واقعات

حضرت سیِّدَتُنا رابعہ بصریہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہما کے چار سوالات:

حضرت سیِّدَتُنا رابعہ بصریہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہما کے چار سوالات:

منقول ہے کہ جب حضرت سیِّدَتُنا رابعہ عدویہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہا کے شوہر کا انتقال ہو گیا توحضرت سیِّدُنا حسن بصری علیہ رحمۃاللہ القوی نے اپنے چند احباب کے ساتھ اُن کے پاس آنے کی اجازت چاہی تو انہوں نے اجازت دے دی اور ایک پردہ درمیان میں حائل کر کے اس کے پیچھے بیٹھ گئیں۔ حضرت سیِّدُنا حسن بصری علیہ رحمۃاللہ القوی کے دوستوں نے استفسار کیا: ” آپ کے شوہر انتقال فرما چکے ہیں،لہٰذا اب آپ کو نکاح کر لینا چاہے۔”حضرت سیِّدَتُنا رابعہ عَدْوِیہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہا نے فرمایا: ”میں تمہاری رائے کا احترام کرتے ہوئے بڑی محبت و عزَّت سے نکاح کرلوں گی، لیکن مجھے یہ بتائیے کہ آپ میں سب سے بڑا عالم کون ہے؟تاکہ میں اس سے نکاح کروں۔” وہ بولے: ”حضرت سیِّدُنا حسن بصری (رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ)۔” پھرکہنے لگیں: ”اگر آپ میرے چار سوالات کے جوابات دے دیں تو میں آپ سے نکاح کر لوں گی۔”حضرت سیِّدُنا حسن بصری رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ارشاد فرمایا: ”پوچھو، اگر اللہ تعالیٰ نے توفیق عطا فرمائی تو جواب دوں گا۔”
چنانچہ، انہوں نے درج ذیل سوالات کئے:
(۱)۔۔۔۔۔۔فقیہہ عالِم کیا کہتا ہے کہ جب میں مر جاؤں گی تو کیا دُنیاسے مسلمان جاؤں گی یا کافرہ؟ آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے جواباً فرمایا:”یہ تو غیب ہے، جسے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔”
(۲)۔۔۔۔۔۔جب مجھے قبر میں رکھا جائے گا اور منکر نکیرسوالات کریں گے تو میں جوابات دے پاؤں گی یا نہیں؟ آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:”یہ بھی غیب ہے۔”
(۳)۔۔۔۔۔۔جب لوگ قیامت میں اٹھیں گے، اور اعمال نامے کھول کر بعضوں کے دائیں ہاتھ میں دیئے جائیں گے اور بعضوں کے بائیں ہاتھ میں،تو کیا میرا نامۂ اعمال مجھے سیدھے ہاتھ میں دیا جائے گا یا اُلٹے میں؟ توحضرت سیِّدُنا حسن بصری علیہ رحمۃاللہ القوی نے پھر یہی جواب دیا کہ” یہ بھی غیب ہے۔”
(۴) ۔۔۔۔۔۔جب تمام مخلوق میں سے ہر جنتی اور دوزخی گروہ کو پکارا جائے گااور بلایا جائے گا تو میں کس گروہ میں سے ہوں گی؟
تو اس کے جواب میں بھی آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے یہی فرمایا کہ”یہ بھی غیب ہے،اور غیب کو اللہ عَزَّوَجَلَّ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔”
اس کے بعدحضرت سیِّدَتُنا رابعہ عدویہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہانے ارشادفرمایا : ”جب معاملہ ایسا ہے (یعنی جب دنیا سے مسلمان رُخصت ہونے،نکیرین کے سوالات کے جوابات دینے،نامۂ اعمال کے دائیں ہاتھ میں ملنے اور جنّتی گروہ میں شامل ہونے کا علم نہیں)تو میں اس کی وجہ سے سخت پریشان و مضطرب ہوں لہٰذا مجھے کیسے شوہر کی حاجت ہوسکتی ہے اورکیسے اس کے لئے فارغ وقت نکال سکتی ہوں۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!