اسلام

قرآن شریف کی سورتوں کے خواص

خواص بسم اﷲ الرحمن الرحیم
    ،،بسم اﷲشریف،، کے خواص اور اس آیت مبارکہ کی خاصیتیں بہت ہیں ان میں سے چند فوائد یہاں لکھے جاتے ہیں جو بزرگوں کے مجرب اور آزمودہ ہیں۔
خواص سو رۂ فاتحہ
    امام دارمی امام بیہقی وغیرہ کی روایت ہے کہ رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ سورۂ فاتحہ ہر مرض کی دوا ہے اس سورہ کا ایک نام ،،شافیہ،، اور ایک نام ،،سورۃ الشفا،، ہے اس لئے کہ یہ ہر مرض کے لئے شفاء ہے ۔ (سنن الدارمی،باب فضل خاتمہ الکتاب،رقم۳۳۷۰،ج۲،ص۵۳۸۔صاوی، الفاتحہ،ج۱،ص۱۳)
روزی کی فراوانی وغیرہ:۔
مسند دارمی میں ہے کہ سو مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر جو دعا مانگی جائے اس کو اﷲ تعالیٰ قبول فرماتا ہے۔
مکان سے جن بھاگ جائے:۔
اگر کسی گھر میں جن رہتا ہو اور پریشان کرتا ہو تو سورۂ ٔ فاتحہ اور آیۃ الکرسی اور سورۂ ٔ جن کی ابتدائی پانچ آیتیں پڑھ کر اور پانی پر دم کر کے مکان کے اطراف و جوانب میں چھڑک دینے کے بعد جن مکان میں سے چلا جائے گا اور ان شاء اﷲ تعالیٰ پھر نہ آئے گا ۔     (فیوض قرآنی)
شفاءِ امراض:۔  
  بزرگوں نے فرمایا ہے کہ فجر کی سنتوں اور فرض کے درمیان میں ۴۱ بار سورۂفاتحہ پڑھ کر مریض پر دم کرنے سے آرام ہو جاتا ہے اور آنکھ کا درد بہت جلد اچھا ہو جاتا ہے اور اگر اتنا پڑھ کر اپنا تھوک آنکھوں میں لگا دیا جائے تو بہت مفید ہے۔                          (فیوض قرآنی)
    حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اﷲ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ اگر کوئی مشکل پیش آجائے تو سورۂ ٔ فاتحہ اس طرح چالیس مرتبہ پڑھو کہ بسم اﷲ الرحمن الرحیم کی میم کو الحمد کے لام میں ملاؤ اور الرحمن الرحیم کو تین بار پڑھو اور ہر مرتبہ آخر میں تین بار ،،آمین،، کہو ان شاء اﷲ تعالیٰ مقصد حاصل ہوگا ۔ (فوائد الفوادمع ھشت بہشت،ح۲،ص۷۹بتغیرقلیل)
بیماری اور آفتوں کو دفع کرنے کے لئے:۔سات دنوں تک روزانہ گیارہ ہزار مرتبہ صرف اتنا پڑھے اِیَّاکَ نَعْبُدُوَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ اول آخر تین تین بار درود شریف بھی پڑھو بیماریوں اور بلاؤں کو دور کرنے کے لئے بہت ہی مجرب عمل ہے۔                          (فیوض قرآنی)
خواص سورۂبقر ہ
شیطان بھاگ جائے
:۔حدیث شریف میں ہے کہ جس گھر میں سورۂبقرہ پڑھی جاتی ہے وہاں سے شیطان بھاگ جاتا ہے۔ (ترمذی کتاب فضائل القران،باب ما جاء فی سورۃ البقرۃ،الحدیث۲۸۸۶،ج۴،ص۴۰۲)
بڑی برکت:۔
حدیث شریف میں ہے کہ سورۂ ٔ بقرہ سیکھو کہ اس کا حاصل کرنا بڑی برکت ہے اور اس کو چھوڑ دینا اور حاصل نہ کرنا بڑی حسرت کی بات ہے باطل پرست (جادوگر) اس کی تاب نہیں لا سکیں گے ۔     (مجمع الزوائد،باب منہ:فی فضل القرآن،الحدیث۱۱۶۳۳،ص۳۰۰،ج۷)
خواص آیۃ الکرسی
حدیث شریف میں ہے کہ یہ آیت قرآن مجید کی آیتوں میں بہت ہی عظمت والی آیت ہے۔             (درمنثور،ج۲،ص۶)
اس کے فوائد بہت زیادہ ہیں جو شخص ہر نماز کے بعد آیۃ الکرسی پڑھے گا اس کو حسب ذیل برکتیں نصیب ہوں گی۔
(۱)وہ مرنے کے بعد جنت میں جائے گا۔
(۲)وہ شیطان اور جن کی تمام شرارتوں سے محفوظ رہے گا۔
(۳)اگر محتاج ہوگا تو چند دنوں میں اس کی محتاجی اور غریبی دور ہو جائے گی۔
(۴)جو شخص صبح و شام اور بستر پر لیٹتے وقت آیۃ الکرسی اور اس کے بعد کی دو آیتیں خالدون تک پڑھا کریگا وہ چوری غرق آبی اور جلنے سے محفوظ رہے گا۔
