صَدَقہ کی روٹی نے اژدھے سے بچا لیا

حکایت نمبر:343 صَدَقہ کی روٹی نے اژدھے سے بچا لیا

حضرتِ سیِّدُنا سالم ابو جَعَد علیہ رحمۃ اللہ الا حد سے منقول ہے: حضرت سیِّدُنا صالح علٰی نبیناوعلیہ الصلٰوۃوالسلام کی قوم کا ایک جھگڑالو شخص لوگو ں کو بہت تنگ کیا کرتا تھا۔جب لوگ اس کی اِیذارَ سانیوں سے بہت زیادہ تنگ ہوئے تو حضرت سیِّدُنا صالح علٰی نبینا وعلیہ الصلٰوۃوالسلام سے عرض کی:” حضور! اس شخص کے لئے بد دعا کیجئے، ہم اس سے بہت تنگ آچکے ہیں ۔” آپ علیہ السلام نے فرمایا: ” جاؤ! اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ ! تمہیں اس کے شَر سے خلاصی مل جائے گی ۔” لوگ واپس چلے گئے۔ وہ شخص روز انہ جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لاتا اور انہیں بیچ کر اس کا اور اس کے اہل وعیال کا گزر بسر ہوتا۔ حسب ِمعمول اُس دن بھی وہ جنگل گیا ،اس کے پاس دو روٹیاں تھیں ایک خود کھالی اور دوسری صدقہ کردی۔ پھر لکڑیاں کاٹ کر صحیح وسالم واپس گھر چلا آیا ۔ لوگو ں نے جب اسے صحیح وسالم آتا دیکھا تو حضرتِ سیِّدُنا صالح علیہ الصلٰوۃوالسلام کی خدمت میں عرض کی: ” حضور! وہ شخص صحیح وسالم ہے، ابھی تک اس پر کسی قسم کی کوئی مصیبت نازل نہیں ہوئی ۔”
آپ علیہ الصلٰوۃ والسلام نے اس شخص کوبلا کر فرمایا:” اے نوجوان! آج تو نے کون سا نیک کام کیا ہے ؟” کہا:” آج حسبِ معمول جب میں جنگل گیا تو میرے پاس دو روٹیاں تھیں ایک میں نے کھالی اور دوسری صدقہ کردی، اس کے علاوہ تو کوئی اور نیک کام مجھے یاد نہیں۔” آپ علیہ السلام نے فرمایا:” لکڑیوں کا گٹھا کھولو! جب گٹھَّا کھولا تو اس میں کھجور کے تنے جتنا موٹا بہت ہی زہریلا سیاہ اژدہا موجودتھا ۔حضرتِ سیِّدُنا صالح علٰی نبیناوعلیہ الصلٰوۃوالسلام نے ارشادفرمایا: اے شخص ! تجھے اس خطرناک زہریلے اژدھے سے تیری صدقہ کی ہوئی ایک روٹی نے بچالیا ۔”
اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں کثرت سے صدقہ وخیرات کی توفیق عطا فرمائے۔ ( آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم)
(اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ!دعوتِ اسلامی کا اشاعتی ادارہ ”مکتبۃالمدینہ” مسلمانوں کی خیر خواہی کے مقدس جذبے کے تحت عقائد وشرعی مسائل اور مختلف اعمالِ صالحہ کے فضائل پر مبنی بہترین کتب شائع کرتا ہے۔صدَ قات کے فضائل پر مبنی ایک بہترین کتاب ”ضیائے صدَ قات’ ‘اور دیگر دینی کتب ”مکتبۃالمدینہ ”سے ہدیۃََ حاصل کر کے مطالعہ فرمائیں۔ اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ

آپ اپنی زندگی میں ایک خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے اورآپ کی زندگی میں مدنی انقلاب برپا ہو گا۔)
؎ اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں
اے دعوتِ اسلامی تیری دھوم مچی ہو!
( آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم)

Exit mobile version