اسلام
ملحق برباعی کے ابواب
٭(۵)۔۔۔۔۔۔ملحق برباعی مجردکے سات ابواب ہیں: (۱) فَعْلَلَۃٌ (۲) فَعْوَلَۃٌ
(۳) فَیْعَلَۃٌ (۴) فَعْیَلَۃٌ (۵) فَوْعَلَۃٌ (۶) فَعْنَلَۃٌ (۷) فَعْلاۃٌ ۔
ان ابواب کی علامات اور بنانے کے طریقے:
(۱)۔۔۔۔۔۔ فَعْلَلَۃٌ:
باب فَعْلَلَۃٌ میں لام کلمہ مکرر ہوتا ہے۔جیسے جَلْبَبَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد کے آخرمیں لام کلمہ کی جنس کا حرف بڑھاکراسے فَعْلَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے جَلَبَ (چادریا قمیص پہنانا)سے جَلْبَبَ(ایضاً)
(۲)۔۔۔۔۔۔ فَعْوَلَۃٌ:
باب فَعْوَلَۃٌ میں عین کلمہ کے بعد واؤ زائدہ ہوتاہے۔جیسے سَرْوَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں عین کلمہ کے بعدواؤ بڑھاکراسے فَعْوَلَکے وزن پر لے آئیں۔جیسے سَرْوَلَ(ازار پہنانا) مجرد مادہ( س، ر، ل)ہے۔
(۳)۔۔۔۔۔۔ فَیْعَلَۃٌ:
باب فَیْعَلَۃٌ میں فاء کلمہ کے بعدیاء زائدہ ہوتی ہے ۔جیسے خَیْعَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ کے بعد یاء بڑھاکراسے فَیْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے خَیْعَلَ(بغیر آستین کا کرتا پہنانا)مجردمادہ( خ،ع، ل)ہے۔
(۴)۔۔۔۔۔۔ فَعْیَلَۃٌ:
باب فَعْیَلَۃٌ میں عین کلمہ کے بعد یاء زائدہ ہوتی ہے۔جیسے شَرْیَفَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں عین کلمہ کے بعدیاء بڑھاکراسے فَعْیَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے شَرْیَفَ(کھیتی کے بڑھے ہوئے پتے کا ٹنا)مجرد مادہ ( ش،ر،ف)ہے۔
(۵)۔۔۔۔۔۔ فَوْعَلَۃٌ:
باب فَوْعَلَۃٌ میں فاء کلمہ کے بعدواؤ زائدہ ہوتا ہے۔جیسے جَوْرَبَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجردمیں فاء کلمہ کے بعدواؤ بڑھاکراسے فَوْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے جَوْرَبَ(جراب پہنانا)مجرد مادہ( ج،ر،ب)ہے۔
(۶)۔۔۔۔۔۔ فَعْنَلَۃٌ:
باب فَعْنَلَۃٌ میں عین کلمہ کے بعد نون زائدہ ہوتا ہے۔جیسے قَلْنَسَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں عین کلمہ کے بعدنون بڑھاکراسے فَعْنَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے قَلْنَس(ٹوپی پہنانا)مجرد مادہ(ق،ل،س)ہے۔
(۷)۔۔۔۔۔۔فَعْلاَ ۃٌ:
باب فَعْلَاۃٌ میں لام کلمہ کے بعد یاء زائدہ ہوتی ہے۔جیسے قَلْسٰی۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں لام کلمہ کے بعدیاء بڑھاکراسے فَعْلٰی کے وزن پر لے آئیں۔جیسے قَلْسٰی(ٹوپی پہنانا)مجرد مادہ( ق،ل،س)ہے۔
٭(۶)۔۔۔۔۔۔ملحق برباعی مز ید فیہ کی تین ا قسام ہیں:
(۱) ملحق بَاِفْعِلَّالٌ (۲) ملحق بَاِفْعِنْلاَلٌ (۳) ملحق بَتَفَعْلُلٌ۔
(۱)۔۔۔۔۔۔ملحق بَاِفْعِلَّالٌ کا صرف ایک باب ہے: اِفْوِعْلاَلٌ۔
اس کی علامت اور بنانے کا طریقہ:
(۱)۔۔۔۔۔۔ اِ فْوِعْلاَ لٌ:
