اسلام
تفسیرات انوار
تفسیرات انوار
’’تفسیرات انوار‘‘ تیرہویں صدی ہجری کی نابغہ روزگار شخصیت اور جامع الصفات ہستی شیخ الاسلام امام محمد انواراللہ فاروقیؒ کے ہزاروں صفحات پر پھیلے ہوئے تفسیری نکات کا نقش جمیل اور آپ کے قرآنی افکار کی آئینہ دار ہے جس کی خوبی یہ ہے کہ قرآنی الفاظ کے معانی کے درہائے نایاب کے حصول کے علاوہ دعوت اسلامی کی تفہیم وتدبر کا شعور نیزعصر حاضر کی اعتقادی وفکری نفسیات وزیغ کے کامل علاج کا نسخہ کیمیاء بھی ہے شیخ الاسلام ؒ کے تفسیری نکات میں سواد اعظم کے مسلک اہل سنت وجماعت کی بھر پور ترجمانی اور طرزبیان میں دل نشینی ملتی ہے جس سے کلام خداوندی کو سمجھ کر پڑھنے کا داعیہ اور جذبہ ابھرتاہے ۔
شیخ الاسلام ؒ کی قائم کردہ دانش گاہ جامعہ نظامیہ کے فارغ التحصیل سپوتوں نے علم وادب کی راہوں میں ہیروں کو تراشا ہے ان کی سنجیدہ علمی وقلمی کاوشیں زمانہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ او روقت کی ضرورتوں کی تکمیل ہواکرتی ہیں ، موجودالوقت قلمکاروں کے قافلہ میں ’’تفسیرات انوار‘‘ کے جامع ومؤلف مولانا محمد حنیف قادری کا بھی شمار ہوتا ہے جو جامعہ کی اعلی سند کامل الفقہ یافتہ ، تخلیقی صلاحتوں کے حامل ،جواں سال محقق ،قلمکار خطیب ، قرآن وسنت کے سرگرم مبلغ ، باصلاحیت معلم ہونے کے ساتھ تصنیف ، تالیف وتحقیق اور ترجمہ کا ذوق لطیف رکھتے ہیں۔
۱۷۰ذیلی عناوین ۲۷۰ڈیمی سائز صفحات، کمپیوٹر خطاطی ، عمدہ کاغذ ، دیدہ زیب ٹائٹل وطباعت سے مزین ہے۔
(روزنامہ منصف مورخہ ۲۶؍اگست ۲۰۰۵ء حیدرآباد اے ۔پی)