رکعتوں کی تعداد اور نیت کرنے کا طریقہ

نیت سے مراد دل میں پکا ارادہ کرنا ہے خالی خیال کافی نہیں جب تک کہ ارادہ نہ ہو۔
مسئلہ:۔اگر زبان سے بھی کہہ دے تو اچھا ہے۔ مثلاً یوں کہے کہ نیت کی میں نے دو رکعت فرض فجر کی’ واسطے اﷲتعالیٰ کے ‘منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
    (الفتاوی الھندیۃ، الباب الثالث، الفصل الرابع فی النیۃ، ج۱،ص۶۵)
مسئلہ:۔مقتدی ہو تو نیت میں اس کو اتنا اور کہنا چاہے کہ پیچھے اس امام کے۔
    (الفتاوی الھندیۃ، الباب الثالث، الفصل الرابع فی النیۃ، ج۱،ص۶۶)
مسئلہ:۔امام نے امام ہونے کی نیت نہیں کی جب بھی مقتدیوں کی نماز اس کے پیچھے ہو جائے گی لیکن جماعت کا ثواب نہ پائے گا۔     (الفتاوی الھندیۃ، الباب الثالث، الفصل الرابع فی النیۃ، ج۱،ص۶۶)
   اب تمام نمازوں کی رکعتوں اوران کی نیتوں کے طریقوں کا الگ الگ سوال و جواب کی صورت میں بیان کرتے ہیں ان کو خوب اچھی طرح یاد کر لو۔
سوال)فجر کے وقت کتنی رکعت نماز پڑھی جاتی ہے؟
جواب)کل چار رکعت پہلے دو رکعت سنت مؤکدہ پھر دو رکعت فرض۔
سوال)دو رکعت سنت کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز سنت فجر کی اﷲتعالیٰ کے لئے سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی منہ میرا کعبہ شریف کی طرف اﷲاکبر۔
سوال)دو رکعت فرض کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز فرض فجر کی اﷲتعالیٰ کے لئے (مقتدی اتنا اور 
کہے پیچھے اس امام کے) منہ میرا کعبہ شریف کی طرف اﷲاکبر۔
سوال)ظہر کے وقت کل کتنی رکعت نماز پڑھی جاتی ہے۔؟
جواب)بارہ رکعت’ پہلے چار رکعت سنت موکدہ’ پھر چار رکعت فرض’ پھر دو رکعت 
سنت موکدہ پھر دو رکعت نفل۔
سوال)چار رکعت سنت کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب) نیت کی میں نے چار رکعت نماز سنت ظہر کی’ اﷲتعالیٰ کے لئے سنت رسول 
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی’ منہ میرا طرف کعبہ شریف کے ‘اﷲاکبر۔
سوال)چار رکعت فرض کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے چار رکعت نمار فرض ظہر کی اﷲتعالیٰ کے لئے (مقتدی اتنا 
اور کہے پیچھے اس امام کے) منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)اور دو رکعت سنت کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز سنت ظہر کی اﷲتعالیٰ کے لئے سنت رسول
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی’ منہ میرا طرف کعبہ شریف کے ‘اﷲاکبر۔
سوال)پھر دو رکعت نفل کی نیت کیسے کرے؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز نفل کی اﷲ تعالیٰ کے لئے منہ میرا طرف کعبہ 
شریف کے اﷲاکبر۔
فائدہ:۔    نفل نماز بیٹھ کر پڑھنا بھی جائز ہے لیکن کھڑے ہو کر نفل پڑھنے میں دوگنا 
ثواب ملتا ہے۔ اور بیٹھ کر پڑھنے میں آدھا ثواب ملتا ہے۔
سوال)عصر کے وقت کل کتنی رکعت نماز پڑھی جاتی ہے؟
جواب)آٹھ رکعت پہلے چار رکعت سنت غیر موکدہ پھر چار رکعت فرض۔
سوال)چار رکعت سنت غیر موکدہ کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے چار رکعت نماز سنت عصر کی’ اﷲتعالیٰ کے لئے’ سنت رسول 
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی’ منہ میرا طرف کعبہ شریف کے’ اﷲاکبر۔
سوال)پھر چار رکعت فرض کی نیت کیسے کرے؟
جواب)نیت کی میں نے چار رکعت نماز فرض عصر کی اﷲتعالیٰ کے لئے (مقتدی اتنا 
اور کہے پیچھے اس امام کے) منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال) مغرب کے وقت کل کتنی رکعت نماز پڑھی جاتی ہے؟
جواب)سات رکعت پہلے تین رکعت فرض’ پھر دو رکعت سنت موکدہ’ پھر دو رکعت نفل۔
