نماز کے فرائض کتنے ہیں

نماز کے فرائض کتنے ہیں

سات چیزیں نماز میں فرض ہیں :
{۱} تکبیر تحریمہ (1 ) : یعنی پہلی اَللّٰہُ اَکْبَر جس سے نماز شروع ہوتی ہے۔
{۲} قیام: یعنی اتنی دیر کھڑا رہنا جتنی دیر میں فرض قرأ ت (2 ) ادا ہو۔

{۳} قرأت: یعنی کم سے کم ایک آیت پڑھنا۔
{۴} رکوع: یعنی اتنا جھکنا کہ ہاتھ بڑھائے تو گھٹنے تک پہنچ جائیں ۔
{۵} سجود: یعنی ماتھے کا زمین پر جمنا اس طرح کہ کم سے کم پاؤں کی ایک انگلی کا پیٹ زمین سے لگا ( 1) ہو۔
{۶} قعدہ اخیرہ: یعنی نماز کی رکعتیں پوری کرنے کے بعد اتنی دیر بیٹھنا کہ پوری اَلتَّحیات رَسُوْلہ تک پڑھی جاسکے۔
{۷} خروج بِصُنْعِہٖ: یعنی قعدئہ اخیرہ کے بعد اپنے ارادہ و عمل سے نماز ختم کردینا، خواہ سلام و کلام سے ہو یا کسی دوسرے عمل سے۔

________________________________
1 – تکبیر تحریمہ میں خاص لفظ اللّٰہ اکبر فرض نہیں، فرض تو اتنا ہے کہ خالص تعظیم الٰہی کے الفاظ ہوں مثلا: اَللّٰہُ اَعْظَم، اَللّٰہُ الْکَبِیْر،اَلرَّحْمٰن اَکْبَر کہا جب بھی فرض ادا ہوگیامگر یہ تبدیلی مکروہ تحریمی ہے۔ (۱۲منہ)
2 – قرأ ت سے مراد قرآن شریف پڑھنا۔ ۱۲ (منہ)

________________________________
1 – لہٰذا اگر اس طرح سجدہ کیا کہ دونوں پاؤں زمین سے اُٹھے رہے یا صرف انگلی کی نوک زمین سے لگی تو نماز نہ ہوگی۔ (درمختار، فتاویٰ رضویہ، بہارشریعت) (۱۲منہ) ۔ ( بہارشریعت،حصہ۳، ۱/۵۱۳)

Exit mobile version