اسلام

حمد سعید رحمانی

سانسوں میں حمد تیری تحلیل کررہا ہوں
تیرے کلام کی میں ترتیل کررہا ہوں
کرکے خطا سے توبہ اے ربِ دوجہاں میں
خود کو نئے سرے سے تشکیل کررہا ہوں
دل میں چراغ تیری یادوں کا میں جلاکر
پرنور اپنا قصرتخئیل کررہا ہوں
ہے شخصیت ادھوری اب تک مرے خدایا
قرآن پڑھ کے اس کی تکمیل کررہا ہوں
نیکی کے راستے پر چل کر ہمیشہ میں بھی
تیری ہدایتوں کی تعمیل کررہا ہوں
تیری ثنا سے اپنے لفظوں کو میں سجاکر
جذبِ دروں کی اپنی ترسیل کررہا ہوں
تیرے حضور اپنا دستِ طلب بڑھا کر
پُر اپنی آرزو کی زنبیل کررہا ہوں
محبوب تر ہے اس کو بندے کی خاکساری
خود کو سعیدؔ اس کی تمثیل کررہا ہوں

 سعید رحمانی
ایڈیٹر۔ادبی محاذکٹک اڑیسہ)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!