مرغی زندہ کر دی:
ایک بی بی سرکاربغداد رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں اپنابیٹا چھوڑ گئیں کہ” اس کا دل حضور سے گرویدہ ہے اللہ عزوجل اوراس کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے لئے اس کی تربیت فرمائیں۔” آپ نے ا سے قبول فرما کر مجاہدے پر لگا دیا اور ایک روز ان کی ماں آئیں دیکھا لڑکا بھوک اور شب بیداری سے بہت کمزور اور زرد رنگ ہوگیا ہے اور اسے جو کی روٹی کھاتے دیکھا جب بارگاہ اقدس میں حاضر ہوئیں تودیکھاکہ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے سامنے ایک برتن میں مرغی کی ہڈیاں رکھی ہیں جسے حضوررحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے تناول فرمایاتھا، عرض کی :”اے میرے مولیٰ !حضور تو مرغی کھائیں اور میرا بچہ جو کی روٹی۔” یہ سن کر حضور پرنوررحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اپنا دست اقدس ان ہڈیوں پر رکھا اور فرمایا:
” قُوْمِیْ بِاِذْنِ اللہِ الَّذِیْ یُحْیِی الْعِظَامَ وَ ھِیَ رَمِیْم”
یعنی جي اُٹھ اس اللہ عزوجل کے حکم سے جو بوسیدہ ہڈیوں کو زندہ فرمائے گا۔ یہ فرمانا تھا کہ مرغی فورا ًزندہ صحیح سالم کھڑی ہو کر آواز کرنے لگی، حضور اقدس رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا: ”جب تیرا بیٹا اس درجہ تک پہنچ جائے گاتو جو چاہے کھائے۔”( بہجۃالاسرار،ذکرفصول من کلامہ۔۔۔۔۔۔الخ،ص۱۲۸)