باب اِفْوِعْلاَلٌ میں فاء کلمہ کے بعد واؤزائدہ اور لام کلمہ مشدد ہوتاہے جیسے اِکْوَھَدَّ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ کے بعدواؤ بڑھائیں اور لام کلمہ کو مشدد کر کے اسے اِفْوَعَلَّ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے اِکْوَھَدَّ (کوشش کرنا)مجرد مادہ (ک،ھ،د)ہے۔
٭(۲)۔۔۔۔۔۔ ملحق بَاِفْعِنْلاَلٌ کےدو ابواب ہیں(۱) (۱) اِفْعِنْلاَلٌ (۲)اِفْعِنْلاَء۔
ان کی علامت اور بنانے کا طریقہ:
(۱)۔۔۔۔۔۔ اِ فْعِنْلاَ لٌ:
باب اِفْعِنْلاَلٌ میں عین کلمہ کے بعد نون زائدہ اور لام کلمہ مکرر ہوتاہے جیسے اِقْعَنْسَسَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ اور عین کلمہ کے بعدنون بڑھائیں اور لام کلمہ کو مکررلاکر اسے اِفْعَنْلَلَ کے وزن پر لے آئیں۔جیسے اِقْعَنْسَسَ(سینہ وگردن نکال کر چلنا) مجرد مادہ (ق،ع،س)ہے۔
(۲)۔۔۔۔۔۔اِ فْعِنْلاَ ءٌ:
باب اِفْعِنْلاَ ءٌ میں عین کلمہ کے بعد نون اور آخر میں یاء زائدہ ہوتی ہے جیسےاِسْلَنْقٰی۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے ہمزہ ، عین کلمہ کے بعدنون اور لام کلمہ کے بعدیاء بڑھا کر اسے اِفْعَنْلٰی کے وزن پر لے آئیں۔جیسے اِسْلَنْقٰی(پشت کے بل سونا)مجرد مادہ (س،ل،ق)ہے۔
٭(۳)۔۔۔۔۔۔ ملحق بَتَفَعْلُلٌ کے آٹھ ابواب ہیں:(۱) تَفَعْلُلٌ (۲) تَفَعْوُلٌ (۳) تَفَیْعُلٌ (۴) تَفَوْعُلٌ (۵) تَفَعْنُلٌ (۶) تَمَفْعُلٌ (۷) تَفَعْلُتٌ (۸) تَفَعْلٍ۔
ان ابواب کی علامات اور بنانے کے طریقے:
(۱)۔۔۔۔۔۔ تَفَعْلُلٌ:
باب تَفَعْلُلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء زائدہ اور لام کلمہ مکرر ہوتاہے ۔جیسے: تَجَلْبَبَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء بڑھا دیں اور لام کلمہ کومکررکرکے اسے تَفَعْلَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَجَلْبَبَ (چادر پہننا)مجرد مادہ(ج،ل،ب)ہے۔
(۲)۔۔۔۔۔۔ تَفَعْوُلٌ:
باب تَفَعْوُلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورعین کلمہ کے بعد واؤ زائدہوتاہے۔ جیسے تَسَرْوَلَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اور عین کلمہ بعد واؤ بڑھاکر اسے تَفَعْوَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَسَرْوَلَ (شلوار پہننا) مجرد مادہ (س،ر،ل)ہے۔
(۳)۔۔۔۔۔۔ تَفَیْعُلٌ:
باب تَفَیْعُل ٌمیں فاء کلمہ سے پہلے تاء اور فاء کلمہ کے بعد یاء زائد ہوتی ہے۔ جیسے تَشَیْطَنَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورفاء کلمہ کے بعد یاء بڑھاکر اسے تَفَیْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَشَیْطَنَ (شیطان ہونا)مجرد مادہ (ش،ط،ن)ہے۔
(۴)۔۔۔۔۔۔ تَفَوْعُلٌ:
باب تَفَوْعُلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اور فاء کلمہ کے بعد واؤ زائد ہوتاہے۔ جیسے تَجَوْرَبَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورفاء کلمہ کے بعدواؤ بڑھاکر اسے تَفَوْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَجَوْرَبَ (جراب پہننا)مجرد مادہ(ج،ر،ب)ہے۔
