نماز پڑھنے کی جگہ تصویر کے اَحکام

تصویر کے اَحکام

مسئلہ۲۱: جس کپڑے پر جاندار کی تصویر ہو اُسے پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ِتحریمی ہے۔ نماز
کے علاوہ بھی ایسا کپڑا پہننا ناجائز ہے۔
مسئلہ۲۲: اگر تصویر نمازی کے سر پر ہو یعنی چھت میں بنی ہو یا لٹکی ہو یا سجدہ کی جگہ میں ہو کہ اس پر سجدہ واقع ہوتا ہو تو نماز مکروہ تحریمی ہوگی۔ یوہیں نمازی کے آگے یا داہنے یا بائیں تصویر کا ہونا مکروہ ِتحریمی ہے اور پیچھے ہونا بھی مکروہ ہے۔ اگرچہ آگے اور دائیں بائیں ہونے سے کم۔
مسئلہ۲۳: اگر تصویر فرش میں ہے اور اس پر سجدہ نہیں تو کراہت نہیں ۔ (ہدایہ، فتح القدیر)
مسئلہ۲۴: اگر تصویر غیر جاندار کی ہے جیسے پہاڑ، دریا، درخت، پھول، پتی وغیرہ تو کچھ حرج نہیں ۔ (فتح القدیر)
مسئلہ۲۵: تھیلی یا جیب میں تصویر چھپی ہوئی ہو تو نماز میں کراہت نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۲۶: تصویر والا کپڑا پہنے ہوئے ہے اور اس پر کوئی دوسرا کپڑا اور پہن لیا کہ تصویر چھپ گئی تو اب نماز مکروہ نہیں ہوگی۔ (ردالمحتار)
مسئلہ۲۷: اگر تصویر ذلت کی جگہ میں ہو جیسے جوتا اُتارنے کی جگہ میں ہو یا ایسے فرش میں ہو جس کو پاؤں سے روندتے ہوں تو نماز میں کراہت نہیں جب کہ اس پر سجدہ نہ ہو اور گھر میں ہونے میں بھی کراہت نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۲۸: اگر تصویر اتنی چھوٹی ہو کہ کھڑے ہو کر دیکھنے میں اس کے بدن کے حصہ الگ الگ نہ دکھائی دیں تو ایسی تصویر کے نمازی کے آگے پیچھے یا دائیں بائیں ہونے میں نماز مکروہ نہ ہوگی۔
مسئلہ۲۹: اگر تصویر کا پورا چہرہ مٹا دیا تو کراہت جاتی رہی۔ ( ہدایہ وغیرہ)

مسئلہ۳۰: تصویر کے یہ اَحکام تو نماز کے ہیں رہا تصویر کا رکھنا تو اس کے بارے میں حدیث میں ہے کہ جس گھر میں کتا یا تصویر ہو اُس گھر میں رحمت کے فرشتے نہیں آتے۔ یعنی جب کہ توہین کے ساتھ نہ ہوں اور نہ اتنی چھوٹی ہوں کہ کھڑے ہو کر دیکھنے میں بدن کے حصے الگ الگ نہ دکھائی دیں ۔ (1 ) (فتح القدیر وغیرہ)
مسئلہ۳۱: تصویر کا بنانا بنوانا دونوں حرام ہیں چاہے دستی ہویا عکسی ( 2) دونوں کا ایک حکم ہے۔

مکروہِ تنزیہی

مسئلہ۳۲: سجدہ یا رکوع میں بلا ضرورت تین تسبیح سے کم کہنا مکروہ تنزیہی ہے۔ ہاں اگر وقت تنگ ہو یا ریل چلے جانے کے خوف سے ہو توحرج نہیں ۔
مسئلہ۳۳: کام کاج کے کپڑوں میں نماز پڑھنا مکروہ تنزیہی ( 3)ہے جب کہ اور کپڑے ہوں ورنہ کراہت نہیں ۔

________________________________
1 – یعنی جبکہ تصویر ذلت کی جگہ میں ہو یا بہت چھوٹی ہو کہ دیکھنے میں بدن کے حصے الگ الگ نہ دکھائی دیتے ہوں تو ایسی تصویر کے گھر میں ہونے سے حرج نہیں۔ ۱۲ منہ
2 – عکسی: فوٹو۔ ۱۲ (منہ)
3 – مکروہِ تنزیہی: جس کا کرنا شرع کو پسند نہیں لیکن کرنے پر سزا وعذاب بھی نہیں۔ ۱۲ (منہ)
4 – مہتم بالشان: اہم ، بڑا ۔ (۱۲منہ)

Exit mobile version