اسلام

حضرت صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات

حضرت صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات

    آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات کا اصلی سبب حضور انور سید عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی وفات ہے جس کا صدمہ دمِ آخر تک آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قلب مبارک سے کم نہ ہوا اور اس روزسے برابر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا جسم شریف گھلتا اور دبلا ہوتا گیا ۔
    7 جمادی الاخر ی 13 ھ؁ روز دو شنبہ کو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے غسل فرما یا ، دن سرد تھا ، بخار آگیا۔ صحابہ عیادت کے لئے آئے۔ عرض کرنے لگے: اے خلیفۂ رسول! صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم ورضی اللہ تعالی عنہ اجازت ہوتو ہم طبیب کو بلائیں جو آپ کو دیکھے۔ فرمایا کہ طبیب نے تو مجھے دیکھ لیا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ پھر طبیب نے کیا کہا؟ فرمایا کہ اس نے فرمایا: اِنِّیْ فَعَّالٌ لِّمَا اُرِیْدُ۔ یعنی میں جو چاہتا ہو ں کرتاہوں۔ مراد یہ تھی کہ حکیم اللہ تعالیٰ ہے اس کی مرضی کو کوئی ٹال نہیں سکتا، جو مشیت ہے ضرور ہوگا۔یہ
حضرت کاتوکلِ صادق تھا اور رضائے حق پر راضی تھے۔
     اسی بیماری میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عبدالرحمن عوف اور حضرت علی مرتضی اور حضرت عثمان غنی وغیر ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مشورے سے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنے بعد خلافت کے لئے نامزد فرمایااور پندرہ روز کی علالت کے بعد 22 جمادی الاخری 13 ھ؁ شب ِسہ شنبہ کو تریسٹھ سال کی عمر میں اس دارِنا پائیدار سے رحلت فرمائی۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔


(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});

    حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جنازہ کی نماز پڑھائی اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنی وصیت کے مطابق پہلوئے مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم میں مدفون ہوئے۔ 
    آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دو سال اور سات ماہ کے قریب خلافت کی۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات سے مدینہ طیبہ میں ایک شور برپا ہوگیا۔ آپ کے والد ابو قحافہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جن کی عمر اس وقت ستانوے برس کی تھی۔ دریافت کیا کہ یہ کیسا غوغا ہے؟ لوگوں نے کہا کہ آپ کے فرزند رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رحلت فرمائی۔ کہا بڑی مصیبت ہے ان کے بعد کارِ خلافت کو ن انجام دے گا؟ کہا گیا: حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ۔ آپ کی وفات سے چھ ماہ بعد آپ کے والد ابو قحافہ نے بھی رِحْلَت فرمائی۔(1)
    کیا خوش نصیب ہیں خود صحابی، والد صحابی ، بیٹے صحابی ، پوتے صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہم و رضواعنہ۔
1۔۔۔۔۔۔تاریخ الخلفاء، ابوبکر الصدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ، فصل فی مرضہ ووفاتہ…الخ، 
ص۶۲۔۶۶ملتقطاً

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!