(۵)۔۔۔۔۔۔ تَفَعْنُلٌ:
باب تَفَعْنُلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورعین کلمہ کے بعد نون زائد ہوتاہے۔ جیسے تَقَلْنَسَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورعین کلمہ کے بعدنون بڑھاکر اسے تَفَعْنَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَقَلْنَسَ(ٹوپی پہننا)مجرد مادہ (ق،ل،س)ہے۔
(۶)۔۔۔۔۔۔ تَمَفْعُلٌ:
باب تَمَفْعُلٌ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اور میم زائد ہوتے ہیں۔ جیسے تَمَسْکَنَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورمیم بڑھاکر اسے تَمَفْعَلَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَمَسْکَنَ (مسکین ہونا)مجرد مادہ (س،ک،ن)ہے۔
(۷)۔۔۔۔۔۔ تَفَعْلُتٌ:
باب تَفَعْلُت ٌمیں فاء کلمہ سے پہلے اور لام کلمہ کے بعد بھی تاء زائد ہو تی ہے۔ جیسے تَعَفْرَتَ۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے اورلام کلمہ کے بعدبھی تاء بڑھاکر اسے تَفَعْلَتَ کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَعَفْرَتَ(خبیث ہونا)مجردمادہ (ع،ف،ر)ہے۔
(۸)۔۔۔۔۔۔ تَفَعْلٍ:
باب تَفَعْلٍ میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اور لام کلمہ کے بعدیاء زائد(۱) ہوتی ہے ۔ جیسے تَقَلْسٰی۔
بنانے کا طریقہ:
ثلاثی مجرد میں فاء کلمہ سے پہلے تاء اورلام کلمہ کے بعد یاء بڑھاکر اسے تَفَعْلٰی کے وزن پر لے آئیں۔ جیسے تَقَلْسٰی(ٹوپی پہننا)مجرد مادہ (ق،ل،س)ہے۔
تنبیہ:
(۱)۔۔۔۔۔۔ان تمام ابواب کے بنانے کے مذکو رہ بالا طریقوں کے مطابق ہرایک باب سے فعل ماضی معروف واحد مذکر غائب کا صیغہ بنے گا۔
(۲)۔۔۔۔۔۔پھر ان میں تثنیہ وجمع، مذکرو مؤنث اورغائب وحاضرو متکلم کی علامات وضمائر داخل کر کے مکمل گردان کی جائے گی ۔
فائدہ:
گذشتہ اسباق میں مذکور ابواب کی تفصیل سے معلوم ہوا کہ کل ابوابِ مستعملہ چالیس (۴۰)ہیں:(چھ ثلاثی مجرد، بارہ ثلاثی مزید فیہ، ایک رباعی مجرد، تین رباعی مزیدفیہ، سات ملحق برباعی مجرد، اورگیارہ ملحق برباعی مزیدفیہ)
سوالات
سوال نمبر۱:ملحق برباعی مجرد کے کتنے اور کون کونسے ابواب ہیں ؟
سوال نمبر۲:ملحق برباعی مجردابواب کی علامت اور بنانے کا طریقہ بیان کیجئے۔
سوال نمبر۳:ملحق برباعی مزیدفیہ کے کتنے اور کون کونسے ابواب ہیں ؟
سوال نمبر۴:ابوابِ ملحق برباعی مزید فیہ کی علامات اور ان ابواب کے بنانے کے طریقے بیان فرمائیں۔
سوال نمبر۵:بتائیں کل ابواب کتنے اور کون کونسے ہیں؟
تنبیہ:
سوائے باب فَعْلاۃٌ ، اِفْعِنْلاَءٌ اور تَفَعْلٍ کے مذکورہ تمام ابواب سے فعل ماضی معروف کی مکمل گردانیں ترجمہ وصیغہ کے ساتھ اپنی کاپی پرخوش خط لکھیں۔
(۱)……مصدر میں یہ یاء حذف ہو جاتی ہے۔