میزان پر مقرَّر فرشتے کا اعلان:
میزان پر مقرَّر فرشتے کا اعلان:
حضرت سیِّدُنا اَنَس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: ” میزان پر ایک فرشتے کی ذمہ داری ہے، جب کسی انسان کی نیکیوں کا پَلڑا بھاری ہوگاتو وہ فرشتہ ایسی بلندآواز سے اعلان کریگا جس کو تمام مخلوق سن لے گی: ”فلاں سعادت مند ہے، آج کے بعد وہ کبھی بدبخت نہ ہوگا۔”اور اگر اس کا پَلڑا ہلکا ہوگاتو وہی فرشتہ ویسی ہی بلندآواز سے اعلان کریگا:”فلاں شخص بدبخت ہے، آج کے بعد وہ کبھی سعادت مند نہ ہوگا۔”
(حلیۃ الاولیاء،صالح بن بشیر المری، الحدیث۸۲۴۱، ج۶، ص۱۸۷، بتغیرٍ قلیلٍ)
حضرت سیِّدُنا قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں:”کوئی شخص ایسا نہیں کہ جو جرم کرے اور اس کا جرم روزِقیامت کسی ایک پر بھی مخفی رہے۔”
پیارے اسلامی بھائیو! قبر والوں کو قید کر لیاگیا اور ان میں اکثر لوگوں کواپنی تجارت میں خسارہ ہوا لہٰذاجب تم ان کے پاس سے گزرو تو عبرت پکڑواور ان کے احوال میں غور وفکر کرو، وہ واپس لوٹنے کی تمنا کرتے ہیں اور ہاتھ سے گئی ہوئی چیز کو پانے کا سوال کرتے ہیں۔اے آزاد شخص!ان کی بیڑیوں کو یاد کر۔ اے حرکت کرنے والے شخص! تو نے ان کی پریشانیوں کو جان لیا تو اب اپنے نفس کوبھی گناہوں کے قید خانے سے چھٹکارہ دے دے اور تیا ر ہو جا کہ تو مطلوب ہے۔ اپنے دل میں اس دن کو یاد کر جس دن قلوب اُلَٹ پَلَٹ رہے ہوں گے اس سے پہلے کہ زبان کوپکڑلیاجائے اور انسان حیرت زدہ ہوجائے، پہچان ختم ہوجائے اور کفن پھیل جائيں، قیام ختم ہو جائے اور سفر طویل ہوجائے۔ منکر نکیر آئیں اورچیخ و پکار بلند ہوجائے یہاں تک کہ بندہ پہلوں سے جاملے گا اوراس کے پیچھے رہنے والے اس کو بھول جائیں گے،وہ بے چارہ وہاں قیدی ہوکر رہ جائے گا،پھروہ قیامت کے دن کھڑا ہوگا۔اس کی حالت یہ ہو گی کہ ننگے بدن اورحسرت زدہ ہوگا، اس وقت اس سے ساری عزتیں چھین لی جائیں گی، مصائب بڑھ جائیں گے اور بھاگنے کے تمام راستے بند ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے عجائب کاظہور ہوگا، چہرے
سیاہ ہوں گے اور نافرمان اپنی امیدوں سے ہاتھ دھو بیٹھے گا،پیٹھو ں پر بھاری بوجھ رکھ دیاجائے گااور نامۂ اعمال دائیں یا بائیں ہاتھ میں پکڑا دیا جائے گااور کسی شخص کے لئے جنت یا دوزخ کے سوا وہاں کوئی قیام گاہ نہ ہوگی۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!جلدی سے اللہ عزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں توبہ کرلو۔اللہ عزَّوَجَلَّ تم پررحم فرمائے!اس سے پہلے کہ تم ان ہولناکیوں کا معائنہ و مشاہدہ کرو۔
وَ اَنۡذِرْہُمْ یَوْمَ الْحَسْرَۃِ اِذْ قُضِیَ الْاَمْرُ ۘ
ترجمۂ کنزالایمان :اور انہیں ڈرسناؤ پچھتاوے کے دن کا،جب کام ہو چکے گا۔(پ16، مریم:39)