اسلام

آخرت کی تیاری کا بہترین طریقہ

آخرت کی تیاری کا بہترین طریقہ :

(آخرت کی تیاری کابہترین طریقہ یہ ہے کہ ) تُوہر وقت یہ تصور رکھ کہ بس موت آپہنچی ہے ،رو ح میرے گلے میں اٹکی ہوئی ہے ،بس چندسانس باقی ہیں اور میں سکرات کے عالم میں غمگین و پریشان ہوں۔ میری تمام خواہشات ملیا میٹ ہوگئیں ، گھر والوں کے لئے جو تمنا ئیں تھیں وہ خاک میں مل گئیں۔ میرے اِرد گر د میرے اہل و عیال کھڑے ہیں اور میں انہیں بڑی حسرت سے دیکھ رہا ہوں ، ان میں سے کوئی بھی میرے ساتھ قبر میں جانے کو تیار نہیں۔ بس میرے اعمال میرے ساتھ ہوں گے ، اگر اعمال اچھے ہوئے تو آخرت میں آسانی ہوگی اوراگر (معاذ اللہ عزوجل ) اعمال برے ہوئے تو وہاں کی تکلیف بر داشت نہ ہو سکے گی ۔
؎ نہ بیلی ہو سکے بھائی نہ بیٹا باپ تے مائی تو کیوں پھرتا ہے سودائی عمل نے کام آنا ہے
پھر حضرت سیدنا ابو معاویہ اسود علیہ رحمۃاللہ الاحدنے فرمایا :”تمام اُمور میں سب سے زیادہ اَجر وثواب کا باعث صبر ہے، مصائب پر صبر کرنا بہت عظیم اَمر ہے ، لہٰذا صبر سے کام لے ۔ اپنی زبان کو ہر وقت اللہ عزوجل کے ذکر سے تر رکھ ۔کبھی بھی اس کے ذکر سے غافل نہ رہ ، ہرہر سانس پر اس کی پاکی بیان کر۔”
؎ غلام اک دم نہ کر غفلت حیاتی پر نہ غُرّہ خدا کی یاد کر ہر دم کہ جس نے کام آنا ہے
پھر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے دوبارہ رونا شرو ع کردیا ۔
پھر فرمانے لگے: ”ہائے افسوس! وہ دن کیسا خوفناک ہوگا جس دن میرا رنگ متغیر ہوجائے گا ، اس دن کا خوف مجھے کھائے جاتا ہے ،جب زبانیں خشک ہوجائیں گی، اگربروزِ قیامت میرا زادِ آخرت کم پڑگیا تو میرا کیا بنے گا، اس وقت میں کہاں جاؤں گا ؟کون میر ی مدد کریگا؟”اِتنا کہنے کے بعد پھر درد بھرے انداز میں رونے لگے۔
؎ دِلا غافل نہ ہو، یکدم یہ دنیا چھوڑ جانا ہے بغیچے چھوڑ کر خالی زمیں اندر سمانا ہے
جب آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے پوچھا گیا:” حضور! یہ نصیحت آموز اور عظیم باتیں کس کے لئے ہیں اور آپ نے کہا ں سے سیکھی ہیں ؟ ”تو آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا: ”یہ ہر عقل مند کے لئے مفیدباتیں ہیں،جو بھی ان پر عمل کریگا فلاح وکامرانی سے مشرف ہوگا اور یہ تمام باتیں مَیں نے ایک بہت ہی دانا شخص حضرت سیدنا علی بن فضیل رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے سیکھی ہیں۔”
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی عليہ وسلم)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!