اسلام

حادثۂ رجیع

سفان و مکہ کے درمیان ایک مقام کا نام ”رجیع” ہے۔ یہاں کی زمین سات مقدس صحابۂ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے خون سے رنگین ہوئی اس لئے یہ واقعہ ”سریۂ رجیع” کے نام سے مشہور ہے۔ یہ درد ناک سانحہ بھی    ۴ ھ؁ میں پیش آیا۔ اس کا واقعہ یہ ہے کہ قبیلہ عضل وقارہ کے چند آدمی بارگاہ رسالت میں آئے اور عرض کیا کہ ہمارے قبیلہ والوں نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ اب آپ چند صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو وہاں بھیج دیں تا کہ وہ ہماری قوم کو عقائد و اعمال اسلام سکھا دیں۔ ان لوگوں کی درخواست پر حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے دس منتخب صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کوحضرت عاصم بن ثابت رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی ماتحتی میں بھیج دیا۔ جب یہ مقدس قافلہ مقام رجیع پر پہنچا تو غدار کفار نے بدعہدی کی اور قبیلۂ بنو لحیان کے کافروں نے دو سو کی تعداد میں جمع ہو کر ان دس مسلمانوں پر حملہ کر دیا مسلمان اپنے بچاؤ کے لئے ایک اونچے ٹیلہ پر چڑھ گئے۔ کافروں نے تیر چلانا شروع کیا اور مسلمانوں نے ٹیلے کی بلندی سے سنگ باری کی۔ کفار نے سمجھ لیا کہ ہم ہتھیاروں سے ان مسلمانوں کو ختم نہیں کر سکتے تو ان لوگوں نے دھوکہ دیا اور کہا کہ اے مسلمانو!ہم تم لوگوں کو امان دیتے ہیں اور اپنی پناہ میں لیتے ہیں اس لئے تم لوگ ٹیلے سے اتر آؤ حضرت
عاصم بن ثابت رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ میں کسی کافر کی پناہ میں آنا گوارا نہیں کر سکتا۔ یہ کہہ کر خدا سے دعا مانگی کہ ” یااﷲ! تو اپنے رسول کو ہمارے حال سے مطلع فرما دے۔” پھر وہ جوش جہاد میں بھرے ہوئے ٹیلے سے اترے اور کفار سے دست بدست لڑتے ہوئے اپنے چھ ساتھیوں کے ساتھ شہید ہو گئے۔ چونکہ حضرت عاصم رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے جنگ ِ بدر کے دن بڑے بڑے کفار قریش کو قتل کیا تھااس لئے جب کفار مکہ کو حضرت عاصم رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی شہادت کا پتہ چلا تو کفار مکہ نے چند آدمیوں کو مقام رجیع میں بھیجا تا کہ ان کے بدن کا کوئی ایسا حصہ کاٹ کر لائیں جس سے شناخت ہو جائے کہ واقعی حضرت عاصم رضی اللہ تعالیٰ عنہ قتل ہو گئے ہیں لیکن جب کفار آپ کی لاش کی تلاش میں اس مقام پر پہنچے تو اس شہید کی یہ کرامت دیکھی کہ لاکھوں کی تعداد میں شہد کی مکھیوں نے ان کی لاش کے پاس اس طرح گھیرا ڈال رکھا ہے جس سے وہاں تک پہنچنا ہی نا ممکن ہوگیا ہے اس لئے کفارِ مکہ ناکام واپس چلے گئے۔ (1)(زرقانی ج۲ ص۷۳ و بخاری ج۲ ص۵۶۹)
باقی تین اشخاص حضرت خبیب و حضرت زید بن دثنہ و حضرت عبداﷲ بن طارق رضی اﷲ تعالیٰ عنہم کفار کی پناہ پر اعتماد کرکے نیچے اترے تو کفار نے بدعہدی کی اور اپنی کمان کی تانتوں سے ان لوگوں کو باندھنا شروع کر دیا،یہ منظر دیکھ کر حضرت عبداﷲ بن طارق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ یہ تم لوگوں کی پہلی بدعہدی ہے اور میرے لئے اپنے ساتھیوں کی طرح شہید ہو جانا بہتر ہے۔ چنانچہ وہ ان کافروں سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔(2)(بخاری ج۲ ص۵۶۸ و زُرقانی ج۲ ص۶۷)
