اسلام

افضلیت صدیق اکبر

افضلیت صدیق اکبر

   اہل ِسنت کا اس پر اجماع ہے کہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے بعد تمام عالَم سے
افضل حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں، ان کے بعدحضرت عمر،ان کے بعدحضرت عثمان ، ان کے بعد حضرت علی،ان کے بعد تمام عشرہ مبشرہ ، ان کے بعد باقی اہل بدر، ان کے بعد باقی اہل احد، ان کے بعد باقی اہل بیعت ، پھر تمام صحابہ۔ یہ اجماع ابو منصور بغدادی نے نقل کیاہے۔ابن عسا کر نے حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی فرمایا کہ ہم ابو بکر و عمرو عثمان و علی کو فضیلت دیتے تھے بحالیکہ سروراکرم علیہ الصلوٰۃ و السلام ہم میں تشریف فرما ہیں۔ اما م احمد وغیرہ نے حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا کہ آپ نے فرمایا کہ اس امت میں نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعد سب سے بہتر ابوبکر و عمر ہیں۔ رضی اللہ تعالیٰ عنہما۔ذہبی نے کہا کہ یہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بتواتر منقول ہے۔(1)
    ابن عساکر نے عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ سے روایت کی کہ حضرت علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ نے فرمایا: جو مجھے حضرت ابوبکر و عمر سے افضل کہے گا تو میں اس کو مُفْتَرِی کی سزادوں گا۔(2)     حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں بہت آیتیں اوربکثرت حدیثیں واردہوئیں جن سے آپ کے فضائل جلیلہ معلوم ہوتے ہیں۔ چند احادیث یہاں ذکر کی جاتی ہیں:


(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});

    ترمذی نے حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی کہ حضور اقدس نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرما یا :تم میرے صاحب ہو
حوض کوثر پر اور تم میرے صاحب ہو غار میں۔(1)
     ابن عساکرنے ایک حدیث نقل کی کہ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: نیکی کی تین سو ساٹھ خصلتیں ہیں۔ حضرت صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا کہ حضور ان میں سے کوئی مجھ میں بھی ہے۔ فرمایا: تم میں وہ سب ہیں تمھیں مبارک ہو۔ انھیں ابن عساکرنے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی،حضور اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ ابوبکر کی محبت اور ان کا شکر میری تمام امت پر واجب ہے۔ (2)
    بخاری نے حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی کہ حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ ابوبکر ہمارے سیّد وسردار ہیں۔(3)
     طبرانی نے اوسط میں حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی، آپ نے فرمایا :بعد رسول کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے سب سے بہتر ابوبکر و عمر ہیں، میری محبت اور ابوبکر و عمر کا بغض کسی مومن کے دل میں جمع نہ ہوگا۔(4)


(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});

1۔۔۔۔۔۔تاریخ الخلفاء، ابوبکر الصدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ، فصل فی انہ افضل الصحابۃ 
وخیرہم،ص۳۴ 
2۔۔۔۔۔۔تاریخ الخلفاء، ابوبکر الصدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ، فصل فی انہ افضل الصحابۃ 
وخیرہم،ص۳۵
1۔۔۔۔۔۔سنن الترمذی،کتاب المناقب،الحدیث:۳۶۹۰،ج۵،ص۳۷۸
2۔۔۔۔۔۔تاریخ الخلفاء،ابوبکر الصدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ،فصل فی الاحادیث الواردۃ فی 
فضلہ…الخ،ص۴۴
3۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب فضائل اصحاب النبی،باب مناقب بلال بن رباح…الخ، 
الحدیث:۳۷۵۴،ج۲،ص۵۴۷
4۔۔۔۔۔۔المعجم الاوسط للطبرانی،الحدیث:۳۹۲۰،ج۳،ص۷۹ملخصاً

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!