اسلام

(14) شرعی غلطی کرنے والے پر انفرادی کوشش

(14) شرعی غلطی کرنے والے پر انفرادی کوشش

     خلیفہ اعلیٰ حضرت ،حضرت مولانا سید ایوب علی صاحب علیہ رحمۃاللہ الواہب کا بیان ہے: ”ایک روز ایک صاحب کسی غیر مسلم کو اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحمَۃُ ربِّ الْعِزَّت کی بارگاہ میں لے کر آئے اور عرض کی:” یہ مسلمان ہونا چاہتا ہے ۔” فرمایا :” کلمہ پڑھوا دیا ہے؟ عرض کی:” ابھی نہیں پڑ ھوایا ۔”یہ سن کر مجددِدین وملت شاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن نے بلا تاخیر و تساہل فوراََاس غیر مسلم کو کہا: ”پڑھو !  ”لا الہ الا اﷲ محمد رسول اللہ ” اب کہو!” میں اس پر ایمان لایا، میرا دین مسلمانوں کا دین ہے۔ ایک خدا کے سوائے سب معبود جھوٹے ہیں ۔اللہ کے سوا کسی کی پوجا نہیں ہے۔ زندہ کرنے والا ایک اللہ ہے، مارنے والا ایک اللہ ہے، پانی برسانے والا ایک اللہ ہے، روزی دینے والا ایک اللہ ہے، سچا دین ”اسلام ”ہے ،باقی سب دین جھوٹے ہیں۔”اس کے بعد قینچی منگواکر اسکے بالوں کی
چوٹی کاٹی اور کٹورے میں پانی منگوا کر تھوڑا سا خود پیا باقی اسے دیا اور اس سے جو بچا، وہ حاضرین مسلمانوں نے تھوڑا تھوڑا پیا۔ اس خوش قسمت نومسلم کا اسلامی نام” عبداللہ” رکھا گیا۔پھرجو صاحب اسے لے کر آئے تھے ان سے فرمایا:”جس وقت کوئی اسلام میں آنے کو کہے، فوراً کلمہ پڑھادینا چاہیے کہ اگر کچھ بھی دیر کی تو گویا اتنی دیر اس کے کفر پر رہنے کی معاذ اللہ رضا مندی ہے۔ آپ کوچاہے تھا کہ اسے فوراً کلمہ پڑھا دیتے پھر یہاں لاتے یا اور کہیں لے جاتے۔” یہ سن کراس نے دست بستہ عرض کی:” حضور ! مجھے یہ بات معلوم نہ تھی میں اپنی اس غلطی پر نادم ہوکر سچے دل سے توبہ کرتا ہوں۔” فرمایا :” اللہ کریم معاف فرمانے والا ہے، آپ کلمہ پڑھ لیجئے۔” اس نے فوراَکلمہ پڑھا اور سلام ودست بوسی کے بعد واپس چلاگیا۔( حیاتِ اعلیٰ حضرت ،ج۱، ص ۲۸۶)
وہ توحید و رسالت کے معانی جس نے سمجھائے
حصارِ  دین وملت، ہادیئ  راہِ  ہُدی تم ہو
شریعت   میں  امامت   کا  رہا  سہرا تمہارے  سر
جو ہے اہلِ طریقت کے لئے قبلہ نما تم ہو 
وہ جس کے زہد وتقوٰی کو سراہا شان والوں نے 
کہا یوں  پیشواؤں نے ہمارے پیشوا تم ہو

مَدَنی پھول

    میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اس حکایت سے ہمیں یہ مَدَنی پھول ملا کہ جب بھی کوئی غیر مسلم مسلمان ہونا چاہے تو اسے فوراً کلمہ پڑھا دینا چاہے، اس کے بعدمزید احکام سکھانے کے لئے کسی عالمِ دین کے پاس لے جاناچاہے۔ خدائے
بزرگ وبرتر کا کروڑہا کروڑ احسان کہ اس خدائے حنان و منان نے ہمیں مسلمان بنایا اور پیارے حبیب مدینے والے مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں تادمِ آخر دینِ اِسلام پر ثابت قدم رکھے اور ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے ۔ اٰمین بجاہ ا لنبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم 
اللہ عَزّوَجَلَّ کی اعلٰی حضرت پَر رَحمت ہو اور ان کے صد قے ہماری مغفِرت ہو
اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلَّم 
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!