(۵)اگر سارے مکان میں کسی اونچی جگہ پر لکھ کر اس کا کتبہ آویزاں کر دیا جائے تو ان شاء اﷲ تعالیٰ اس گھر میں کبھی فاقہ نہ ہو گا۔ بلکہ روزی میں برکت اور اضافہ ہو گا اور اس مکان میں کبھی چور نہ آسکے گا۔         (فیوض قرآنی)
تمہیں کوئی نہ دیکھ سکے:۔
اگر تم کسی خطرناک جگہ دشمنوں کے نرغے میں پھنس جاؤ یا دشمن تمہیں گرفتار کرنا چاہیں تو اپنے ساتھیوں سے کہو کہ وہ ایک دوسرے سے پیٹھ لگا کر بیٹھیں پھر تم ان کے گرد آیۃ الکرسی پڑھتے ہوئے ایک دائرہ کھینچو پھر تم بھی دائرہ کے اندر لوگوں سے پیٹھ لگا کر بیٹھو اور سات مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھو پھر قرآن کی ان آیتوں کو بھی پڑھو۔
    وَلَا یَئُوْدُہٗ حِفْظُھُمَاج وَھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ O وَحِفْظاً مِّنْ کُلِّ شَیْطٰنٍ مَّارِدٍO وَحِفْظاً ہ ذٰالِکَ تَقْدِیْرُ الْعَزِیْزِ الْعَلِیْمِ O وَحَفِظْنٰھَا مِنْ کُلِّ شَیْطٰنِ  الرَّجِیْمِO اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَاِنَّا لَہٗ لَحٰفِظُوْنَO لَہٗ مُعَقِّبٰتٌ مِّنْ م بَیْنِ یَدَیْہِ وَمِنْ خَلْفِہٖ یَحْفَظُوْنَہٗ مِنْ اَمْرِ اللہِ ؕ اَﷲُ حَفِیْظٌ عَلَیْھِمٌO وَمَا اَنْتَ عَلَیْھِمْ بِوَکِیْلٍO اِنْ کُلُّ نَفْسٍ لَّمَّا عَلَیْھَا حَافِظٌO بَلْ ھُوَ قُرْاٰنٌ مَّجِیْدٌo فِیْ لَوْحٍ مَّحْفُوْظٍO فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللہُ ق لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ ؕ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِO
کے بعد تین مرتبہ یَا حَفِیْظُ کہو پھر تین بار یہ پڑھو یَا حَفِیْظُ احْفَظْنَاO اَللّٰھُمَّ احْرِسْنَا بِعَیْنِکَ الَّتِیْ لَا تَنَامُOوَاکْنِفْنَا بِکَنْفِکَ الَّذِیْ لَا یُرَامُO     پھر تین بار یا اﷲ پڑھو اورتین بار یارب العلمین اب دائرہ کے تمام لوگ اور تم خود بھی بالکل خاموش ہو جاؤ آپس میں بھی بات چیت نہ کی جائے ان شاء اﷲتعالیٰ تم لوگوں کو کوئی بھی نہ دیکھ سکے گا اور کوئی بھی ضرر نہ پہنچا سکے گا بہت مجرب عمل ہے ۔                          (فیوض قرآنی)
خواص سورۂ آل عمران:۔
جو شخص قرض دار ہو گیا اگر وہ روزانہ سات بار سورۂ آل عمران پڑھتا رہے تو انشاء اﷲ تعالیٰ قرض سے سبکدوش ہوجائے گا اور اﷲ تعالیٰ غیب سے اس کی روزی کا سامان اور انتظام فرمائے گا۔
خواص سورۂ نساء:۔
اس سورہ کو سات مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کر کے میاں بیوی کو پلا دو تو دونوں میں محبت و موافقت پیدا ہو جائے گی اور اگر اس سورہ کو مشک و زعفران سے لکھ کر اور دھو کر خفقان کے مریض کو پلا دیں تو مرض خفقان زائل ہو جائے گا۔
خواص سورۂ مائدہ:۔
جو شخص اس سورہ کو روزانہ پڑھے گا وہ قحط اور فاقہ سے محفوظ رہے گا اور غیب سے اس کی روزی کا انتظام ہو جایا کریگا اس سورہ کو لکھ کر اور دھو کر استسقاء کے مریض کو پلا دیں تو آرام ہو جائے گا۔
خواص سورۂ انعام:۔
اس کے پڑھنے سے ہر طرح کی مشکل آسان ہو جاتی ہے کہا گیا ہے کہ مشکل دور ہونے کے لئے ایک بیٹھک میں اس کو اکتالیس بار پڑھو۔
خواص سورۂ اعراف:۔
تین بار پڑھ کر حاکم کے پاس جاؤ حاکم مہربان ہوجائے گا اور روزانہ اس کی تلاوت کرنے سے ہر آفت سے محفوظ رہو گے۔
خواص سورۂ انفال:۔
جو بلا قصور قید ہو سات بار اس سورہ کو پڑھے ان شاء اﷲ تعالیٰ قید سے رہائی ہو جائے گی۔
خواص سورۂ ٔ توبہ:۔
(۱)گیارہ مرتبہ پڑھ کر حاکم کے سامنے جاؤ وہ نرمی سے پیش آئے گا۔(۲)اس کا نقش مال و اسباب میں رکھو برکت ہوگی۔
خواص سورۂ ٔ یونس:۔
 (۱)اکیس بار پڑھنے سے دشمن پر فتح ہوگی۔
     (۲)تیرہ بار پڑھنے سے مصیبت دور ہوتی ہے۔
خواص سورۂ ٔ ہود:۔
