حکمت ودا نائی کی باتیں

حکایت نمبر402: حکمت ودا نائی کی باتیں

حضرتِ سیِّدُنایوسف بن حسین علیہ رحمۃُربِّ الکونین سے منقول ہے: میں نے حضرتِ سیِّدُنا ذُوالنُّوْن مِصْرِی علیہ رحمۃ اللہ القوی کو یہ فرماتے سُنا:”مجھے ایک مغربی کے متعلق بتایا گیا کہ وہ بہت حکمت و دانائی کی باتیں کرنے والا مردِ صادق ہے”۔ اس خبر نے مجھے اس کی ملاقات پر اُبھارا۔ میں نے رختِ سفر باندھا اور مطلوبہ منزل کی جانب چل پڑا، وہاں پہنچ کر ان کے دروازے پر تقریباً چالیس(40)دن تک ٹھہرا رہا۔ وہ نماز کے وقت گھر سے نکلتے نماز پڑھ کر واپس چلے آتے۔ کسی کی طرف متوجہ نہ ہوتے ۔ ایک دن میں نے ان سے کہا :”اے بندۂ خدا!میں چالیس دن سے آپ کے دروازے پر ٹھہرا ہوا ہوں لیکن آپ نے ایک مرتبہ بھی مجھ سے گفتگو نہیں کی۔
اس نے کہا:”اے میرے بھائی ! میری زبان خونخوار درندہ ہے۔ اگر میں اسے چھوڑ دوں گا تو یہ مجھے کھا جائے گی۔” میں نے کہا :”اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ پر رحم فرمائے !مجھے کچھ نصیحت کرو تاکہ میں اسے یادکرلوں۔”کہا:” کیاتم ایسا کرسکو گے ؟” میں نے کہا : ”اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ۔” فرمایا:”سنو! دنیا سے محبت نہ کرو۔ فقر کو غنا ء سمجھو۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے آنے والی آزمائش کو

نعمت جانو،اگراس کی طرف سے کچھ نہ ملے تو اس نہ ملنے کو عطا سمجھو۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ساتھ ہوتے ہوئے تنہائی بھی اُنس ہے۔ اے بھائی ! ذلت کو عزَّت جانو۔ زندگی کو موت سمجھو۔ اطاعت و فرمانبرداری کو پیشہ اور توکل کو معاش سمجھو۔ بخدا! ہر شدت کے لئے ایک وقت مقررہے۔” اتنا کہہ کر وہ شخص چلا گیا۔پھر ایک ماہ تک اس نے مجھ سے کلام نہ کیا۔ میں نے کہا:” اے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے بندے! اب میں اپنے وطن واپس جانا چاہتا ہوں اگر مناسب سمجھو تومزید کچھ نصیحت کرو۔ ” کہا:” جان لو ! بے شک زاہد (یعنی دنیا کو چھوڑنے والا) وہ ہے کہ اسے جو ملے اسی پر گزارہ کرے۔ جہاں چاہے رہے۔ اس کا لباس اتنا ہی ہو جو ستر پوشی کا کام دے سکے۔ تنہائی اس کی مجلس اورتلاوتِ قرآن اس کامشغلہ ہو۔اللہ ربُّ العزَّت اس کا محبوب ، ذکر ِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ اس کی غذا ، خاموشی اس کی جنت، خوف اس کی عادت و فطرت، شوق اس کا مطلوب، نصیحت اس کی ہمت اور اس کا غور و فکر عبرت ،صبر اس کا تکیہ اور صدیقین اس کے بھائی ہوں۔ اس کا کلام حکمت، عقل اس کی دلیل، حلم اس کا دوست ،بھوک اس کا سالن اور آہ و زاری اس کی عادت ہوتی ہے اور اس کا مطلوب و مقصود صرف اورصرف اللہ ر بُّ العزَّت کی ذات ہوتی ہے۔ ”
حضرتِ سیِّدُنا ذُوالنُّوْن مِصْرِی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں: ”اس کی یہ حکمت بھری عارفانہ باتیں سن کر میں نے اس سے پوچھا:”انسان اپنی غلطیوں اور نقصان پرکب مطلع ہوتا ہے؟” فرمایا:” جب وہ اپنے نفسں کا محاسبہ کرنے والے لوگوں کے پاس بیٹھے گا تو اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے خوب واقف ہوجائے گا۔” اتنا کہہ کر وہ حکیم و دانا شخص اپنے گھر میں داخل ہوگیا۔
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)

Exit mobile version