سنجیدہ رہیں
سنجیدہ رہیں
پیارے اسلامی بھائیو! سنجیدگی کو اپنے مزاج کا حصہ بنا لیجئے اور مذاق مسخری کی عادت پالنے سے پرہیز کریں ۔لیکن یاد رہے کہ رونی صورت بنا ئے رکھنے کا نام سنجیدگی نہیں اور نہ ہی بقدرِ ضرورت گفتگو کرنا یا کبھی کبھار مزاح کرلینااور مسکرانا سنجیدگی کے منافی ہے ۔ہاں! کثرتِ مزاح اور زیادہ ہنسنے سے پرہیز کریں کہ اس سے وقار جاتا رہتا ہے جیسا کہ حضرت سیدنا امیر المؤمنین عمر فاروق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ” جو شخص زیادہ ہنستا ہے، اس کا دبدبہ اور رعب چلا جاتا ہے اور جو آدمی(کثرت سے) مزاح کرتا ہے وہ دوسروں کی نظروں سے گر جاتا ہے ۔” (احیاء العلوم ج ۳، ص۲۸۳ )
مزاح بھی ایسا ہونا چاہيے جس کی وجہ سے کسی گناہ کا ارتکاب نہ کرنا پڑے مثلاً کسی کا دل دُکھا بیٹھنا یا جھوٹ بولنا وغیرہ ۔ جیسا کہ ،
سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا،”ایک شخص کوئی ایسی(جھوٹی) بات کہتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے پاس بیٹھنے والوں کو ہنساتا ہے ، لیکن وہ اسے آسمان کے زمین سے فاصلے سے بھی زیادہ فاصلے تک دور جہنم میں لے جائے گی ۔”
(مجمع الزوائد ، ج۸،ص۱۷۹، رقم:۱۳۱۴۹ )