دشمن پر فتح پانے کے لئے اس کو ہرن کی جھلی پر لکھ کر تعویذ بنا لو۔
خواص سورۂ ٔ یوسف:۔
(۱)۔حفظِ قرآن کی سہولت کے لئے پہلے سوررۂ ٔ یوسف یاد کر لو اس کی برکت سے پورا قرآن مجید حفظ کرنا آسان ہو جائے گا۔
(۲)جو شخص عہدہ سے معزول ہوگیا ہو وہ اس سورہ کو تیرہ بار پڑھے عہدہ بحال ہو جائے گا اور حاکم مہربان ہوگا۔
(۳)مفلس آدمی اسے پڑھ کر دعا مانگے ان شاء اﷲ چند روز میں غنی ہو جائے گا۔
خواص سورۂ ٔ رعد:۔
 جس گھر کے کاروبار کا فروغ اور جس باغ اور کھیت کی پیداوار کی ترقی منظور ہو اس کے چاروں کونوں پر اس سورہ کی ابتدائی آیتیں لقوم یتفکرون تک لکھ کر دفن کر دو لیکن دفن اس طرح کرو کہ تعویذ کو ہانڈی میں رکھ کر اور ہانڈی کے منہ کو بندکر کے دفن کرو تاکہ بے ادبی نہ ہو اگر رونے والے بچوں پر انیس بار پڑھ کر اس سورہ کو دم کر دیں تو بچے ہنسنے کھیلنے لگیں گے۔
خواص سورۂ ٔ ابراہیم:۔
جو شخص جادو کے زور سے نامرد بنا دیا گیا ہو وہ روزانہ تین بار اس سورہ کو پڑھے ان شاء اﷲ تعالیٰ جادو دفع ہو جائے گا اور نامردی دور ہو جائے گی۔
خواص سورۂ ٔ حجر:۔
اس سورہ کو لکھ کر تعویذ پہننے والا لوگوں کی نظروں میں محبوب ہوگا۔(۲)اس کے کاروبار میں ترقی اور روزی میں برکت ہوگی۔
خواص سورۂ ٔ نحل:۔
اگر اس کو لکھ کر دشمن کے مکان میں دفن کر دیں تو گھر ویران ہو جائے گا کھیت اور باغ میں دفن کر دیں تو ستیاناس ہو جائے گا لیکن یہ اسی دشمن کے لئے کرنا جائز ہے جس کو تباہ کرنے کے لئے شریعت اجازت دے۔
خواص سورۂ ٔ بنی اسرائیل:۔
اگر کوئی لڑکا کند ذہن یا توتلا ہو تو اس سورہ کومشک و زعفران سے لکھ کر گھولو اور پلاؤ ان شاء اﷲ تعالیٰ ذہن کھل جائے گا اور لڑکا فصیح زبان والا ہو جائے گا۔
خواص سورۂ ٔ کہف:۔
اس سورہ کو ہمیشہ پڑھنے والا برص و جذام اور بَلا، خصوصاً دجال کے فتنوں سے محفوظ رہے گا۔
خواص سورۂ ٔ مریم:
ـپریشان حال آدمی سات بار پڑھے تو غنی ہو جائے اس سورہ کو لکھ کر پینا تمام آفتوں سے بچنے کا تعویذ ہے باغ اور کھیت میں اس کا پانی ڈال دو تو پیدوار بڑھ جائے گی۔
خواص سورۂ طہٰ:۔
جس لڑکی کا نکاح نہ ہوتا ہو وہ اکیس بار پڑھے ان شاء اﷲ تعالیٰ کسی صالح مرد سے شادی ہو جائے گی اس کو بکثرت پڑھنے والے کی روزی کشادہ ہو جاتی ہے اور اس پر کوئی جادو نہیں چل سکتا۔
خواص سورۂ ٔ انبیاء:۔
جو شخص روزانہ اس کو تین مرتبہ پڑھے اس کا دل نور ایمان سے روشن ہو جاتا ہے اور اس کا رنج و غم دورہو جائے گا۔
خواص سورۂ ٔ حج:۔
کشتی اور جہاز پر سوار ہو کر تین بار پڑھ لو ان شاء اﷲتعالیٰ سلامتی کے ساتھ کشتی ساحل پر پہنچے گی اور اس کی تلاوت سے جان و مال محفوظ رہے گا۔
خواص سورۂ ٔ مومنون:۔
اس کی تلاوت کی برکت سے نماز کی کاہلی دور ہو جائے گی فسق وفجور سے نفرت اور شراب کی عادت چھوٹ جائے گی اس کا تعویذ پہننا مفلسی کو دور کرتا ہے۔
خواص سورۂ ٔ نور:۔
جسے احتلام ہو جایا کرتا ہے وہ تین بار اس سورہ کو پڑھ کر سوئے دشمنوں کی زبان بندی کے لئے پانچ بار پڑھیں زنا کار کو تین مرتبہ پڑھ کر اور پانی پر دم کر کے پلا دو ان شاء اﷲ اس کی یہ بری عادت چھوٹ جائے گی۔
خواص سورۂ ٔ فرقان:۔
اس کی تلاوت سے ظالم کے ظلم سے پناہ رہے گی اس کے نقش کا تعویذ سانپ بچھو سے محفوظ رکھتا ہے۔
خواص سورۂ ٔ شعراء:۔
اگر اولاد آدم یا ملازم نافرمان ہوں اور شرارت کرتے ہوں تو ان کی اصلاح کی نیت سے سات مرتبہ اس سورہ کو باوضو پڑھ کر دعا مانگو ان شاء اﷲتعالیٰ اصلاح ہو جائے گی۔
خواص سورۂ ٔ نمل:۔
اس کو ہرن کی جھلی میں لکھ کر صندوق میں رکھ دینے سے سانپ بچھو وغیرہ سے حفاظت رہے گی۔
خواص سورۂ قصص:۔
