جنت کے باغات : اہل ِجنت کا لباس :جنتیوں کی عمریں
جنت کے باغات :
جنتی لوگوں کو ایسے باغات عطا کئے جائیں گے جن کے نیچے ندیاں بہہ رہی ہوں گی ، جیسا کہ سورۃ الکہف میں ہے :
اِنَّ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ اِنَّا لَا نُضِیۡعُ اَجْرَ مَنْ اَحْسَنَ عَمَلًا ﴿ۚ۳۰﴾اُولٰٓئِکَ لَہُمْ جَنّٰتُ عَدْنٍ تَجْرِیۡ مِنۡ تَحْتِہِمُ الْاَنْہٰرُ
ترجمہ کنزالایمان : بے شک جو ایمان لائے اور نیک کام کیے ہم ان کے نیگ (اجر)
ضائع نہیں کرتے جن کے کام اچھے ہوں ان کے لئے بسنے کے باغ ہیں ان کے نیچے ندیاں بہیں۔
(پ ۱۵ ، الکہف : ۰ ۳ ، ۳۱ )
اہل ِجنت کا لباس :
جنتیوں کو سونے کے کنگن اور سبز کپڑے پہنائے جائیں گے ۔ جیسا کہ قرآنِ حکیم میں ارشاد ہوتا ہے :
یُحَلَّوْنَ فِیۡہَا مِنْ اَسَاوِرَ مِنۡ ذَہَبٍ وَّ یَلْبَسُوۡنَ ثِیَابًا خُضْرًا مِّنۡ سُنۡدُسٍ وَّ اِسْتَبْرَقٍ ترجمہ کنزالایمان : وہ اس میں سونے کے کنگن پہنائے جائیں گے اور سبز کپڑے کریب اور قنا دیز کے پہنیں گے ۔
(پ ۱۵ ،الکہف : ۰ ۳ ،۳۱)
حضرتِ سیدنا کَعْبْ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ اگر اہلِ جنت کے کپڑوں میں سے ایک کپڑا آج پہن لیا جائے تو اس کی طرف دیکھنے والے کی نظر اچک لی جائے اورلوگوں کی بینائیاں اسے برداشت نہ کرسکیں ۔
(الترغیب والتر ھیب کتاب صفۃ الجنۃ والنار، رقم۸۴ ،ج۴ ،ص۲۹۴)
جنتیوں کی عمریں:
حضرتِ سیدناابوسعید رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرمصلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ”اہل ِ جنت میں سے جو کوئی چھوٹا یا بوڑھا مرجائے گا تو اسے جنت میں تیس سال کا بنا دیا جائے گا ۔” (ترمذی کتاب صفۃ الجنۃ والنار، رقم۲۵۷۱،ج۴ ،ص۲۵۴)