اسلام
روزے میں زیادہ سونا
روزے میں زیادہ سونا
حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا امام محمد غزالی علیہ رحمۃ اللہ الوالی کیمیائے سعادَت میں فرماتے ہیں، ”روزہ دار کے لئے سُنّت یہ ہے کہ دِن کے وَقت زیادہ دیر نہ سوئے بلکہ جاگتا رہے تاکہ بُھوک اور ضُعْف (یعنی کمزوری ) کا اَثر مَحسوس ہو۔” (کیمیائے سعادت ص ۱۸۵) (اگر چِہ افضل کم سونا ہی ہے پھر بھی اگر ضروری عبادات کے علاوہ کوئی شخص سویا رہے تو گنہگار نہ ہو گا)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!صاف ظاہِر ہے کہ جو دِن بھر روزہ میں سوکر وَقْت گُزاردے اُس کو روزہ کا پتا ہی کیا چلے گا؟ذرا سوچو تو سہی !
حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا اِمام مُحَمّد غَزالی علیہ رحمۃ اللہ الوالی تو زیادہ سونے سے بھی مَنْع فرماتے ہیں کہ اِس طرح بھی وَقْت فالتو ”پاس” ہوجائے گا ۔ تَو جو لوگ کھیل تَماشوں اور حرام کاموں میں وَقت بربادکرتے ہیں وہ کس قَدَر مَحرُوم و بد نصیب ہیں ۔ اِ س مُبارَک مہینے کی قَدر کیجئے،اِ س کا اِحتِرام بجالائیے،اِس میں خُوش دِلی کے ساتھ روزے رکھئے اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رِضا حاصِل کیجئے۔
اے ہمارے پیارے پیارے اللہ عَزَّوَجَلَّ فیضانِ رَمَضان سے ہر مسلمان کو مالا مال فرما۔ اس ماہِ مبارک کی ہمیں قَدْر ومَنزِلت نصیب کر اور اس کی بے ادبی سے بچا۔
امین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! احتِرامِ ماہِ رَمَضانُ المبارَک کا دل میں جذبہ بڑھانے ، اس کی خوب برکتیں پانے ڈھیروں ڈھیر نیکیاں کمانے اور خود کو گناہوں سے بچانے کیلئے تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ، دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول کو اپنانے اور عاشِقانِ رسول کے ساتھ سنّتوں کی تربیّت کے مَدَنی قافِلوں کے ساتھ سنّتوں بھرا سفر فرمانے کی سعادت حاصِل کیجئے۔ اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ وہ فوائد حاصِل ہوں گے کہ آپ کی عقل حیران رَہ جائے گی۔ ایک عاشقِ رسول کا روح پرور واقِعہ سنئے اور جھومئے ۔