اسلاماعمال

جادو سے حفاظت کے تین مدنی پھول

جادو سے حفاظت کے تین مدنی پھول

(۱) سورۂ فلق اور سورۂ ناس کی تلاوت(حکایت )

حضرت سیِّدُنا عقبہ ابن عامررضی اللّٰہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ: میں رسولُ اللّٰہ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھجُحْفَۃ اوراَبْواء کے درمیان سفر کر رہا تھاکہ اچانک ہمیں آندھی اور سخت تاریکی نے گھیر لیا تو آپ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ’’ سورۃُ الْفَلَقْ‘‘ا ور’’سورۃُ النَّاسْ‘‘کے ذریعے پناہ مانگی اور فرمانے لگے: اے عقبہ! ا ن دونوں سورتوں کے ساتھ پناہ مانگا کرو کہ کسی نے ان دونوں کے ساتھ پناہ مانگنے والے کی طرح پناہ نہیں مانگی ۔(ابوداوٗد،کتاب الوتر،باب فی المعوذتین،۲/۱۰۴،حدیث:۱۴۶۳)
مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اس حدیث ِپاک کے تحت فرماتے ہیں : اس سے معلوم ہوا کہ یہ دونوں سورتیں صرف جادو کے لئے ہی نہیں بلکہ دوسری آفتوں میں بھی کام آتی ہیں اگر ان کا تعویذ لکھ کر ساتھ رکھا جائے تو بھی اَمان ملتی ہے قرآنی آیات سے تعویذ جائز ہے۔( مراٰۃ المناجیح،۳/۲۵۲)

(۲) روزانہ عجوہ کھجور کھانے والا جادو سے محفوظ رہے

فرمانِ مصطَفٰے صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے :جو کوئی صُبْح سَویْرے سات عَجْوَہ چھوہارے کھائے تو اسے اس دن زہر اور جادو نقصان نہ دے گا ۔( بخاری، کتاب الاطعمہ،باب العجوۃ،۳/۵۴۰،حدیث:۵۴۴۵)

مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اِس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں :عَجْوَہمدینہ منورہ کے اعلیٰ قسم کے چھوہارے ہیں۔ ان کا رنگ سیاہ ہوتا ہے ان پر کچھ دھاریاں قدرتی ہوتی ہیں۔ عَوَالِی مَدِیْنہ میں ایک باغ ہے۔ جس میں عَجْوَہکے دو درخت ایسے ہیں جنہیں حضور صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے دستِ اَقدس سے لگایا، اب کچھ کم پھل دیتے ہیں فقیر نے ان درختوں کو بوسہ دیا ہے اور اس کے پھل کے11 دانے اپنے ساتھ لایا تھا۔ اس کا ایک دانہ ایک ریال کا ملتا ہے ، واقعیعَجْوَہ کھجور میں یہ تاثیر ہے مگر عَجْوَہمدینہ منورہ کا ہو ۔ ( مرقات)(مراٰۃ المناجیح ، ۶/۲۳)

(۳)سال بھر جادو سے حِفاظت

مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان فرماتے ہیں :اگر اس رات(یعنی شبِ براء َت)کوسات پتے بَیری (یعنی بَیر کے دَرخت)کے پانی میں جوش د ے کر (جب پانی نہانے کے قابل ہو جا ئے تو)غُسل کرے تو اِنْ شَآءَ اللّٰہُ الْعَزِیز تمام سا ل جادو کے اثر سے محفوظ رہے گا۔ (اسلامی زندگی،ص۱۳۵)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد

جادو ٹونہ کروانے کا الزام

شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت بانی ٔ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطارؔ قادری دامت برکاتہم العالیہ ’’پردے کے بارے میں سوال جواب ‘‘
میں بصورت سوال جواب تحریر فرماتے ہیں :
ٍ سُوال:آج کل عامِل کی باتوں میں آ کر رشتے دار ایک دوسرے کے بارے میں جادو کابُہتان رکھ دیتے ہیں یہ کیسا ہے؟
جواب:کسی مسلمان پر بُہتان رکھنا حرام اور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے۔ عامِل کے بتانے یا خواب یا فال یااِستخارے کے ذَرِیعے پتا چلنے کو شَرعی ثُبُوت نہیں کہتے کہ جس کو بنیاد بنا کر کسی مسلمان کی طرف ان گناہوں کو منسوب کیاجا سکے۔یہاں شرعی ثُبوت یہ ہے کہ یا تو ملزَم خود اِقرار کرلے کہ میں نے جادو کیا یا کروایا ہے، یا دو مسلمان مرد یا ایک مسلمان مرد اور دو مسلمان عورَتیں گواہی دیں کہ ہم نے اِس کو خود جادو کرتے یا کرواتے دیکھا ہے۔(پردے کے بارے میں سوال جواب،ص۳۹۱)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!