بیمار کو تین روز تک اس سورہ کو پانی پر دم کر کے پلائیں ان شاء اﷲ تعالیٰ شفاء ہو گی بالخصوص جذام دور کرنے کے لئے بہت مفید ہے۔
خواص سورۂ ٔ عنکبوت:۔
غم دور کرنے کے لئے اس سورہ کو سات بار پڑھو۔
خواص سورۂ روم:۔
دشمنوں پر فتح پانے کے لئے اس کو اکیس بار پڑھیں۔
خواص سورۂ لقمان:۔
اس کو پڑھنے والا کبھی پانی میں غرق نہیں ہوگا اور ہر بیماری سے شفاء پائے گا۔
خواص سورۂ سجدہ:۔
اس کو سات مرتبہ مریض بالخصوص جذامی اور دق والے پر پڑھ کر دم کریں ان شاء اﷲ شفاء ہو گی۔
خواص سورۂ احزاب:۔
جس لڑکی کے نکاح کا پیغام نہ آتا ہو اس کو اس سورہ کا نقش پہنا دو بہت جلد اس کی شادی ہو جائے گی۔
خواص سورۂ ٔ سبا:۔
ظالم کے ظلم سے نجات پانے کے لئے اس کو سات بار پڑھو اور موذی جانوروں سے بچنے کے لئے اس کو لکھ کر تعویذ بناؤ اور پہن لو۔
خواص سورۂ فاطر:۔
اگر اسے روزانہ بلا ناغہ با وضو پڑھا جائے تو روح میں بڑی طاقت اور بلند پروازی آجائے گی اور غیبی نعمتوں کے ملنے کا انتظام ہو جائے گا۔
خواص سورۂ ٔ یٰس:۔
کسی مردہ پر اس کو پڑھا جائے تو اس کو راحت ملتی ہے جو شخص ہر جمعہ کو اپنے والدین یا دونوں میں سے ایک کی زیارت کے لئے ان کی قبر پر جائے اور سوررۂ یس پڑھے تو ان کے اتنے گناہ بخش دئے جائیں جتنے اس سورہ میں حروف ہیں ۔                     (الدرالمنثور،ج۷،ص۴۹،۴۰)
علامہ خواجہ احمد دیربی نے ،،فتح الملک المجید،، میں لکھا ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے فرمایا کہ سوررۂ یس پڑھو اس میں بیس برکتیں ہیں:۔
(۱)بھوکا آدمی اس کو پڑھے تو آسودہ کیا جائے(۲)پیاسا پڑھے تو سیراب کیا جائے (۳)ننگا پڑھے تو لباس ملے (۴)مرد بے عورت والا پڑھے تو جلد اس کی شادی ہو جائے (۵)عورت بے شوہر والی پڑھے تو جلد شادی ہو جائے(۶)بیمار پڑھے تو شفا پائے(۷) قیدی پڑھے تو رہا ہو جائے (۸)مسافر پڑھے تو سفر میں اﷲعزوجل کی طرف سے مدد ہو (۹)غمگین پڑھے تو اس کا رنج و غم دور ہو جائے(۱۰)جس کی کوئی چیز گم ہوگئی ہو وہ پڑھے تو جو کھویا ہے وہ پاجائے باقی برکتوں کا ذکر نہیں کیا ہے سوررۂ یس کی ایک آیت سَلَامٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبِّ رَّحِیْمِ O کو ایک ہزار چار سو انہتر بار پڑھو ان شاء اﷲتعالیٰ جس مقصد سے پڑھو گے مراد پوری ہوگی خواجہ دیربی لکھتے ہیں کہ یہ مجرب ہے اور سَلَامٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبِّ رَّحِیْمِ O کو پانچ جگہ ایک کاغذ پر لکھ کر تعویذ باندھو تو حوادثات اور چور وغیرہ سے حفاظت رہے گی جو شخص صبح کو سوررۂ یس پڑھے گا اس کا پورا دن اچھا گزرے گا اورجو شخص رات میں اس کو پڑھے گااس کی پوری رات اچھی گزرے گی حدیث شریف میں ہے کہ یس قرآن کا دل ہے۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القران،باب ما جاء فی فضل یس ،الحدیث۲۸۹۶،ج۴،ص۴۰۶)
خواص سورۂ الصافات:۔
جس مکان میں جن رہتے ہوں وہاں اس سورہ کو لکھ کر صندوق میں مقفل کردیں ان شاء اﷲ جن کوئی ضرر نہ پہنچا سکیں گے۔
خواص سورۂ ٔ ص :۔
نظر بد کو دفع کرنے کے لئے سات بار اس سورہ کو پڑھ کر دم کریں۔
خواص سورۂ ٔ زمر:۔
اس کو روزانہ سات بار پڑھنے سے عزت اور دولت غیب سے ملتی ہے۔
خواص سورۂ مومن:
۔جسے پھوڑے نکلتے ہوں وہ روزانہ اس سورہ کو ایک بار پڑھ لیا کرے اور اگر اس سورہ کو لکھ کر دوکان میں آویزاں کریں تو خریدار بکثرت آئیں۔
خواص سورۂ ٔ حٰم  السجدہ:۔
جس کی آنکھوں میں کوئی عارضہ ہو وہ اس سورہ پاک کو لکھ کر پاک صاف پانی میں دھوئے اور آنکھوں میں لگائے یا اسی پانی میں سرمہ گھس کر آنکھوں میں لگائے ان شاء اﷲ تعالیٰ شفاء ہوگی۔
