اسلاماعمالمسائل

غیر کی زمین میں نماز پڑھنے کا حکم

غیر کی زمین میں نماز پڑھنے کا حکم

مسئلہ۱۷: زمین مغصوب (2 ) یا پرائے کھیت میں ، جس میں زراعت موجود ہے یا جتےکھیت (1 ) میں نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔ (درمختار، عالمگیری)
مسئلہ۱۸: مقبرہ ( 2) میں جو جگہ نماز کے لیے مقرر ہو اور اُس جگہ میں قبر نہ ہو تو وہاں نماز پڑھنے میں حرج نہیں ۔ کراہت اس وقت ہے کہ قبر سامنے ہو اور نمازی اور قبر کے درمیان کوئی چیز بقدر سترہ حائل نہ ہو، ورنہ اگر قبر داہنے یا بائیں یا پیچھے ہو یا سترہ کے برابر کوئی چیز حائل ہو تو کچھ کراہت نہیں ۔ (عالمگیری، غنیہ، قاضی خان)

کفار کے عبادت خانوں میں جانے کا حکم

مسئلہ۱۹: کفار کے عبادت خانوں میں نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے کہ وہ شیاطین کی جگہ ہے بلکہ ان میں جانابھی منع ہے۔

اُلٹا کپڑا پہن کر نماز پڑھنے کا حکم

مسئلہ۲۰: اُلٹا کپڑا پہن کر یا اُوڑھ کر نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے یوں ہی اَنگرکھے (3 ) کے بند نہ باندھنا اور اَچکن شیروانی (4 ) وغیرہ کے بٹن نہ لگانا اگر اس کے نیچے کرتا وغیرہ نہیں اور سینہ کھلا رہا تو مکروہ تحریمی ہے اور اگر نیچے کرتہ وغیرہ ہے تو مکروہ تنزیہی۔

________________________________
1 – وہ زمین جس کو ہل چلا کر کھیتی کے لیے تیار کرلیا ہو
2 – وہ عمارت جو قبر پر بنائی جائے ، مزار۔
3 – ایک لمبا مردانہ لباس۔
4 – کوٹ کی طرح کا ایک مردانہ لباس۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!