اعمال

لمبی امیدوں کی وجہ

لمبی امیدوں کی وجہ

حضرتِ سیِّدُنا عبدُ الرّحمن ابنِ جَوْزی علیہ رحمۃُ اللّٰہِ القوی مزیدفرماتے ہیں : یہ بات علم میں رہے کہ لمبی امید کا سبب دو چیزیں ہیں : (1) دنیا کی محبت (2) جہالت ۔جہاں تک دنیا کی محبت کا تعلق ہے تو انسان جب دنیا اور اس کی فانی لذات کا رَسْیا ہوجاتا ہے تو پھر اُس سے دِل ہٹانا مشکل ہوجاتا ہے ، اِسی لئے دل میں موت کی فکر پیدا نہیں ہوتی جودل ہٹانے کا اَصل سبب بنتی ہے ۔ہر شخص ناپسندیدہ چیز کو خود سے دور کرتا ہے ۔انسان جھوٹی امیدوں میں پڑا ہوا ہے ، خود کو ہمیشہ اپنی مراد کے مطابق دنیا ، مال و دولت ، اہل و عیال ، گھر بار ، یار دوست اور دیگر چیزوں کی اُمیدیں دلاتا رہتا ہے ، تو اس کا دل اسی سوچ میں اٹکا رہتا ہے اور موت کے ذِکْر سے غافل ہوجاتا ہے ۔اگر کبھی موت کا خیال آبھی جائے تو توبہ کو آئندہ پر ڈالتے ہوئے اپنے نفس کو یہ دلاسہ دیتا ہے : ابھی بہت دن پڑے ہیں ، تھوڑا بڑا تو ہوجا پھر توبہ کرلینا ، اور جب بڑا ہوجائے تو کہتا ہے : ابھی تھوڑا بوڑھا توہوجا پھر تو بہ کرلینا ۔جب بوڑھا ہوجائے تو کہتا ہے : پہلے یہ گھر بنالوں یا اس جائداد کی تعمیر و غیرہ کرلوں یا اس سفر سے واپس آجاؤں پھر توبہ کرلوں گا ۔یوں وہ ہمیشہ تاخیر پر تاخیر کرتا چلا جاتا ہے ، اور ایک کام کی حرص مکمل

ہو نہیں پاتی کہ دوسرے کی حرص آن پڑتی ہے ، اسی طرح دن گزرتے چلے جاتے ہیں ، ایک کے بعد ایک کام پڑتا ہی رہتا ہے یہاں تک کہ ایک وقت جس میں اس کا گمان بھی نہیں ہوتا اسے موت بھی آجاتی ہے اور اس کی حسرتوں کے سائے ہمیشہ کے لئے دراز ہوجاتے ہیں ۔
حضرتِ سیِّدُنا ابنِ جَوْزی علیہ رحمۃُ اللّٰہِ القوی مزیدلکھتے ہیں : لمبی امید کا دوسرا سبب جہالت ہے ۔وہ یوں کہ انسان اپنی جوانی پر بھروسہ کر کے موت کو بعید (یعنی دُور)خیال کرتا ہے ۔کیا وہ یہ غور نہیں کرتا کہ اگر اُس کی بستی کے بوڑھے افراد شمار کئے جائیں تو وہ کتنے تھوڑے ہوں گے ؟ اُن کے تھوڑے ہونے کی وجہ یہی ہے کہ جوانوں کو موت زیادہ آتی ہے اور جب تک کوئی بوڑھا مرتا ہے تب تک تو کئی بچے اور جوان مر چکے ہوتے ہیں ۔کبھی یہ شخص اپنی صحت سے دھوکا کھا بیٹھتا ہے اور یہ نہیں سمجھ پاتا کہ موت اچانک آتی ہے اگر چہ وہ اُسے بعید سمجھے کیونکہ مرض تو اچانک ہی آتا ہے ، تو جب کوئی بیمار ہوجائے تو موت دُور نہیں رہتی ۔اگر وہ یہ بات سمجھ لے اور اس کی فکر پیدا کرلے کہ موت کا کوئی وقت گرمی ، سردی ، خزاں ، بہار ، دن یا رات مخصوص نہیں اور نہ ہی کوئی سال جوانی ، بڑھاپا یا ادھیڑ پن وغیرہ مقرر ہے تب اسے معاملے کی نزاکت کا احساس ہو اور وہ موت کی تیاری کرنا شروع کردے ۔(منہاج القاصدین، ربع المنجیات، کتاب ذکر الموت ۔۔۔الخ، ۳/ ۱۴۳۷)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!