خواص سورۂ ٔ شوریٰ:۔
جو شخص اس سورہ کو روزانہ ایک بارپڑھتا رہے گا وہ دشمنوں پر غالب رہے گا۔
خواص سورۂ ٔ زخرف:۔
اس کو سات بار روزانہ پڑھنے سے تمام حاجتیں پوری ہوتی ہیں اور اس کا تعویذ تمام امراض کے لئے شفا ہے۔
خواص سورۂ ٔ دخان:۔
کوئی مشکل درپیش ہو تو اس کو سات بار پڑھیں او ل و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف بھی پڑھ لیں۔
خواص سورۂ ٔ جاثیہ:۔
جو شخص جان کنی کے عالم میں ہو اس پر اس سورہ کو پڑھ کر دم کرو ان شاء اﷲتعالیٰ سکرات کی سختی سے نجات پاجائے گا اور خاتمہ بالخیر ہو گا۔
خواص سورۂ ٔ احقاف:۔
اس کا دم کیا ہوا پانی آسیب والے کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔
خواص سورۂ ٔ محمد:۔
 اس کو آب زمزم میں مشک و زعفران حل کر کے لکھو اور پیو! عزت وعظمت ملے گی اور طرح طرح کی بیماریوں سے شفاء حاصل ہوگی۔
خواص سورۂ ٔ فتح:۔
دشمنوں پر فتح پانے کے لئے اس کو اکیس مرتبہ پڑھو اگر رمضان کا چاند دیکھ کر اس کے سامنے پڑھا جائے تو ان شاء اﷲ تعالیٰ سال بھر امن رہےگا۔
خواص سورۂ حجرات:۔
محبت رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اور ایمان کی سلامتی اور گھر میں خیر و برکت کے لئے اس کو اکتالیس بار پڑھ کر دعا مانگو اور پانی پر دم کر کے پی لو۔
خواص سورۂ ق :۔
باغ میں پھلوں کی کثرت اور کھیتوں میں پیداوار بڑھانے کے لئے اس سورہ کو اکیس مرتبہ پڑھ کر اور پانی پر دم کر کے درختوں اور کھیتوں پر چھڑک دیں بے شمار خیر و برکت ان شاء اﷲ تعالیٰ ہوگی۔
خواص سورۂ ذاریات:۔
اس کو ستر بار پڑھنے سے آدمی غنی ہو جاتا ہے اور قحط دفع ہو جاتا ہے۔
خواص سورۂ طور:۔
اگر جذامی اس کو پڑھے شفایاب ہو اگر مسافر پڑھے سفر میں بلاؤں اور آفتوں سے محفوظ رہے۔
خواص سورۂ نجم:۔
اسے اکیس بار پڑھنے سے حاجت بر آتی ہے اور اس کا پڑھنے والا دشمنوں پر فتح پاتا ہے۔
خواص سورۂ قمر:۔
شب جمعہ میں اس کو پڑھنے سے دشمنوں پر فتح ملتی ہے اور مرادیں پوری ہوتی ہیں۔
خواص سورۂ الرحمن:
۔اسے گیارہ بار پڑھنے سے تمام مقاصد پورے ہوتے ہیں اس کو لکھ کر اور دھو کر طحال کے مریض کو پلانا بہت مفید ہے۔
خواص سورۂ واقعہ:۔
مشکوۃ ج۱ص۱۸۹ میں حدیث ہے کہ جو شخص روزانہ سوررۂ ٔ واقعہ پڑھے گا اس کو کبھی فاقہ نہ ہوگا۔  (مشکوۃ المصابیح،کتاب فضائل القران،الفصل الثالث،رقم۲۱۸۱،ج۱،ص۵۹۷)
    حضرت خواجہ کلیم اﷲ صاحب رحمۃ اﷲ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ ادائے قرض اور فاقہ
دور کرنے کے لئے اس کو بعد مغرب پڑھو ۔  (مرقع کلیمی ص۱۳)
    بعض بزرگوں کا ارشاد ہے کہ مغرب کے بعد بلا کچھ بات کئے سوررۂ واقعہ پڑھ کر یہ دعا پڑھو۔
    اَللّٰھُمَّ یَا مُسَبِّبَ الْاَسْبَابِ وَیَامُفَتِّحَ الْاَبْوَابِ وَیَاسَرِیْعَ الْحِسَابِ یَّسِرْ لَنَا الْحِسَابَO اَللّٰھُمَّ اِنْ کَانَ رِزْقِیْ فِی السَّمَآءِ فَاَنْزِلْہُ وَاِنْ کَانَ فِی الْاَرْضِ فَاَخْرِجْہُ وَاِنْ کَانَ بِعِیْدًا فَقَرِّبْہُ اِلَیَّ وَاِنْ کَانَ قَرِیْبًا فَیَسِّرْہُ وَاِنْ کَانَ قَلِیْلاً فَکَثِّرہُ وَاِنْ کَانَ کَثِیْرًا فَخَلِّدْہُ وَطَیِّبْہُ وَاِنْ کَانَ طَیِّباً فَبَارِکْ لِیْ فِیْہِ اِنَّکَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌO
ان شاء اﷲ تعالیٰ کبھی فاقہ نہ ہوگا۔
خواص سورۂ حدید:۔
بیمار آدمی یا دشمن سے پریشان آدمی اس کو لکھ کر اپنے پاس رکھے تو انشاء اﷲ تعالیٰ بیماری اور پریشانی دور ہو جائے گی اور بعض بزرگوں کا قول ہے کہ جو شخص اس سورہ کو لکھ کر اپنے پاس رکھے گا تلوار وغیرہ کے حملوں سے محفوظ رہے گا۔
خواص سورۂ ٔ مجادلہ:۔
