیا مطلب ہے؟
جواب: خداکی کتاب۔
سوال: کون سی؟
جواب: قرآن شریف۔
سوال: اس میں کیا بیان ہے؟
جواب: اس میں سارے علم ہیں۔

سوال : وہ کتاب کس لئے آئی ہے؟
جواب: بندوں کی رہنمائی کیلئے تاکہ بندے اللہ اور اس کے رسول کو جانیں اور ان کی مرضی کے کام کریں۔
سوال: قرآن شریف کس پر اترا؟
جواب: حضرت محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم پر۔
سوال: کب اُترا؟
جواب: اب سے تیرہ سو برس پہلے(۱)۔
سوال: کیا قرآن شریف کے سوا اللہ تعالیٰ نے کوئی اور کتاب بھی اُتاری تھی؟
جواب: جی ہاں۔
سوال: کون کون سی؟
جواب: سب کتابوں کے نام تو معلوم نہیں۔ مشہور کتابیں یہ ہیں۔ توریت شریف ، انجیل شریف، زبور شریف۔
سوال: کیا صحیح توریت ، صحیح انجیل اور صحیح زبور آج کل کہیں ملتی ہے؟
جواب: جی نہیں۔
سوال: کیوں؟
جواب: عیسائیوں اور یہودیوں نے ان کتابوں میں اپنی مرضی سے گھٹا بڑھا کر کچھ کا کچھ کر دیا۔
سوال: کیا صحیح قرآن شریف ملتا ہے؟
جواب: جی ہاں قرآن شریف ہر جگہ صحیح ملتا ہے۔

سوال : کیا وہ نہیں بدلا؟
جواب: وہ نہیں بدل سکتا ۔ اس میں ایک حرف کا بھی فرق نہیں ہو سکتا۔
سوال: کیوں؟
جواب: اس لئے کہ اسکا نگہبان اللہ ہے۔
سوال: قرآن شریف کہاں ملتا ہے؟
جواب: ہر شہر اور ہر گاؤں میں ، ہر مسلمان کے گھر میں ہوتا ہے اور مسلمانوں کے بچے بچے کویاد ہے۔
سوال : تم نے کیسے جانا کہ وہ خد اکی کتاب ہے؟
جواب: جیسے خدا کی بنائی ہوئی چیزوں کی طرح کوئی چیز کسی سے نہیں بن سکتی ایسے ہی قرآن شریف کی طرح کوئی کتاب کسی سے نہیں بن سکی اس سے ہم نے جانا کہ وہ خدا کی کتاب ہے۔ آدمی کی ہوتی تو کوئی اور بھی ویسی ہی بنا سکتا۔
سوال: کیا ہندوؤں کے پاس کوئی خد اکی کتاب ہے؟
جواب: نہیں ۔
سوال: وید کیا ہے؟
جواب: پرانے زمانے کے شاعروں کی نظمیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(۱) یہ اس وقت ہے جب کتاب لکھی گئی تھی اب (۱۴۲۵ ہجری)تقریباً چودہ سوبرس گزرچکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!