ملائکہ یعنی فرشتوں کابیان
فرشتے نوری جسم کی مخلوق ہیں ، جن کو اللّٰہ تعالیٰ نے یہ طاقت دی ہے کہ جو شکل چاہیں بن جائیں انسان کی ہو یا کوئی اور، فرشتے اللّٰہ تعالیٰ کے حکم کے خلاف کچھ نہیں کرتے نہ جان بوجھ کر نہ بھول کر اس لیے کہ معصوم ہیں ہر قسم کے گناہِ صغیرہ و کبیرہ سے پاک ہیں ، اللّٰہ تعالیٰ نے بہت سے کام فرشتوں کے سپرد کیے ہیں ، کوئی فرشتہ جان نکالنے پر مقرر ہے کوئی پانی برسانے پر کوئی ماں کے پیٹ میں بچہ کی صورت بنانے پر کوئی نامہ اعمال لکھنے پر کوئی کسی کام پر کوئی کسی کام پر، فرشتے نہ مرد ہیں نہ عورت اُن کو قدیم ماننا یا خالق جاننا کفر ہے کسی فرشتہ کی ذرا سی بے ادَبی بھی کفر ہے۔ (عالمگیری وغیرہ) بعض لوگ اپنے دشمن کو یا سختی کرنے والے کو ملک الموت کہتے ہیں ایسا کہنا ناجائز ہے، قریب کفر ہے فرشتوں کے وجود کا انکار یا یہ کہنا کہ فرشتہ نیکی کی قوت کو کہتے ہیں اور اس کے سوا کچھ نہیں یہ دونوں باتیں کفر ہیں ۔