حکایت نمبر305: جا! ہم نے تجھے بخش د یا
حضرت محمد بن سلم خوَّاص علیہ رحمۃ اللہ الرزاق سے منقول ہے کہ”میں نے قاضی یحیی بن اَکْثَم کو خواب میں دیکھ کر پوچھا:” مَا فَعَلَ اللہُ بِکَ ؟ یعنی اللہ عَزَّوَجَلَّ نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ فرمایا ؟” کہا :” اللہ عَزَّوَجَلَّ نے مجھے اپنی بارگاہ میں کھڑا کیا او رفرمایا : اے
بد عمل بڈھے !” اگرتیرے بال سفید نہ ہوتے تو میں تجھے ضرور آگ میں جلاتا۔ ”یہ فرمان سن کر میری کیفیت وہ ہوگئی جو ایک مجرم کی اپنے آقا کے سامنے ہوتی ہے، میں بری طر ح کانپنے لگا۔ جب افاقہ ہوا تو دوبارہ ارشاد ہوا:” اے بد عمل بڈھے! تو سفید ریش نہ ہوتا تو میں ضرورتجھے آ گ میں جلاتا۔”مجھ پرپھرہیبت طاری ہوگئی اور میں بری طر ح کانپنے لگا۔ جب حالت کچھ سنبھلی تو تیسری مرتبہ پھر اسی طر ح فرمایا ۔ میں نے بارگاہ ِخدواندی عَزَّوَجَلَّ میں عرض کی:” اے میرے خالق ومالک ! اے رحیم و کریم ! اے عفو ودرگزر فرمانے والے !میں نے عبدالرزاق بن ہمام سے، انہوں نے مَعْمَربن راشدسے، انہوں نے ابنِ شِہَاب زُہْرِی سے، انہوں نے انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اور انہوں نے تیرے نبئ مُکرَّم ،نورِمُُجسّم، رسولِ محتشم ،شافعِ اُمم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم سے اور انہوں نے جبرائیلِ امین علیہ السلام سے تیرایہ فرمان سنا :” میراوہ بندہ جسے اسلام میں پڑھاپاآئے ،اسے جہنم کا عذاب دینے سے مجھے حیا آتی ہے ۔” تو میرے پروردگار عَزَّوَجَلَّ نے فرمایا: ” عبدالرزاق ، مَعْمَر ، زُہْرِی اور اَنس سب نے سچ کہا،میرے نبی نے سچ کہا، جبریل نے سچ کہا اور میرا قول سچا ہے، اے فرشتو ! اسے جنت میں لے جاؤ ۔”
(اللآلئُ المصنوعۃ فی الأحادیث الموضوعۃ،کتاب المبتداء،ج۱،ص۱۲۵)
ایک روایت میں اس طر ح ہے، قاضی یحیی بن اَکْثَم سے اللہ عَزَّوَجَلَّ نے فرمایا: ”اے بوڑھے! تیرے لئے برائی ہے۔” عرض کی: ” اے میرے پاک پروردگار عَزَّوَجَلَّ! تیرے نبئ بر حق صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے فرمایا: ”تو اس بات سے حیاء کرتا ہے کہ اَسّی (80) سال والے بوڑھوں کو عذاب دے۔ (الجامع الصغیر، الحدیث۱۸۹۱،ص۱۱۶،مفہومًا)اے میرے خالق! میں بھی اَسّی سال دنیا میں گزار کرآیا ہوں، مجھ پر بھی کرم فرمادے۔” اللہ عَزَّوَجَلَّ نے فرمایا: ”میرے نبئ آخر الزماں نے سچ فرمایا ہے، جا! ہم نے تجھے بخش دیا۔”
؎ ہر خطا تُو درگزر کر بیکس ومجبور کی
یا الٰہی مغفر ت کر بیکس ومجبور کی
( آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)