نماز ِعیدین : صَلٰوۃُ الْعِیْدَیْن
نماز ِعیدین : صَلٰوۃُ الْعِیْدَیْن
(1): عیدین کی شرائط
مسلمانوں کیلئے دوعیدیں سنت ہیں : (۱) : عید الفطر (۲): عید الاضحی۔
عیدین کی شرائط نماز جمعہ والی ہی ہیں ،اَلبتہ دو چیزوں میں فرق ہے :
[۱]: عیدین میں خطبہ سنت ہے اور عیدین کی نماز واجب ہے ،یہ دو رکعات ہیں جو باجماعت ادا کی جاتی ہیں ،اِن کیلئے اَذان واِقامت نہیں ہوتی اور ہر رکعت میں تکبیر تحریمہ کے علاوہ 3زائد تکبیریں واجب ہیں ۔
[۲]: عیدین میں خطبہ نمازِ عید کے بعد ہوگا بخلافِ جمعہ کے کیونکہ جمعہ میں خطبہ نماز سے پہلے ہوتا ہے۔
مسئلہ : عیدالفطر کے خطبہ میں خطیب مسلمانوں کو صدقہ فطر کے اَحکام بتائے گا جبکہ عید الاضحی میں قربانی ،تکبیراتِ عید اور اَیامِ تشریق کے اَحکامات بتائے گا ۔
(2): عیدین کی نماز کا طریقہ
سب سے پہلے امام تکبیر تحریمہ کہے گا،پھر ثناء پڑھے ،پھر تین زائد تکبیرات کہے اور ہر تکبیر کہتے وقت ہاتھ کانوں تک اُٹھائے،پھر تعوذ وتسمیہ پڑھے ،پھر سورۃ فاتحہ اور ایک سورۃ ساتھ ملائے او رپھر رکوع وسجود کرکے ایک رکعت مکمل کرے ۔
پھر دوسری رکعت کے شروع میں قرآت کرنے کے بعد تین زائد تکبیرات کہے اور ہر تکبیر کہتے وقت ہاتھ کانوں تک اُٹھائے ، پھرچوتھی تکبیر کہہ کر رکوع میں چلا جائے گا اور پہلی رکعت کی طرح دوسری ر کعت مکمل کرے اور پھر تشہد ،دُرودُ ودُعا کے بعد سلام پھیر لے ۔
مسئلہ : مستحب یہ ہے کہ پہلی رکعت میں سورۂ اعلیٰ اور دوسری میں سورۂ غاشیہ پڑھے ۔
(3): نماز عیدین کا وقت
سورج کے ایک نیزہ یا دو نیزہ برابر بلند ہونے سے لے کر زوال کے تھوڑی دیر پہلے تک ۔
(4): نمازِ جمعہ وعیدین کے واجب ہونے کی حکمت
شریعت نے نمازِ جمعہ وعیدین اِسلئے لازم قرار دیئے ہیں تاکہ تمام مسلمان ایک جگہ جمع ہو کر اَللہ کی رضا کیلئے ایک دوسرے سے محبت اور خیر سگالی کے جذبہ کا اِظہار کریں کیونکہ اِس سے دشمنوں کے سامنے مسلمانوں کی ہیبت طاری ہوگی ۔
مسئلہ : عیدین میں رشتہ داروں سے صلہ رحمی ،فقراء سے غمخواری اور مسلمان بھائیوں سے اَللہ کی رحمت وفضل پر مسرت کا اِظہار کرنا مستحب ہے کیونکہ اِرشاد ِباری تعالیٰ ہے :
{ قُلْ بِفَضْلِ اللّٰہِ وَبِرَحْمَتِہِ فَبِذٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوْا ہُوَ خَیْرٌ مِّمَّا یَجْمَعُوْنَ }
’’اے حبیب ! آپ فرمادیجئے کہ َاللہ کے فضل اور اُس کی رحمت پر اُنہیں چاہئے کہ خوشی منائیں ،یہ بہتر ہے اُس سے جو وہ جمع کرتے ہیں ۔‘‘ [یونس: ۵۸]