دو شخصوں یا جماعتوں کی باہم جنگ و جدال ختم کرانے کے لئے اس کا پڑھنا مفید ہے۔
خواص سورۂ حشر:۔
اگر حاجت براری کے لئے چار رکعت نماز پڑھی جائے اور ہر رکعت میں سوررۂ حشر ایک بار پڑھی جائے تو ان شاء اﷲ تعالیٰ حاجت پوری ہو گی چینی کی تختی پر اس کو لکھ کر پینا نسیان کا علاج ہے اس سورہ کی آخری تین آیتیں بہت اہم ہیں حدیث میں ہے کہ ان آیتوں میں ،،اسم اعظم،،ہے۔
خواص سورۂ ممتحنہ:۔
جس لڑکی کی شادی نہ ہوتی ہو اس کے لئے سوررۂ ممتحنہ پانچ مرتبہ پڑھی جائے ان شاء اﷲ تعالیٰ اس کا نکاح کسی نیک مرد سے ہو جائے گا۔
خواص سورۂ صف:۔
جو لڑکا ماں باپ کا نافرمان ہو اس پر تین بار سوررۂ صف پڑھ کر دم کر دو ان شاء اﷲ تعالیٰ فرمانبردار ہو جائے گا مسافر اس کو پڑھے تو امن وامان سے رہے گا روزی میں خیر و برکت ہوگی۔
خواص سورۂ جمعہ:۔
میاں بیوی میں اگر مخالفت ہو جائے تو جمعہ کے دن اس سورہ کو تین بار پڑھ کر اور پانی پر دم کر کے دونوں کو پلا دو دونوں میں ان شاء اﷲ تعالیٰ موافقت ہو جائے گی۔
خواص سورۂ منافقون:۔
چغلخوروں کے شر سے بچنے کے لئے اسے روزانہ پڑھو اور اگر آنکھ میں درد ہو تو اس کو پڑھ کر دم کرو۔
خواص سورۂ طلاق:۔
رنج و غم دور کرنے کے لئے اورہر بیماری سے شفاء کے لئے اس کی تلاوت بہت مفید ہے۔
خواص سورۂ تحریم:۔
ادائے قرض اور حصول غنا کے لئے اکیس بار پڑھو۔
خواص سورۂ ملک:۔
حدیث شریف میں ہے کہ جو شخص ہر رات میں اسے پڑھے گا وہ عذاب قبر سے محفوظ رہے گا ۔ (السنن الکبری للنسائی،کتاب عمل الیوم واللیلۃ،الفصل فی قراء ۃ تبارک الذی،رقم۱۰۵۴۷،ج۶،ص۱۷۹)
خواص سورۂ نون:۔
نماز میں اس سورہ کو پڑھنے سے فقر و فاقہ دور ہو جاتا ہے اور ستر بار پڑھنے سے چغلخوروں سے حفاظت ہو جاتی ہے۔
خواص سورۂ الحاقہ:۔
(۱)پانی پر دم کر کے آسیب زدہ کو پلاؤ۔(۲)جو بچہ زیادہ روتا ہو اس کو بھی پلاؤ۔(۳)جب بچہ پیدا ہو تو نہلانے کے بعد اس کا پڑھا ہوا پانی بچے کے منہ پر مل دو تو بچہ ان شاء اﷲ تعالیٰ بہت ذہین ہوگا۔
خواص سورۂ معارج:۔
احتلام کو روکنے کے لئے سونے سے پہلے آٹھ بار پڑھنا مفید ہے۔
خواص سورۂ نوح:۔
اس کی تلاوت د شمنوں پر غالب آنے کے لئے بہت مفید ہے۔
خواص سورۂ جن:۔
اس کی تلاوت سے آسیب اور جنوں کا اثر دور ہو جاتا ہے۔
خواص سورۂ مزمل:۔
اس کو گیارہ بار پڑھنے سے ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے۔
خواص سورۂ مدثر:۔
اس کو پڑھ کر حفظ قرآن مجید کی دعا مانگو ان شاء اﷲ تعالیٰ قرآن مجید کا یاد کرنا آسان ہو جائے گا۔
خواص سورۂ قیامۃ:۔
 اس کوپڑھ کر پانی پر دم کر کے پینے سے قلب میں نرمی اور رقت پیدا ہو جاتی ہے اور روزانہ پڑھنے سے مقبولیت حاصل ہوتی ہے۔
خواص سورۂ دھر:۔
اس کو بکثرت پڑھنے سے علم و حکمت کی باتیں زبان پر جاری ہو جاتی ہیں اور پچھتر بار پڑھنے سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔
خواص سورۂ مرسلات:۔
اس کو پڑھ کر دم کرنے سے ہر مرض خاص کر پھوڑا اچھا ہو جاتا ہے۔
خواص سورۂ النبا :۔
اس کو پڑھنے سے ضعف بصر کی شکایت دور ہو جاتی ہے پانی پر دم کر کے آنکھوں میں لگانا بھی مفید ہے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء علیہ الرحمۃ نے فرمایا ہے کہ جو شخص عصر کے بعد اس سورہ کو پانچ مرتبہ پڑھے گا وہ اسیر عشق الٰہی عزوجل ہو جائے گا۔ (فوائد الفوادمع ھشت بہشت، ح۳،ص۱۰۱)
خواص سورۂ والنازعات:۔
جو شخص روزانہ اس کو پڑھے اس کو جان کنی کی تکلیف نہیں ہوگی۔
خواص سورۂ ٔ عبس:۔
اس کی تلاوت نظر کی کمزوری اور رتوندھے کے لئے مفید ہے۔
خواص سورۂ تکویر:۔
