منہ کی بدبو کا علاج
اگر کسی چیز کے کھانے کے سبب مُنہ میں بدبُو آتی ہوتو ہرا دھنیہ چبا کر کھایئے نیز گُلاب کے تازہ یا سُوکھے ہوئے پھولوں سے دانت مانجھئے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ فائدہ ہو گا۔ ہاں اگر پیٹ کی خرابی کی وجہ سے بدبُوآتی ہو تو” کم خوری” کی سعادت حاصل کر کے بھوک کی بَرَکتیں لوٹنے سے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ ٹانگوں اور بدن کے مختلف حصّوں کے درد ، قبض ، سینے کی جلن ، مُنہ کے چھالے ، باربار ہونے والے نزلے کھانسی اور گلے کے درد ،مَسُوڑھوں میں خون آنا وغیرہ بَہُت سارے اَمراض کے ساتھ ساتھ مُنہ کی بدبو سے بھی جان چھوٹ جائے گی ۔ بھوک باقی رہے اس طرح سے کم کھانے میں 80فیصد اَمراض سے بچت ہوسکتی ہے۔( تفصیلی معلومات کیلئے فیضانِ سنّت کے باب ” پیٹ کا قفلِ مدینہ” کا مَطالَعَہ فرمایئے)اگر نَفس کی
حِرص کا علاج ہو جائے توکئی جسمانی اور روحانی امراض خود ہی دم توڑجائیں۔
رضاؔ نفس دشمن ہے دم میں نہ آنا
کہاں تم نے دیکھے ہیں چَند رانے والے
منہ کی بدبو کا مدنی علاج
اللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلَی النَّبِیِّ الطَّاہِر۔
مُندَرَجَہ بالا دُرُود شریف موقع بہ موقع ایک ہی سانس میں گیارہ مرتبہ پڑھ لیجئےاِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ مُنہ کی بدبُو زائِل ہو جائیگی۔ایک ہی سانس میں پڑھنے کا بِہتر طریقہ یہ ہے کہ مُنہ بند کر کے آہِستہ آہِستہ ناک سے سانس لینا شُروع کیجئے اورمُمکِنہ حد تک ہوا پھیپھڑوں میں بھر لیجئے ۔اب دُرُود شریف پڑھنا شُروع کیجئے۔ چند بار اس طرح مَشق کریں گے تو سانس ٹوٹنے سے قَبل اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ مکمّل گیارہ بار دُرُود شریف پڑھنے کی ترکیب بن جائے گی ۔ مذکورہ طریقے پر ناک سے گہرا سانس لیکر ممکن حد تک روک رکھنے کے بعد مُنہ سے خارِج کرنا صِحّت کیلئے انتہائی مفید ہے۔دن بھر میں جب جب موقع ملے بِالخصُوص کُھلی فَضاء میں روزانہ چند بار تو ایسا کر ہی لینا چاہئے۔ مجھے ( سگِ مدینہ عُفِیَ عَنْہُ کو) ایک سِن رَسیدہ حکیم صاحِب نے بتا یا تھا کہ میں سانس لینے کے بعد آدھے گھنٹے تک( یا کہا) دو گھنٹے
تک ہوا کو اندر روک لیتا ہوں اور اِس دَوران اپنے وِرد وَ ظائف بھی پڑھ سکتا ہوں ۔ بقول اُن حکیم صاحِب کے سانس روکنے کے ایسے ایسے مَشّاق (یعنی مَشق کر کے ماہِر ہو جانے والے لوگ) بھی دنیا میں ہوتے ہیں کہ صبح سانس لیتے ہیں تو شام کو نکالتے ہیں!