لیکن حضرت خبیب اور حضرت زید بن دثنہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہما کو کافروں نے باندھ دیا تھا اس لئے یہ دونوں مجبور ہو گئے تھے۔ ان دونوں کو کفار نے مکہ میں لے جا کر بیچ ڈالا۔ حضرت خبیب رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے جنگ ِ اُحد میں حارث بن عامر کو قتل کیا تھا اس لئے اس کے لڑکوں نے ان کو خرید لیاتاکہ ان کو قتل کرکے باپ کے خون کا بدلہ لیا جائے اور حضرت زید بن دثنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اُمیہ کے بیٹے صفوان نے قتل کرنے کے ارادہ سے خریدا۔ حضرت خبیب رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو کافروں نے چند دن قید میں رکھاپھر حدود ِحرم کے باہر لے جا کر سولی پر چڑھا کر قتل کر دیا۔ حضرت خبیبرضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قاتلوں سے دو رکعت نماز پڑھنے کی اجازت طلب کی،قاتلوں نے اجازت دے دی۔ آپ نے بہت مختصر طور پر دو رکعت نماز ادا فرمائی اور فرمایا کہ اے گروہ کفار! میرا دل تو یہی چاہتا تھا کہ دیر تک نماز پڑھتا رہوں کیونکہ یہ میری زندگی کی آخری نماز تھی مگر مجھ کو یہ خیال آ گیا کہ کہیں تم لوگ یہ نہ سمجھ لو کہ میں موت سے ڈر رہا ہوں۔ کفار نے آپ کو سولی پر چڑھا دیا اس وقت آپ نے یہ اشعار پڑھے    ؎
فَلَسْتُ اُبَالِیْ حِیْنَ اُقْتَلُ مُسْلِمًا
عَلٰی اَیِّ شِقٍّ کَانَ ﷲ مَصْرَعی
جب میں مسلمان ہوکر قتل کیا جا رہا ہوں تو مجھے کوئی پروا نہیں ہے کہ میں کس پہلو پر قتل کیا جاؤں گا۔
وَذَالِکَ فِیْ ذَاتِ الْاِ لٰہِ وَاِنْ یَّشَأْ
یُبَارِکْ عَلٰی اَوْصَالِ شِلْوٍ مُّمَزَّعٖ
یہ سب کچھ خدا کے لئے ہے اگر وہ چاہے گاتو میرے کٹے پٹے جسم کے ٹکڑوں پر برکت نازل فرمائے گا۔
حارث بن عامر کے لڑکے ”ابو سروعہ” نے آپ کو قتل کیامگر خدا کی شان کہ یہی ابو سروعہ اور ان کے دونوں بھائی ”عقبہ” اور”حجیر” پھر بعد میں مشرف بہ اسلام ہوکر صحابیت کے شرف و اعزاز سے سرفراز ہو گئے۔(1)
             (بخاری ج۲ ص۵۶۹ و زُرقانی ج۲ ص۶۴ تا ۷۸)
1۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب المغازی، باب غزوۃ الرجیع…الخ،الحدیث:۴۰۸۶،ج۳،ص۴۶ 
والمواھب اللدنیۃ وشرح الزرقانی،باب بعث الرجیع،ج۲،ص۴۷۷۔۴۸۱ملخصاً وص۴۹۳۔۴۹۵
ومدارج النبوت ، قسم سوم،باب چہارم ،ج۲،ص۱۳۸ ملتقطاً
2۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب المغازی، باب غزوۃ الرجیع…الخ، الحدیث:۴۰۸۶،ج۳،ص۴۶ 
والمواھب اللدنیۃ و شرح الزرقانی ، باب بعث الرجیع ،ج۲،ص۴۸۱
1۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب المغازی، باب غزوۃ الرجیع…الخ،الحدیث:۴۰۸۶،ج۳،ص۴۶
والمواھب اللدنیۃ وشرح الزرقانی، باب بعث الرجیع ،ج۲،ص۴۸۲۔۴۸۷،۴۸۹ملخصاً

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!