سوال)تین رکعت فرض کی نیت کس طرح کی جائے؟
جواب)نیت کی میں نے تین رکعت نماز فرض مغرب اﷲتعالیٰ کے لئے (مقتدی اتنا 
اور کہے پیچھے اس امام کے) منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)  اور دو رکعت سنت موکدہ کی نیت کیسے کرے؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز سنت مغرب’ اﷲتعالیٰ کے لئے سنت رسول 
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی ‘منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)پھر دو رکعت نفل کی نیت کیسے کرے؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز نفل اﷲتعالیٰ کے لئے’ منہ میرا طرف کعبہ 
شریف کے’ اﷲاکبر۔
سوال)عشاء کے وقت کل کتنی رکعت نماز پڑھی جاتی ہے؟
جواب)سترہ رکعت پہلے چار رکعت سنت غیر موکدہ’ پھر چار رکعت فرض’ پھر دو 
رکعت سنت موکدہ’ پھر دو رکعت نفل پھر تین وتر واجب پھر دو رکعت نفل۔
سوال)چار رکعت سنت غیر موکدہ کی نیت کس طرح کی جائے؟
جواب)نیت کی میں نے چار رکعت نماز سنت عشاء کی’ اﷲتعالیٰ کے لئے’ سنت رسول 
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی’ منہ میرا طرف کعبہ شریف کے ‘اﷲاکبر۔
سوال)پھر چار رکعت فرض کی نیت کیسے کرے؟
جواب)نیت کی میں نے چار رکعت نماز فرض عشاء کی اﷲتعالیٰ کے لئے (مقتدی اتنا 
اور کہے پیچھے اس امام کے) منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)پھر دو رکعت سنت موکدہ کی نیت کس طرح کی جائے گی؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز سنت عشاء کی اﷲتعالیٰ کے لئے سنت 
رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم كي منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال) پھر دو رکعت نفل کی نیت کس طرح کی جائے؟
جواب)  نیت کی میں نے دو رکعت نماز نفل اﷲتعالیٰ کے لئے منہ میرا طرف کعبہ 
شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)پھر وتر کی نیت کس طرح کی جائے؟
جواب)نیت کی میں نے تین رکعت نماز واجب وتر کی، اﷲ تعالیٰ کے لیے منہ میرا 
طرف کعبہ شریف کے اﷲ اکبر۔
سوال)پھر دو رکعت نفل کی نیت کس طرح کرے؟
جواب)نیت کی میں نے دو رکعت نماز نفل اﷲتعالیٰ کے لئے منہ میرا طرف کعبہ 
شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)اگر نیت کے الفاظ بھول کر کچھ کے کچھ زبان سے نکل گئے تو نماز ہوگی یا نہیں؟
جواب)نیت دل کے پکے ارادے کو کہتے ہیں یعنی نیت میں زبان کا اعتبار نہیں تو اگر 
دل میں مثلاً ظہر کا پکا ارادہ کیا اور زبان سے ظہر کی جگہ عصر کا لفظ نکل گیا۔ تو ظہر 
کی نماز ہو جائے گی۔
سوال)قضا نماز کی نیت کس طرح کرنی چاہے؟
جواب)جس روز اور جس وقت کی نماز قضا ہو اس روز اور اس وقت کی نیت قضا 
ضروری ہے مثلاً اگر جمعہ کے روز فجر کی نماز قضا ہو گئی تو اس طرح نیت 
کرے کہ نیت کی میں نے دو رکعت نماز قضا جمعہ کے روز کی فرض فجر کی 
اﷲتعالیٰ کے لئے’ منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
سوال)اگرکئی سال کی نمازیں قضا ہوں تو نیت کیسے کرے؟
جواب)ایسی صورت میں جو نماز مثلاً ظہر کی قضا پڑھنی ہے تو اس طرح نیت کرے کہ
نیت کی میں نے چار رکعت نماز قضا جو میرے ذمہ باقی ہے ان میں سے پہلے 
فرض ظہر کی’ اﷲتعالیٰ کے لئے منہ میرا طرف کعبہ شریف کے اﷲاکبر۔
اسی طریقہ پر دوسری قضانمازوں کی نیتوں کو قیاس کر لینا چاہے۔
سوال)پانچ وقت کی نمازوں میں کل کتنی رکعت قضا پڑھی جائے گی؟
جواب)بیس رکعت’ دو رکعت فجر’ چار رکعت ظہر’ چار رکعت عصر’ تین رکعت مغرب’ 
چار رکعت عشاء’ تین رکعت وتر’ خلاصہ یہ ہے کہ فرض اور وتر کی قضا ہے’ 
سنتوں اور نفلوں کی قضا نہیں ہے۔
Exit mobile version