پڑھ کر آنکھوں پر دم کرنے سے آشوب چشم اور جالا وغیرہ دور ہو جاتا ہے اور اگر اس سورہ کو زعفران سے لکھ کر سات روز تک نامرد کو پلایا جائے تو امید ہے کہ انقلاب حال شروع ہو جائے گا۔
خواص سورۂ انفطار:۔
اس کی تلاوت کی برکت سے قیدی جلد چھوٹ جاتا ہے۔
خواص سورۂ المطففین:۔
جس چیز پر پڑھ دو گے ان شاء اﷲ تعالیٰ وہ دیمک سے محفوظ رہے گی اور اگر لکھ کر بانجھ عورت کے گلے میں تعویذ پہنا دو تو ان شاء اﷲتعالیٰ وہ صاحب اولاد ہو جائے گی۔
خواص سورۂ انشقاق:۔
جس بچے کا دودھ چھڑانا منظور ہو اسے اس سورہ کا تعویذ پہنا دو درد زہ کی تکلیف میں گڑ اور پانی پر دم کر کے پلانے سے بہت جلد پیدائش ہو جاتی ہے۔
خواص سورۂ بروج:۔
عصر کے بعد تلاوت کرنے سے پھوڑا پھنسی سے نجات مل جاتی ہے۔
خواص سورۂ طارق:۔
اگر کان میں گونج یا درد پیدا ہو جائے تو اس کو پڑھ کر دم کرنے سے ان شاء اﷲتعالیٰ آرام ہو جائے گا اور بواسیر کا مریض پڑھتا رہے تو ان شاء اﷲتعالیٰ جلد شفا پائے گا۔
خواص سورۂ اعلیٰ:۔
اگر مسافر پڑھتا رہے سفر کی تمام آفتوں سے محفوظ رہے گا۔
خواص سورۂ غاشیہ:۔
اس کو پڑھ کر دم کرنے سے مریض کو شفا ملتی ہے۔
خواص سورۂ فجر:۔
آدھی رات کو پڑھ کر اگر بیوی سے صحبت کریں تو نیک بخت او لاد پیدا ہوگی۔
خواص سورۂ بلد:۔
اس کو پڑھنے سے امن و عافیت اور لوگوں کی محبت ملے گی۔
خواص سورۂ والشمس:۔
اس کو پڑھ کر مرگی والے کے کان میں پھونک مارنا بہت مفید ہے اگر بکری کے دودھ پر دم کر کے بد زبان آدمی کو پلاؤ ان شاء اﷲ تعالیٰ بد زبانی جاتی رہے گی۔
خواص سورۂ واللیل:۔
بچہ کی ولادت کے وقت اس کو تعویذ بنا کر بچے کو پہنا دو بچہ ہر قسم کے کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رہے گا جاڑا بخار والے کو اس کا تعویذ نفع بخش ہے۔
خواص سورۂ والضحیٰ:۔
اس کو ۳۵ مرتبہ پڑھ کر دعا مانگیں تو ان شاء اﷲ تعالیٰ بھاگا ہوا آدمی واپس آجائے گا۔
خواص سورۂ الم نشرح:۔
جس مال پر خرید نے کے بعد تین مرتبہ اسے پڑھ دیا جائے اس میں ان شاء اﷲ تعالیٰ خوب برکت ہوگی۔
خواص سورۂ والتین:۔
اس کو روزانہ تین مرتبہ جو پڑھے گا اس کے اخلاق و کردار نہایت بہترین ہو جائیں گے اگر حاملہ عورت کو ابتداء حمل سے روزانہ یہ سورہ پاک دھو دھو کر پلاتے رہیں تو ان شاء اﷲ تعالیٰ لڑکا حسین و جمیل پیدا ہو جائے گا سفید چینی کی طشتری پر زعفران سے لکھ کر پلائیں۔
خواص سورۂ اقرء :۔
گٹھیا اور جوڑوں کے درد کا علاج ترکیب یہ ہے کہ نماز فجر سے پہلے سات مرتبہ اس سورہ کو پڑھ کر تلاوت کا ایک سجدہ کریں اور سجدہ میں حَسْبِیَ اللہُ
وَنَعْمَ الْوَکِیْلُO نِعْمَ الَمَوْلٰی وَنِعْمَ النَّصِیْرُ سات مرتبہ پڑھیں۔
خواص سورۂ قدر:۔
جو شخص روزانہ اس کو صبح و شام تین تین بار پڑھے گا اﷲتعالیٰ اس کی عزت بڑھا دے گا۔
خواص سورۂ بیّنہ:۔
یہ برص اور یرقان کا علاج ہے ترکیب یہ ہے کہ اس سورہ کو
بکثرت پڑھا کریں اور اس کا نقش پانی میں گھول کر پلائیں ان شاء اﷲ تعالیٰ صحت ہو جائے گی۔
خواص سورۂ زلزال:۔
یہ سورہ چوتھائی قرآن کے برابر ہے اس کو ستر مرتبہ پڑھنے سے مشکل دور ہو جاتی ہے اور اس کے پڑھنے سے آسیب دور ہو جاتا ہے۔
خواص سورۂ والعادیات:۔
جس آدمی یا جانور کو نظر لگی ہو اس پر سات مرتبہ اس سورہ کو پڑھ کر دم کرو نظر دفع ہو جائے گی درد جگر والے کو یہ لکھ کر دھو کر تین دن تک پلائیں۔
خواص سورۂ القارعہ:۔
 اس سورہ کو ایک سو ایک بار پڑھ دینے سے نظر دفع ہو جاتی ہے مکان میں لکھ کر لگانے سے بلاؤں سے امان اور حفاظت رہتی ہے۔
خواص سورۂ تکاثر:۔
یہ ہزار آیتوں کے برابر ہے اس کو تین سو بار پڑھنے سے قرض بہت جلد ان شاء اﷲ تعالیٰ ادا ہو جائے گا اگر کسی مردہ سے ملاقات کرنی ہو تو اس سورہ کو شب جمعہ میں ایک سو تیرہ مرتبہ پڑھ کر سو جاؤ۔
