اسلاماعمال

جوٹھے اور پسینہ کے احکام و مسائل

جوٹھے اور پسینہ کا بیان

کس کس کا جوٹھا پاک ہے؟

مسئلہ۱: آدمی ( چاہے جنب ہو یا حیض و نفاس والی عورت) اس کا جوٹھا پاک ہے۔ (خانیہ و عالمگیری وغیرہ)

مسئلہ ۲: جن جانوروں کا گوشت کھایا جاتا ہے چوپائے ہوں یا پرنداُن کا جوٹھا پاک ہے جیسے گائے، بیل، بھینس، بکری، کبوتر، تیتر، بٹیر وغیرہ۔
مسئلہ۳: جو مرغی چُھٹی پھرتی ہے اور غلیظ پر منہ ڈالتی ہے اس کا جوٹھا مکروہ ہے اور اگر بند رہتی ہو تو پاک ہے۔
مسئلہ۴: گھوڑے کا جوٹھا پاک ہے۔ (عالمگیری وغیرہ)

کافر کے جوٹھے کا حکم

مسئلہ۵: کافر کا جوٹھا بھی پاک ہے مگر اس سے بچنا چاہیے جیسے تھوک، رینٹھ، کھکھار کہ پاک ہیں مگر آدمی اِن سے گھن کرتا ہے اس سے بہت بدتر کافر کے جوٹھے کو سمجھنا چاہیے۔ (عالمگیری وغیرہ)

کن جانوروں کا جوٹھا نجس ہے ؟

مسئلہ۶: سور، کتا، شیر، چیتا، بھیڑیا، ہاتھی، گیدڑ اور دوسرے درندوں کا جوٹھا ناپاک ہے۔
(خانیہ و عالمگیری وغیرہ)
مسئلہ۷: گھر میں رہنے والے جانور جیسے بلی، چوہا، سانپ، چھپکلی کا جوٹھا مکروہ ہے۔ (خانیہ و عالمگیری)
مسئلہ۸: پانی میں رہنے والے جانوروں کا جوٹھا پاک ہے خواہ اُن کی پیدائش پانی میں ہو یا نہ ہو۔
مسئلہ۹: اُڑنے والے شکاری جانور جیسے شکرا، باز، بہری، چیل وغیرہ کا جوٹھا مکروہ ہے۔

مسئلہ۱۰: کوے کا جوٹھا مکروہ ہے۔ (بہار)
مسئلہ۱۱: باز ، شکرا، بہری، چیل کو اگر پال کر شکار کے لیے سکھالیا ہو اور چونچ میں نجاست نہ لگی ہو تو اس کا جوٹھا پاک ہے۔

مشکوک و مکروہ جوٹھے کے بعض اَحکام

مسئلہ۱۲: گدھے، خچر کا جوٹھا مشکوک ہے اس سے وضو نہیں ہو سکتا۔ (1)
مسئلہ۱۳: جو جوٹھا پانی پاک ہے اس سے وضو اور غسل جائز ہے مگر جنب نے بغیر کلی کیے پانی پیا تو اس جوٹھے پانی سے وضو ناجائز ہے اس لیے کہ مستعمل ہوگیا۔
مسئلہ۱۴: اچھا پانی ہوتے ہوئے مکروہ پانی سے وضو غسل مکروہ ہے اور اگر اچھا پانی موجود نہیں ہے تو کوئی حرج نہیں ۔
مسئلہ۱۵: مکروہ جوٹھے کا کھانا پینا مالدار کے لیے مکروہ ہے، غریب محتاج کوبلا کراہت جائز ہے۔
مسئلہ۱۶: اچھا پانی ہوتے ہوئے مشکوک پانی سے وضو غسل جائز نہیں اور اگر اچھا پانی نہ ہو تو مشکوک ہی سے وضو غسل کرے اور تیمم بھی کرے، اس صورت میں وضو و غسل میں بھی نیت کرنی ضروری ہے اورفقط تیمم یا فقط وضو و غسل کافی نہ ہوگا، بلکہ دونوں کرنا ہوگا۔
مسئلہ۱۷: مشکوک جوٹھا کھانا پینا نہیں چاہیے۔
مسئلہ۱۸: مشکوک پانی اچھے پانی میں مل جائے تو اگر اچھا پانی زیادہ ہے تو اس سے وضو ہوسکتا ہے، ورنہ نہیں ۔

مسئلہ۱۹: جس کا جوٹھا ناپاک ہے اس کا پسینہ اور لعاب بھی ناپاک ہے اور جس کا جوٹھا پاک ہے اس کا لعاب اور پسینہ بھی پاک ہے اور جس کا جوٹھا مکروہ ہے اس کا لعاب اور پسینہ بھی مکروہ ہے۔
مسئلہ۲۰: گدھے خچر کا پسینہ اگر کپڑے میں لگ جائے تو کپڑا پاک ہے چاہے کتنا ہی زیادہ لگا ہو۔

________________________________
1 – یعنی اس کے مزیل حدث ہونے میں شک ہے کہ حدثِ متیقن طہارتِ مشکوک سے زائل نہ ہوگا۔ ۱۲منہ

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!