نماز کی پہلی شرط یعنی طہارت کا بیان وضو کا طریقہ

نماز کی پہلی شرط یعنی :

طہارت کا بیان
وضو کا طریقہ
جب وضو کرنا ہو تو دل میں وضو کرنے کا اراد ہ کرکے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کہہ کے دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوئے، پھر مسواک کرے داہنے ہاتھ سے، پھر تین بار کلی کرے خوب اچھی طرح کہ حلق تک دانتوں کی جڑ زبان کے نیچے پانی پہنچے اگر دانت یا تالو میں کوئی چیز چپکی یا اَٹکی ہو تو چھڑائے پھر داہنے ہاتھ سے تین بار ناک میں پانی چڑھائے کہ اندر ناک کی ہڈی تک پانی پہنچے اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کریں اس کی چھوٹی انگلی ناک کے اندر ڈال کر، پھر دونوں ہاتھوں میں پانی لے کر تین بار منہ دھوئے اس طرح کہ بال جمنے کی جگہ سے لے کر ٹھوڑی تک اور دا ہنی کنپٹی سے بائیں تک کوئی جگہ چھوٹنے نہ پائے اور داڑھی ہو تو اُسے بھی دھوئے اور اس میں خلال (1 ) بھی کرے۔ لیکن احرام باندھے ہو تو خلال نہ کرے، پھر کہنیوں تک کہنیوں سمیت کچھ اوپر تک دونوں ہاتھ تین تین بار دھوئے پھر ایک

بار مسح کرے، اس طرح پر کہ دونوں ہاتھ تر کرکے انگوٹھے اور کلمہ کی انگلی چھوڑ کر دونوں ہاتھوں کی تین تین انگلیوں کی نوک ایک دوسرے سے ملائے اور ان چھئیوں انگلیوں کے پیٹ کی جڑماتھے پر رکھ کر پیچھے کی طرف گدی تک لے جائے اس طرح کہ کلمہ کی دونوں انگلیاں اور دونوں انگوٹھے اور دونوں ہتھیلیاں سر سے نہ لگنے پائیں اور اب گدی سے ہاتھ واپس ماتھے کی طرف لائے یوں کہ دونوں گدیلیاں سر کے دائیں بائیں حصہ پر ہوتی ہوئی ماتھے تک واپس آجائیں ، اب کلمہ کی انگلی کے پیٹ سے کان کے اندر کے حصوں کا اور انگوٹھے کے پیٹ سے کان کے اوپر کا مسح کرے اور انگلیوں کی پیٹھ سے گردن کا مسح کرے لیکن ہاتھ گلے پر نہ جانے پائے کہ گلے کا مسح مکروہ ہے، پھر داہنا پیر انگلیوں کی طرف سے ٹخنے تک دھوئے ٹخنے سمیت کچھ اوپر تک پھر اسی طرح بایاں پاؤں دھوئے، ہاتھ پاؤں کی انگلیوں میں خلال (1 ) بھی کرے۔اب وضو ختم ہوا اس کے بعد یہ دعا پڑھے:
اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَھِّرِیْنَ ۔ (2 )
اور بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر تھوڑا سا پی لے کہ بیماریوں کی شفاہے اور آسمان کی طرف منہ کرکے:
سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ اَشْھَدُ اَنْ لَّا ٓاِلٰہَ اِلَّا ٓاَنْتَ

اَسْتَغْفِرُکَ وَاَتُوْبُ اِلَیْک۔ (1 )
اور کلمہ شہادت اور سورۃ اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ پڑھے اور بہترکہ ہر عضو دھوتے وقت بِسْمِ اللّٰہ اور دُرود شریف پڑھے اور کلمہ شہادت بھی پڑھے۔ یہ وضو کا طریقہ جواُوپر بیان ہوا اس میں کچھ باتیں فرض ہیں کہ جن کے چھوٹنے سے وضو نہ ہوگا اور کچھ باتیں سنت ہیں کہ جن کے قصداً چھوڑنے کی عادت قابل سزا اور کچھ باتیں مستحب ہیں کہ اِن کے چھوٹنے سے ثواب کم ہو جاتا ہے۔

________________________________
1 – داڑھی کا خلال اس طرح پر ہوتا ہے کہ انگلیوں کو حلق کی طر ف سے ڈاڑھی میں ڈالے اور باہر کو نکالے۔ (۱۲منہ)

________________________________
1 – دونوں پیر کا خلال صرف بائیںہاتھ کی چھوٹی انگلی سے کرے اس طرح کے داہنے پاؤں میں چھوٹی انگلی سے شروع کرے اور انگوٹھے پر ختم کرے اور بائیں پاؤںمیں انگوٹھے سے شروع کرکے چھوٹی انگلی پر ختم کرے۔۱۲منہ
2 – اے اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) مجھے کثرت سے توبہ کرنے والوں میں بنادے اورمجھے پاکیزہ رہنے والوں میں شامل کردے۔

________________________________
1 – تیری ذات پاک ہے اور اے اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) تیرے ہی لیے تمام خوبیاں ہیں ،میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں،تجھ سے بخشش چاہتا ہوں اور تیری طرف توبہ کرتا ہوں۔

Exit mobile version