خواص سورۂ والعصر:۔
اس کو پڑھنے سے غم دور ہو جاتا ہے مصیبت زدہ پر سات مرتبہ اس سورہ کو پڑھ کر دم کر دو۔
خواص سورۂ الھمزہ:۔
دشمن کے شر سے حفاظت کے لئے روزانہ گیارہ مرتبہ پڑھو۔
خواص سورۂ فیل:۔
دشمن کے شر سے حفاظت کے لئے اس سورہ کو ایک سو بار پڑھ کر دعا مانگو۔
خواص سورۂ قریش:۔
جان کی حفاظت اور فاقہ سے امن کے لئے روزانہ اس سورہ کو ستائیس مرتبہ پڑھنا مجرب ہے۔
خواص سورۂ الماعون:۔
بڑی مشکل پیش آجائے تو اس سورہ کو ہزار بار پڑھنا بہت مفید ہے۔
خواص سورۂ الکوثر:۔
لاولد صاحب اولاد ہو جائے اس کے لئے اس سورہ کو روزانہ پانچ سو مرتبہ پڑھے تین ماہ تک پڑھنے کے بعد ا ن شاء اﷲ تعالیٰ حمل قرار پا جائے گا اور آدمی صاحب اولاد ہو جائے گا۔
خواص سورۂ کافرون:۔
یہ چوتھائی قرآن کے برابر ہے جو ضرورت مند اتوار کے دن طلوع آفتاب کے وقت دس بار اس سورہ کو پڑھے اس کا کام بن جائے گا۔
خواص سورۂ اللہب:۔
دشمنوں کی مغلوبیت کے لئے اس کو بکثرت پڑھنا مفید ہے۔
خواص سورۂ اخلاص:۔
یہ سوررۂ پاک تہائی قرآن کے برابر ہے جو بیمار اپنی بیماری کے زمانے میں اس کو پڑھتا رہے اگر وہ اسی بیماری میں مرگیا تو حدیث کا بیان ہے کہ وہ قبر کے دبوچنے اور قبر کی تنگی کے عذاب سے محفوظ رہے گا اور قیامت کے دن فرشتے اس کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر اور اپنے بازوؤں پر بٹھا کر پل صراط پار کرا دیں گے اور جنت میں پہنچادیں گے۔
    جو شخص اس سورہ کو صبح و شام تین تین مرتبہ نیچے لکھی ہوئی دعا کی صورت میں پڑھے گا ان شاء اﷲتعالیٰ اس کی ہر دعا پوری ہوگی پڑھنے کی ترکیب یہ ہے۔     بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰالَمِیْنَO وَالصَّلٰوۃُ
وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّصَحْبِہٖ وَسَلِّمْO قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌO لَیْسَ کَمِثْلِہٖ اَحَدٌO لَا تُسَلِّطْ عَلٰی اَحَدٍO وَلَا تُجَوِّجْنِیْ اِلٰی اَحَدٍO وَاَغْنِنِیْ یَارَبِّ عَنْ کُلِ اَحَدٍO بِفَضْلِ قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌO اَﷲُ الصَّمَدُO لَمْ یَلِدْ وَلَمْ یُوْلَدْOوَلَمْ یَکُنْ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدُO اِلٰھِیْ یَامَنْ ھُوَ قَدِیْمٌ دَائِمٌ یَا حَیُّ یَاقَیُّوْمُ یَا اَوَّلُ یَا آخِرُ اِقْضِ حَاجَتِیْ یَا فَرْدُ یَافَرْدُ یَا صَمَدُ وَ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی سَیِّدنَا مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ وَسَلَّمَ۔
خواص سورۂ الفلق والناس:۔
صحیح مسلم میں حدیث ہے کہ (امن و پناہ کے باب میں) سوررۂ فلق اور سوررۂ ناس جیسی کوئی سورہ نہ دیکھو گے۔
 (صحیح مسلم،کتاب صلاۃ المسافرین،باب فضائل القران مایتعلق بہ،رقم۸۱۴،ص۴۰۶)
     ان دونوں سورتوں میں جن و شیطان اور حاسدوں کے شر سے محفوظ رہنے کی بے نظیر تاثیر ہے ان کو عمل میں لانے کی چند صورتیں درج ذیل ہیں۔
(۱)مسحور پر سو مرتبہ ان دونوں سورتوں کو پڑھ کر دم کرنے سے ان شاء اﷲ تعالیٰ سحر کا اثر زائل ہو جائے گا اور اگر پانی پراتنی ہی بار پڑھ کر دم کر دیا جائے اور پلایا جائے جب بھی جادو ٹوٹ جائے گا۔
(۲)اگر گیارہ گیارہ مرتبہ بھی پڑھیں جب بھی فائدہ ہو گا کئی روز تک ایسا کرنا ہوگا۔
(۳)جن بچوں کو ان دونوں سورتوں کا تعویذ پہنا دیا جائے وہ جن و شیطان اور تمام زہریلے جانوروں سے محفوظ رہیں گے ۔    (فیوض قرآنی)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!