سب سے عقل مند شہزادہ
حکایت نمبر426: سب سے عقل مند شہزادہ
حضرتِ سیِّدُناحَارِث بن محمدتَمِیْمِی علیہ رحمۃ اللہ القوی ایک قریشی بزرگ کے حوالے سے بیان فرماتے ہیں: ”ایک مرتبہ شاہ سکندر ذوالْقَرْنَیْن علیہ رحمۃربّ ِالکونین ایک ایسے شہرسے گزرے جس پرسات بادشاہوں نے حکومت کی تھی اور اب سب انتقال کر چکے تھے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے لوگوں سے پوچھا:”کیااس شہرپرحکومت کرنے والے بادشاہوں کی نسل میں سے کوئی ایک شخص بھی باقی ہے ؟”لوگوں نے کہا: ” ہا ں!ایک شخص باقی ہے ،لیکن اب وہ قبرستان میں رہتاہے۔”آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اسے بلوایااورپوچھا:”کس چیزنے تجھے قبرستان میں ر ہنے پرمجبورکیا؟” کہا:”عالی جاہ!میں نے ارادہ کیاکہ قبرستان جاؤں اور ہلاک ہونے والے بڑے بڑے بادشاہوں اوران کے فوت شدہ غلاموں کی ہڈیوں کوعلیحدہ علیحدہ کردوں تاکہ بادشاہوں کا غلاموں سے امتیاز ہوجائے۔ لیکن میں اپنی اس کوشش میں کامیاب نہ ہوسکاکیونکہ بادشاہوں اور غلاموں کی ہڈیاں ایک جیسی ہی ہیں۔”
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے پوچھا:”کیاتم میرے عہدے داران میں شامل ہونا چاہتے ہو؟ اس طرح تمہارے آباء و اجداد کا وقاربحال ہوجائے گا، اگرتم میں طاقت ہے تومیری پیشکش قبول کرلو۔”کہا : ”اگر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ میری ایک خواہش پوری کر دیں تومیں آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی پیش کش قبول کرلوں گا۔ ”آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:”بتاؤ! تمہاری کیاخواہش ہے؟”اس نے کہا:”ایسی زندگی جس میں موت نہ ہو،ایسی جوانی جسے بڑھاپا لاحق نہ ہو ، ایسی خوشحالی جس کے بعد تنگد ستی نہ ہواورایسی خوشی جس کے ساتھ غم نہ ہوں۔” آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا: ”ان میں سے کوئی بات بھی میں پوری نہیں کرسکتا۔”اس نے کہا: ”پھرآپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جایئے اورمجھے ان چیزوں کو اسی کے پاس ڈھونڈنے دیجئے جوان تمام چیزوں کامالک اور انہیں دینے پر قادر ہے۔” آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس کی یہ حکمت بھری باتیں سن کرکہا:”میں نے اسے تمام لوگوں سے زیادہ عقل مند پایا۔”
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)