اسلام
اعضاء کے روزوں کی تعریف
اعضاء کے روزوں کی تعریف
اَعضاء کا روزہ یعنی” جِسم کے تمام حِصّوں کو گُناہوں سے بچانا”یہ صِرف روزہ ہی کیلئے مخصوص نہیں بلکہ پُوری زندگی اِن اَعضاء کو گُناہوں سے بچانا ضَروری ہے اور یہ جَبھی ممکِن ہے کہ ہمارے دِلوں میں خوفِ خُدا عَزَّوَجَلَّ راسِخ ہوجائے۔آہ! قِیامت کے اُس ہَوشرُبا منظر کو یاد کیجئے جب ہر طرف ”نَفسی نَفسی ” کا عالَم ہوگا۔سُورج آگ برسا رہا ہو گا۔ زَبانیں شِدَّتِ پیاس کے سبب مُنہ سے باہَر نِکل پڑی ہوں گی۔بیوی شَوہر سے ،ماں اپنے لَخْتِ جِگر سے اور باپ اپنے نورِ نظرسے نَظربچا رہا ہوگا۔ مُجرِموں کو پکڑ پکڑ کر لایا جارہا ہوگا۔اُن کے مُنہ پر مُہر ماردی جائے گی اور اُن کے اَعضاء اُن کے گُناہوں کی داستان سُنارہے ہوں گے جِس کا قُرآن پاک کی ”سُورہ یٰسۤ ”میں یوں تَذکِرہ کیاگیا ہے-:
اَلْیَوْمَ نَخْتِمُ عَلٰۤی اَفْوَاہِھِمْ وَ تُکَلِّمُنَاۤ اَیۡدِیۡھِمْ وَ تَشْہَدُ اَرْجُلُھُمْ بِمَا کَانُوۡا یَکْسِبُوۡنَ ﴿۶۵﴾
ترجَمہ کنزالایمان:آج ہم اِن کے مُونہوں پر مُہر کردینگے اور ان کے ہاتھ ہم سے بات کریں گے اور ان کے پاؤں ان کے کئے کی گواہی دیں گے۔ ( پ۲۳ یٰس۶۵)
آہ !اے کمزور ونَاتواں اسلامی بھائیو!قِیامت کے اُس کڑے وَقت سے اپنے دِل کو ڈرایئے اور ہر وَقت اپنے تمام اَعضائے بَدَن کو مَعصِیَت کی مُصیبَت سے باز رکھنے کی کوشِش فرمایئے۔ اب اَعضاء کے روزے کی تفصیلات پیش کی جاتی ہیں۔